ہزاروں کروڑ کے غیرقانونی کاروبار کو بی جے پی حکومت کی سرپرستی
لکھنؤ19 دسمبر(یواین آئی) کوڈین کف سیرپ معاملے میں سماجوادی پارٹی سے وابستہ لوگوں کے ملوث ہونے کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ جب خود پھنس جاؤ تو دوسرے پر الزام لگاؤ، یہ کھیل بہت پرانا ہے ۔ اکھلیش نے کہا کہ ریاست سے لے کر ملک کی دیگر ریاستوں تک پھیلے ہزاروں کروڑ کے اس غیر قانونی کاروبار کو بی جے پی حکومت کی سرپرستی حاصل ہے ۔ بی جے پی حکومت میں اسی طرح کے کئی اور غیر قانونی کاروبارچل رہے ہیں۔ ہر ضلع میں لینڈ مافیاسرکاری اور غریبوں کی زمینوں پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں بدعنوانی اور لوٹ مار عروج پر ہے ۔ ہر محکمے اور ہر کام میں کرپشن ہے ۔ یہ حکومت غریبوں اور بچوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہی ہے ۔ نقلی کف سیرپ کے کاروباریوں پر حکومت کا بلڈوزر خاموش ہے ۔ وارانسی سے شروع ہو کر یہ غیر قانونی کاروبار ضلع بہ ضلع ہوتے ہوئے دیگر ریاستوں اور بیرون ملک تک پہنچ گیا۔ یادو نے کہا کہ غیر قانونی اور زہریلے کف سیرپ معاملے کی جانچ کرنے والی ایس ٹی ایف بھی غیر قانونی کاروباریوں سے ملی ہوئی ہے ۔
پھگواڑہ میں نتیش کمار کا پتلا نذر آتش
پھگواڑہ، 19دسمبر (یو این آئی) قومی اقلیتی ریزرویشن فرنٹ، پنجاب یونٹ کے کنوینر سرور غلام صبا کی قیادت میں مسلم برادری کے اراکین نے جمعہ کے روز پھگواڑہ میں ڈاکٹر نصرت پروین کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی کے خلاف بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کا پتلا نذر آتش کیا اور احتجاجی مارچ نکالے ۔ احتجاجی مارچ گؤشالہ بازار کی جامع مسجد سے شروع ہوا اور ضلع کپورتھلا کے پھگواڑہ تحصیل کے گول چوک تک پہنچا۔ شرکاء نے بہار حکومت اور بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگائے ، اپنا احتجاج درج کرایا۔
