ممبئی 27 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے این سی پی سربراہ شرد پوار کو مطلع کیا ہے کہ انہیں منی لانڈرنگ مقدمہ میں ای ڈی کے سامنے آج پیش ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور جب ضرورت ہوگی انہیں طلب کیا جائیگا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ ای ڈی نے بتایا کہ انہیں پوار نے مطلع کیا تھا کہ وہ جمعہ کو ممبئی میں ای ڈی آفس میں پیش ہونگے ۔ ذرائع نے کہا کہ ایجنسی نے پوار کو جواب دیا ہے کہ وہ تحقیقات میں جو تعاون کر رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے ۔ تاہم انہیں جمعہ کو ای ڈی آنے کی ضرورت نہیں ہے اور جب کبھی ضرورت ہوگی انہیں طلب کرلیا جائیگا ۔ ایجنسی نے کہا کہ کسی مقدمہ میں ماخوذ شخص سے پوچھ تاچھ کرنے کا فیصلہ ایجنسی کے تحقیقاتی عہدیدار کا اختیار تمیزی ہے ہے اور اس طرح کے فیصلے اس وقت کئے جاتے ہیں جب یہ ضروری ہوجائیں۔ واضح رہے کہ پوار نے آج ایجنسی کے روبروپیش ہونے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ممبئی میں ای ڈی آفس کے باہر امتناعی احکام نافذ کردئے گئے تھے اور سخت سکیوریٹی انتظامات بھی کردئے گئے تھے ۔