جب ممبر پارلیمنٹ بولیں تو کسی کے مذہبی جذبات مجروح نہ ہوں: اوم برلا

   

نئی دہلی: ملک میں آزادی کا امرت مہوتسو منایا جارہا ہے ۔ اس درمیان ملک کا نیا پارلیمنٹ ہاوس بھی لگ بھگ تیار ہے اور امید ہے کہ اس مرتبہ کا سرمائی اجلاس پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں ہی ہو ۔ اس سے پہلے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کئی اہم باتیں کہیں ۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ آج پارلیمنٹ میں ڈسپلن کم ہوئی ہے ، لیکن ممبران پارلیمنٹ کو اس بات کا دھیان رکھنا چاہئے کہ جب وہ بولیں تو کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس نہ پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا آئین ہر کسی کیلئے برابر ہے ۔لوک سبھا اسپیکر کے طور پر اپنے تین سال مکمل کرنے والے اوم برلا نے کہا کہ آئین کے سامنے سبھی مذاہب برابر ہیں اور ممبران پارلیمنٹ کو کسی بھی مذہب کے خلاف اشتعال انگیز بیان نہیں دینا چاہئے ۔ اوم برلا نے کہا کہ ہر ممبر پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ میں اپنے وقار کو برقرار رکھنا چاہئے، جس سے پارلیمنٹ کا وقار بھی برقرار رہے ۔ اوم برلا نے کہا کہ ممبران پارلیمنٹ کو اس بات کا پورا خیال رکھنا چاہئے کہ ان کے بیان سے کسی کے مذہبی جذبات مجروح نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سبھی کو پوری ایمانداری سے اس روایت پر عمل کرنا چاہئے ۔ ہمارا آئین سبھی کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کا حق دیتا ہے ۔