نئی دہلی۔15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ کے میدان پر ہندوستان اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان جتنی سخت رقابت دیکھنے کو ملتی ہے، اسٹیڈیم کے باہر دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں کے درمیان اتنی ہی دوستی بھی۔ میدان پر رقابت و مخالفت کے قصے تو اکثرسننے کو ملتے رہتے ہیں لیکن پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد نے دونوں ٹیموں کا ایک ایسا قصہ بیان کیا ہے ۔ دراصل، یہ واقعہ پاکستانی ٹیم کے دورہ ہندوستان کا ہے جب عمران خان کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم نے جم کر ہولی کھیلی تھی۔ جاوید میانداد نے اپنے یوٹیوب چینل پر اس قصے کو یاد کرتے ہوئے بتایا۔ تب اس دورے پر بنگلور ٹسٹ کے دوران دونوں ٹیمیں ایک ہی ہوٹل میں ٹھہری ہوئی تھیں۔ تب کھلاڑیوں کے پاس زیادہ کچھ کرنے کو نہیں تھا۔ شام کو سبھی ایک ساتھ وقت گزارتے تھے۔ میانداد نے کہا کہ وہ ہولی کے آس پاس کا وقت تھا۔ لوگوں نے ہوٹل میں ہولی کھیلنا شروع کر دیا۔ مجھے یاد ہیکہ عمران خان کے کمرے میں کوئی ایک دوسرے پر رنگ انڈیل رہا تھا۔ ہم نے ہندوستانی کھلاڑیوں کو بھی نہیں چھوڑا اور ظاہر سی بات ہے انہیں بھی اس سے کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔ جاوید میانداد نے ساتھ ہی کہا کہ اس دوران جب سبھی ہولی کھیل رہے تھے، روی شاستری چھپنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ہم سبھی ان کے کمرے میں داخل ہوئے، انہیں اٹھایا اور ہوٹل کے سویمنگ پول میں پھینک دیا۔ ہم سبھی نے اس لمحہ کا بھرپور لطف اٹھایا۔
پی ایس ایل پلے آف سے کھیلا جائے :عاقب
لاہور۔15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سوپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کوئی ورلڈکپ نہیں ہے جو4 برس بعد ہوتا ہو، میری ذاتی رائے میں ستمبر اکتوبر نومبر کے درمیان ضرور کوئی ایسی ونڈو نکل رہی ہے جب پی ایس ایل کے پلے آف میچ ہو سکتے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیمی فائنل اور فائنل نہیں بلکہ میچز پلے آف سے ہی شروع ہونے چاہیں۔ سابق ٹسٹ فاسٹ بولر نے کہا کہ کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم ہونے سے 2 ہزار سے زائد خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ لاہور قلندرز کے پلیٹ فارم سے مستحق کرکٹرز کی مدد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔