جتنی بے رحمی سے مجھے پیٹا گیا ‘ جانوروں کو بھی نہیں پیٹا جاتا

   

فاریسٹ رینج آفیسر سی انیتا کا بیان ۔ حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے اصرار

حیدرآباد ۔ یکم جولائی(سیاست نیوز) تلنگانہ فاریسٹ آفیسر سی انیتا نے کل ٹی آر ایس رکن اسمبلی کونیرو کونپا کے بھائی کونیرو کرشنا کی جانب سے حملہ کا نشانہ بنائے جانے کے بعد آج کہا کہ جانوروں تک کو اس قدر بے رحمی سے نہیں پیٹا جاتا جس طرح انہیں نشانہ بنایا گیا تھا ۔ 34 سالہ سی انیتا فاریسٹ رینج آفیسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی کونپا کے بھائی کرشنا کی قیادت میں ایک ہجوم نے انہیں اور دوسرے فاریسٹ عملہ کو بھی نہیں بخشا حالانکہ انہوں نے ان سے منتیں کی تھیں۔ انیتا نے دواخانہ میں میڈیا سے بات کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں حکومت سے اپنی سکیوریٹی چاہتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ اس طرح کے واقعات کے تدارک کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کرشنا اس مقام پر آیا تھا اور اس نے پولیس کو پیچھے ڈھکیل دیا اور ہمیں نشانہ بنایا ۔ اس نے پہلے مجھے نشانہ بنایا اور مجھے مارنے کے بعد گاوں والوں نے ہمارے عہدیداروں کو پیٹنا شروع کردیا ۔ میں زخمی ہوگئی تھی اور ہمارے لوگ مجھے وہاں سے اٹھا لائے ۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آور اس بات کی بھی پرواہ نہیں کر رہے تھے کہ وہ خواتین ہیں۔ ہماری منتوں کے باوجود انہوں نے ہمیں پیٹا ۔ جانوروں تک کو اتنی بے رحمی سے نہیں پیٹا جاتا ۔ کونیرو کرشنا راو ‘ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی کونیرو کونپا کے بھائی ہیں۔ وہ حال ہی میں کاغذ نگر منڈل کے زیڈ پی ٹی سی منتخب ہوئے تھے ۔ انہیں حال ہی میں نائب صدر نشین بھی منتخب کرلیا گیا تھا ۔ انیتا اپنے اسٹاف اور پولیس کے ساتھ وہاں شجر کاری کیلئے گئی تھیں ۔ محکمہ جنگلات کو یہ اراضی معاوضہ میں ملی تھی اور کچھ علاقہ میں کالیشورم پراجیکٹ کی وجہ سے درختوں کو صاف کیا گیا تھا جس کی وجہ سے وہاں درخت لگائے جا رہے تھے ۔ جو ویڈیو کل منظر عام پر آیا تھا اس میں دکھایا گیا کہ انیتا ایک ٹریکٹر پر چڑھ گئی تھیں تاکہ حملہ سے بچ سکیں اور کرشنا اور دوسرے گاوں والوں نے اس گاڑی پر بھی حملہ کردیا تھا ۔ وہ حملہ آوروں کی منت کرتی بھی دکھائی دے رہی تھیں لیکن حملہ آوروں نے انہیں نہیں بخشا ۔وہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد دواخانہ میں زیر علاج ہیں۔