نئی دہلی: متنازع بیانات کی وجہ سے اکثر سرخیوں میں رہنے والے جتیندر نارائن سنگھ تیاگی عرف وسیم رضوی نے خودکشی کی بات کہی ہے۔ سپریم کورٹ سے ملنے والی پھٹکار کے بعد وہ دوبارہ جیل جانے والے ہیں لیکن اس سے پہلے جتیندر تیاگی نے کہا کہ کافی غور و فکر کے بعد سناتن دھرم میں آئے لیکن یہاں بھی انہیں پیار و محبت نہیں ملی۔ جس کی وجہ سے وہ ڈپریشن میں ہے۔انہوں نے افسوس کے ساتھ کہا کہ 14 سو سال کے بعد میں نے گھر واپسی کی اور سناتن دھرم کو قبول کیا۔ میں پہلے ہی سناتن دھرم سے متاثر تھا لیکن میرے ساتھ ایسا رویہ اختیار کیا گیا جیسے کوئی بہت پرانا رشتہ دار گھر واپس آیا ہو۔ مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں وہ پیار ملا جو ہمیں گھر میں ملنا چاہیے تھا۔ تیاگی نے کہا کہ آج میں بہت کھل کر بات کر رہا ہوں کیونکہ میں بہت ڈپریشن میں ہوں اور اب میری زندگی میں کچھ بھی ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے دشمنوں کے ہاتھوں مرنے سے پہلے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنا چاہتا ہوں۔ میں سناتن دھرم میں ہوں اور مرتے دم تک سناتن میں رہوں گا۔