جدہ انڈین کمیونٹی کی جانب سے سفیر ہند ڈاکٹر اوصاف سعید کا جوش و خروش سے خیر مقدم

   

عارف قریشی
عزت مآب سفیر ہند ڈاکٹر اوصاف سعید کا جدہ کی انڈین کمیونٹی کی جانب سے قونصل جنرل ہند عزت مآب محمد نور رحمان شیخ نے جدہ کی انڈین کمیونٹی کی جانب سے شال پوشی کی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور اپنی خیرمقدمی تقریر میں کہا کہ سفیر ہند ڈاکٹر اوصاف سعید انڈین قونصلیٹ جنرل آفس جدہ میں قونصل حج اور قونصل جنرل کی حیثیت سے بہترین خدمات انجام دے چکے ہیں جس کی نظیر نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ دو مہینے قبل جب یہ اطلاع ملی تھی کہ ڈاکٹر اوصاف سعید سفیر ہند کی حیثیت سے سعودی عرب آرہے ہیں ، تب سے ہر روز مجھے کئی فون آتے رہے اور ہر کوئی یہی دریافت کر رہا تھا کہ ڈاکٹر اوصاف سعید ریاض کب آرہے ہیں، اس سے پہلے معلوم ہوا کہ ڈاکٹر اوصاف سعید صاحب کے تعلقات جدہ کی انڈین کمیونٹی سے کافی گہرے ہیں، قونصل جنرل نے مزید کہا کہ ڈاکٹر اوصاف سعید صاحب ایک تجربہ کار ڈپلومیٹ ہیں۔ ان کے ساتھ کام کرنا میرے لئے اعزاز سے کم نہیں ہے ۔
سفیر ہند برائے سعودی عرب عزت مآب ڈاکٹر اوصاف سعید نے اپنی تقریر میں جدہ کی انڈین کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے آج میرے لئے شاندار خیرمقدمی تقریب منعقد کی اور انہوں نے ہندوستانیوں کو عید سعید کی مبارکباد پیش کی ۔ سفیر ہند ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ جدہ میرے دل کے قریب ہے اورجدہ والوں سے محبت کرنا میرا اولین فرض ہے کیونکہ میں نے جدہ کمیونٹی کے ساتھ کافی وقت گزارا ہے اور یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ہر انسان ایک دوسرے سے محبت کرتا ہے کیونکہ جذبہ انسانی و خدمت خلق کے ذریعہ دنیا میں امن و امان قائم ہے ۔ سفیر ہند نے کہا کہ مجھے دنیا کے بڑے بڑے ملکوں میں ڈپلومیٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کا موقع حاصل ہوا ہے مگر سعودی عرب میں انڈین کمیونٹی کی خدمت کرنے کا مزہ ہی کچھ اور ہے ۔ سفیر ہند ڈاکٹر اوصاف سعید نے مزید کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے تعلقات زمانے قدیم سے ہیں۔ ہمارے وزیراعظم نریندر مودی سعودی عرب کا دورہ کرنے والے چوتھے ہندوستانی وزیراعظم ہیں، ان سے پہلے ڈاکٹر منموہن سنگھ نے 2010 ء ، اندرا گاندھی نے 1982 اور جواہر لال نہرو نے 1956 ء میں دورہ کرچکے ہیں۔
سفیرہند کہا کہ سعودی ولیعہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزاد محمد بن سلمان نے 19 فروری 2019 ء کو ہندوستان کا سرکاری دورہ کیا تھا ، اس دورہ سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی لین دین ، سرمایہ کاری ، سیاحت ، رہائش ، ثقافت سے متعلق تعاون کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے تھے اور ہندوستان کی 4 چار بڑی کمپنیوں کو سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے اجازت نامہ جاری کئے گئے تھے ، اس وقت سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ سعودی عرب آئندہ دو برس کے دوران ہندوستان میں 100 ارب ڈالر سے زیادہ سرمایہ لگانے کا ارادہ رکھتا ہے اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یہ بھی کہا تھا کہ ہندوستان کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات صدیوں پرانے ہیں ۔ سفیر ہند ڈاکٹر اوصاف سعید نے اپنی تقریر میں مزید کہا کہ سعودی عرب میں ہندوستان کا چوتھا بڑا تجارتی شریک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی لین دین کا حجم (94) ارب ریال سے بھی زیادہ ہوچکا ہے۔
سفیر ہند برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید نے انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کے بارے میں کہا کہ پردیس میں ہمارے بچوں کیلئے اسکول ایک نعمت سے کم نہیں ہے ، ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے بچوں کی زیور تعلیم سے آراستہ کریں۔ یہی بچے ہمارے ملک و قوم کے روشن چراغ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکول کی MC کمیٹی اور ہمارے انڈین قونصلیٹ جنرل آفس جدہ کے آفیسرس بلا کسی امتیاز ، بلا کسی مذہب و ملت و شہر و گاؤں اور بغیر کسی سیاسی دباؤ کے ہندوستانیوں کی خدمت کرتے ہیں۔ اگر کسی کو ایسا لگے کہ ان کے ساتھ انصاف نہیں ہورہا ہے تو وہ قونصل جنرل سے یا مجھ سے ڈائرکٹ ربط پیدا کرسکتے ہیں ۔ ہمارے دروازے ہر ہندوستانی کیلئے ہروقت کھلے ہیں۔ سفیر ہند ڈاکٹر اوصاف سعید نے جدہ کی انڈین کمیونٹی سے گزارش کی کہ وہ انڈین اسکول کو MISUSE نہ کریں بلکہ اسکول کو زیادہ سے زیادہ مضبوط بنانے کی کوشش کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی ہندوستانی اپنے شہر یا اپنے اسٹیٹ کی زبان کا کلچر پیش کرنا چاہتا ہے تو ہم سے ربط پیدا کریں ، ہم ان کی مدد کریں گے۔
سفیر ہند ڈاکٹر اوصاف سعید نے حج 2019 ء کے متعلق کہا کہ 4 جولائی سے انشاء اللہ ہندوستانی حجاج کرام کی پروازوں کا آغاز ہوگا ۔ ہم پوری طرح سے حجاج کرام کا خیرمقدم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اس سال دو لاکھ عازمین حج مقدس سرزمین پر حج کی سعادت حاصل کرنے آئیں گے ۔ انشاء اللہ ہم ہندوستانی حجاج کرام کو ہر طرح سے آرام و سکون فراہم کریں گے ۔
ڈاکٹر اوصاف سعید سفیر ہند نے مزید کہا کہ میں دل کی گہرائیوں سے خادم الحرمین شریفین شاہ سلطان بن عبدالعزیز اور ان کی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے لاکھوں فرزندان توحید کیلئے رہائش ، کھانے پینے اور طبی خدمات کی فراہمی کے علاوہ ٹرانسپورٹیشن کے انتظامات بہترین انداز میں کئے ہیں۔ دانش عبدالغفور نے شاندار انداز میں نظامت کے فرائض انجام دیے اور شکریہ ادا کیا۔