جدہ، 30 مئی (یو این آئی) سعودی عرب میں جدہ ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے مملکت آنے والے مسافروں کو تنبیہ کی ہے کہ مختلف نوعیت کی ممنوعہ اشیا اپنے ہمراہ نہ لائیں تاکہ کسی مشکل صورتحال سے دوچار نہ ہونا پڑے ۔جدہ ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے ممنوعہ اشیا کی فہرست جاری کی گئی ہے جن کی پابندی کرنا تمام مسافروں کیلئے بے حد ضروری ہے ۔جاری کی جانے والی ممنوعہ اشیا میں سرفہرست ہر قسم کی منشیات جن میں الحکول والے مشروبات بھی شامل ہیں۔ بجلی کا جھٹکا لگانے والی اشیا جن سے کرنٹ لگنے کا اندیشہ ہو۔ایسے قلم اور نگاہ یا دھوپ میں استعمال ہونے والے چشمے جن میں حساس کیمرے لگے ہوں جنہیں غیرقانونی اور جاسوسی کے مقاصد کیلیے استعمال کیا جاتا ہے ۔ممنوعہ پوکر گیم جو جوئے وغیرہ میں استعمال ہوتا ہے ۔ الیکٹرانک پائپ جس میں نشہ آورممنوعہ مواد اور مضر صحت خوشبو شامل ہو۔ دیگر ممنوعہ اشیا میں قیمتی دھاتیں اور خام سونا، غیراخلاقی سامان و اشیا مملکت میں لانا قطعی طورپر منع ہے ۔دوسری جانب سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور کی جانب سے عازمینِ حج کے استفسارات کا جواب دینے اور انھیں مذہبی رہنمائی فراہم کرنے کیلئے مفت ہیلپ لائن کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور کی جانب سے قائم کی گئی اس ٹول فری ہیلپ لائن کا نمبر (800 2451000) ہے اور یہ سروس، عازمینِ حج کیلئے ہفتے کے ساتوں دن اور 24 گھنٹے فعال رہے گی۔ یہ سرویس دس زبانوں میں رہنمائی فراہم کرے گی جن میں عربی، اردو، انگریزی، فرانسیسی، ترکی، بنگلہ، ہاؤسا، انڈونیشائی، امراہک (حبشہ کی زبان) اور ہندی زبان شامل ہیں۔