جدہ ۔ /29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں تیز رفتار ٹرین الحرمین کے اسٹیشن پر آج آگ بھڑک اٹھی ۔ محکمہ شہری دفاع کا عملہ اس آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہے ۔ اس واقعہ میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ 4 افراد کو دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ مابقی افراد کو ابتدائی طبی امداد دی گئی ۔ جدہ محکمہ صحت میں ہنگامی شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر سامر اسریٰ نے بتایا کہ جدہ کے تمام دواخانوں میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ ریلوے اسٹیشن پر محکمہ صحت کی 8 ٹیمیں طبی امداد کیلئے موجود ہیں ۔ ان کے علاوہ ہلال احمر کی ٹیمیں بھی کام کررہی ہیں ۔ جدہ ریلوے اسٹیشن میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مکہ کے گورنر کے دفتر نے ٹویٹ کیا ہے کہ اسٹیشن کی چھت میں آگ لگی ہے ۔ آگ کو بجھانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ جدہ کمشنر شہزادہ مشعل بن ماجد کی نگرانی میں آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ آتشزدگی کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ۔ تاہم حرمین ریلوے انتظامیہ نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان تمام ٹرین سرویس کو معطل کردیا گیا ہے ۔ تاہم حکم ثانی حرمین ریلوے کے تمام ٹرینیں منسوخ کی جارہی ہیں ۔ یہ آگ آج دوپہر 12.35 پر لگی ۔ سعودی فورسیس کے ہیلی کاپٹرس بھی آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہے تھے ۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گزشتہ سال ستمبر میں ہی الحرمین تیز رفتار ٹرین کا افتتاح کیا تھا ۔
