جدہ میں خواتین کے لئے علیحدہ ساحل کا منصوبہ

   

ریاض ۔ سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں خواتین کے لیے علیحدہ ساحل کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ میئر جدہ صالح الترکی نے خواتین کیلئے ساحل کی تیاری کے لیے سی فرنٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق جدہ سی فرنٹ منصوبہ سعودی وژن 2030 کا اہم حصہ ہے۔ اس کے تحت سعودی شہروںکو نیا انداز دیا جا رہا ہے۔ معیار زندگی بہتر بنانے والے پروگرام نافذ کیے جا رہے ہیں۔ سبزہ زاروں اور تفریحی مقامات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔ جسمانی ورزش کے امکانات بڑھائے جا رہے ہیں۔ جدہ سی فرنٹ منصوبہ متعدد پروگراموں پر مشتمل ہے۔ مکمل ہونے پر جدہ کے سعودی شہری اور مقیم غیرملکی راحت محسوس کریں گے۔ پروگرام کے مطابق جزیرہ النورس کو سی فرنٹ سے جوڑ دیا جائے گا۔ جزیرہ النورس میں 25 کلو میٹر طویل واکنگ ٹریک بنایا جائے گا۔ یہ 25 میٹر چوڑا ہوگا اور 2 ہزار میٹر سے زیادہ طویل اوردو رویہ ہوگا۔ واکنگ ٹریک پرکئی ریستوران، قہوہ خانے اور تفریحی مراکز کھولے جائیں گے۔ سینما گھر قائم کیا جائے گا اور بوٹس اسٹیشن ہوگا۔ خواتین کے لیے خاص ساحل ہوگا۔ ہیلتھ کلب اور گیمز زون بنایا جائے گا۔ معاشرے کے مختلف طبقوں اور مختلف عمر کے لوگوں کے لیے تفریح کا بھی بندوبست کیا جائے گا۔