جدہ میں رہائشی عمارت منہدم، کئی لوگوں کو بچا لیا گیا

   

جدہ: سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک کثیر منزلہ رہائشی عمارت کے گرنے کے واقعہ کے بعد اس میں موجود متعدد افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے۔ جدہ میں 11 سکیورٹی اور سرویس ایجنسیوں نے پانچ افراد کواس وقت بچا لیا جب ایک کثیر منزلہ عمارت کے کچھ حصے زمین بوس ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد رہائشی عمارت میں پانچ منزلوں پر موجود 13 اپارٹمنٹس کو نقصان پہنچا۔ یہ واقعہ وسطی جدہ میں الفیصلیہ محلے سے پیش آیا۔ عمارت میں موجود دیگر افراد کو نکالنے کا عمل جاری ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق عمارت کے ’’بیسمنٹ‘‘ کے اندر دیکھ بھال کا کام عمارت کے گرنے کا سبب بنا۔ ذرائع نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ ملبے تلے بچوں سمیت لوگوں کی آوازیں سنی گئیں۔ جدہ کے جنرل ڈاریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق الفیصلیہ محلے میں ایک عمارت اچانک گر گئی تاہم ملبے تلے دبے متعدد افراد کو بچا لیا گیا۔یہ محلہ کرایہ پر رہنے والے لوگوں کی رہائشی عمارتوں کی ایک بڑی تعداد سے بھرا ہوا ہے۔ اس کی آبادی میں متعدد غیر ملکی اور سعودی شہریوں کی بڑی تعداد رہائش پذیر ہے ، جبکہ محلے کو جدہ گورنری کے نیم عوامی محلوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔