جدہ میں ’میڈ ان پاکستان‘ نمائش، سعودی عرب کے ساتھ تجارتی تعلقات کے نئے دور کا آغاز

   

جدہ : جدہ کے انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ ایونٹس سینٹر میں پاکستان کی پہلی سنگل کنٹری ایگزبیشن ’میڈ اِن پاکستان‘ اور بزنس فورم کا انعقاد ہوا جو تین دن تک جاری رہے گا۔سعودی عرب کے نائب وزیر برائے سرمایہ کاری ابراہیم المبارک، پاکستان کے وزیر تجارت کمال خان، سعودی جنرل فارن ٹریڈ اتھارٹی کے ڈپٹی گورنرعبدالعزیز السکران، فیڈریشن آف سعودی چیمبرز کے صدر حسن معجب الحویزی اور سفیر پاکستان احمد فاروق نے بدھ کو الیکڑانک بٹن دبا کر ایگزیبیشن کا افتتاح کیا۔تقریب میں سعودی کاروباری افراد، کمپنیوں کے نمائندے، میڈیا اور دیگر شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔افتتاحی تقریب کے بعد مہمان خصوصی سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری ابراہیم المبارک نے نمائش میں لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا اور خصوصاً پاکستان کی سپورٹس اور ٹیکسٹائل مصنوعات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔نمائش میں تقریباً چھ شعبوں سے منسلک 137 پاکستانی کمپنیاں اور ادارے شرکت کر رہے ہیں۔ان شعبوں میں سپورٹس اینڈ ویئر، ٹیکسٹائل اینڈ گارمنٹس، ایونٹ اینڈ ہاسپٹیلٹی منیجمنٹ، فوڈ اینڈ ایگریکلچرل اور انجینیئرنگ اینڈ مینو فیکچرنگ شامل ہیں۔قبل ازیں تقریب کے افتتاحی خطاب میں پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق نے کہا کہ ’نمائش میں سب کا خیر مقدم کرنا میرے لیے اعزاز کی بات کی بات ہے۔‘