جدہ میں پاکستانی قونصل خانہ کا نیا دفتر، مضبوط تعلقات کی عکاسی

   

جدہ ، 12 جنوری (ایجنسیز) سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ کے مکہ مکرمہ برانچ کے ڈائریکٹر جنرل فرید بن سعد الشہری نے جدہ میں پاکستانی قونصل خانے کے نئے دفترکی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈاربھی موجود تھے۔ تقریب میں مملکتِ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی سمیت متعدد اعلیٰ حکام اور سفارت کاروں نے شرکت کی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق نئے قونصل خانے کا افتتاح سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی گہرائی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ اقدام سفارتی مشنزکو شہریوں اور مقیم افراد کو بہتر خدمات فراہم کرنے میں سہولت دینے کے ساتھ ساتھ ممالک کے درمیان شراکت داری اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے مملکتِ سعودی عرب کی حمایت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔