جدہ کے نئے قونصل جنرل محمد شاہد عالم کا سیاست نیوز کو خصوصی انٹرویو

   

انڈین کمیونٹی کیلئے 24 گھنٹے ایمرجنسی ہیلپ لائن ،قونصل جنرل کا بیان

عارف قریشی
سابق قونصل حج محمد شاہد عالم نے قونصل جنرل جدہ کی حیثیت سے اپنے نئے عہدہ کا چارج حاصل کیا۔ 6 اپریل کو انہوں نے عارف قریشی سیاست نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ انڈین کمیونٹی کی خدمت کیلئے حاضر ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’میرا اولین فرض ہے کہ میں انڈین کمیونٹی کے خوشی اور غم میں شامل رہوں‘‘۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ہمارے انڈین قونصلیٹ جنرل آفس جدہ میں انڈین کمیونٹی ویلفیر ڈپارٹمنٹ ہے جو انڈین کمیونٹی کے ہر مشکل وقت میں ہندوستانیوں کے ساتھ رہتا ہے۔
س : آپ قونصل جنرل کی حیثیت سے قونصلیٹ کی سرویس میں مزید بہتری کیلئے کیا کرنا چاہتے ہیں۔
ج : میں نے جیسے ہی قونصل جنرل کا چارج لیا۔ پہلا کام یہ کیا کہ ہمارے قونصلیٹ میں جو بھی Visitors آتے ہیںچاہے وہ سعودی ہو یا انڈین وہ ہمارے لئے VIPs ہیں۔ ہم ان کا استقبال چائے، کافی، پانی سے کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں قونصل جنرل نے کہا کہ میں نے انڈین کمیونٹی کیلئے قونصلیٹ کی ساری خدمات ٹیکنالوجی کے ذریعہ فراہم کرنے کی شروعات کردی ہے۔ اس سرویس سے انڈین کمیونٹی کا وقت بھی ضائع نہیں ہوگا اور ان کا کام بھی ہوجائے گا۔ انڈین قونصلیٹ میں کسی کا بھی Death Certificate حاصل کرنے کیلئے لوگوں کو پہلے کلرک کے پاس جانا پڑتا تھا۔ کلرک File بناکر وائس قونصل کے پاس بھیجتا تھا۔ وہاں وائس قونصلر دستخط کرکے فائیل کو دوبارہ کلرک کے پاس بھیجتے تھے۔ کلرک اس پر دستخط کرکے ڈیتھ سرٹیفکیٹ دیا کرتے تھے مگر اب میں نے یہ سب کچھ آن لائن کردیا ہے۔ کلرک کو وائس قونصلر کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ اپنی جگہ سے ہی پوری کارروائی کرکے 5 یا 10 منٹ میں ڈیتھ سرٹیفکیٹ دے دے گا۔
قونصل جنرل محمد شاہد عالم نے مزید بتایا کہ بعض ہندوستانی ہم کو فون کرتے ہیں کہ ہم پریشان ہیں، ہم قونصلیٹ کو آنا چاہتے ہیں مگر ہم کو قونصلیٹ نہیں معلوم۔ اس طرح کے فون کا ہم ٹیکنالوجی کے ذریعہ فون کرنے والے کا پتہ معلوم کرتے ہیں۔ ہم کو معلوم ہوجاتا ہے کہ وہ کہاں سے بات کررہے ہیں اور ہماری ٹیم وہاں پہنچ جاتی اور اس انڈین کی ہر طرح سے مدد کرتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں قونصل جنرل نے بتایا کہ انڈین قونصلیٹ جنرل آفس جدہ کی ایمرجنسی ہیلپ لائن انڈین کمیونٹی کیلئے 24 گھنٹے دستیاب ہے۔ انڈین کمیونٹی جب چاہے ہم کو فون کرسکتی ہے۔ ٹول فری نمبر 8002440003 ، مزید انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں VFS آفس قائم کیا گیا ہے، کسی بھی انڈین کو اپنا پاسپورٹ رینیول کروانے کیلئے جدہ قونصلیٹ کو آنے کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ مکہ مکرمہ میں ہمارے VFS آفس میں اپنے پاسپورٹ رینیول کرواسکتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں قونصل جنرل نے کہا کہ وندے بھارت مشن کے تحت سعودی عرب سے فلائیٹس انڈیا کو جارہی ہیں۔ مگر انڈیا سے سعودی عرب واپس آنے کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں ہوا۔ قونصل جنرل نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے وباء کے دوران ہمارے وزیر خارجہ اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ کی فون پر بات چیت ہوتی رہی ہے اور وزیراعظم ہندوستان نریندر مودی نے بھی سعودی ولیعہد ، نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے فون پر بات چیت کی ہے۔ قونصل جنرل محمد شاہد عالم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کورونا وائرس کو روکنے کیلئے قابل ستائش خدمات انجام دی ہیں اور ہندوستانیوں کو کورونا ویکسین فری میں فراہم کی۔ ایک سوال کے جواب میں قونصل جنرل نے کہا کہ حکومت سعودی عرب کی جانب سے حج کے متعلق ابھی تک ہمیں کوئی اطلاع نہیں ملی ہے، ہم لوگ سعودی عرب کے حج و عمرہ کی منسٹری سے ربط میں ہیں جیسے ہی ہم کو اطلاع ملے گی ہم اپنا کام شروع کردیں۔
قونصل جنرل نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے یہ تسلیم کیا ہے کہ انڈیا بھی 8 ملکوں میں سے ایک ملک ہے جو ہمارا بزنس پارٹنر ہے۔ قونصل جنرل نے مزید کہا کہ وزیراعظم ہند نریندر مودی کے سعودی عرب کے دورہ کے بعد ہندوستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئی ہے اور ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے معاہدات پر دستخط کئے گئے ہیں جس میں ہیلتھ کیر، ہاسپٹلس کی تعمیر اور طبی آلات کی فراہمی شامل ہے۔
قونصل جنرل نے مزید بتایا کہ ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ہندوستان کا سرکاری دورہ کیا تھا، اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی لین دین، سرمایہ کاری، سیاحت اور ثقافت سے متعلق تعاون کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے تھے۔