جدید نشریاتی پالیسی متعارف کرنے کی تیاری

   

نئی دہلی 17جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) بدلتی ٹیکنالوجی اور نشر و اشاعت کے بدلتے جہتوں کے مد نظر حکومت جدید نشریاتی پالیسی لانے کی تیار ی کررہی ہے ، جس کا خاکہ چھ مہینے میں تیار کر لیا جائے گا۔ اطلاعات اور نشریات کے سیکرٹری امت کھرے نے یو این آئی کو بتایا،‘ہم نشریات کے تمام جہتوں کو شامل کرتے ہوئے ایک مفصل نشریاتی پالیسی بنا رہے ہیں۔ ابھی اس کا مسودہ تیار کیا جا رہا ہے ۔ یہ عمل چھ ماہ میں پورا ہوجائے گا’۔ انہوں نے بتایا کہ مسودہ تیار کرنے میں براڈ کاسٹ انجینیرنگ کنسلٹینٹس انڈیا لمیٹیڈ (بیسل) سے تعاون لیا جارہا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ بیسل ٹی وی چینلوں پر آنے والی خبروں کی بھی نگرانی کرتی ہے لھٰذا اس کا تجربہ اس سلسلے میں کافی معاون ہوگا۔ جدید پالیسی میں انٹرنیٹ اور یوٹیوب چینلوں کے ریگولیشن کو بھی جگہ دی جائے گی۔