طلبہ سے استفادہ کرنے کلکٹر کی خواہش ، ضلع سدی پیٹ میں سرکاری آئی ٹی آئی مراکز کا معائنہ
سدی پیٹ۔ 21 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلعی کلکٹر کے۔ ہیماوتی نے کہا کہ طلبہ و طالبات کو چاہئے کہ وہ سرکاری ایڈوانسڈ ٹکنالوجی مراکز سے بھرپور استفادہ کریں۔جمعرات کے دن کلکٹر نے کْکّنورپلی سرکاری آئی ٹی آئی میں قائم ایڈوانسڈ ٹکنالوجی سنٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے انڈسٹریل روبوٹکس و ڈیجیٹلس، ایڈوانسڈ سی این سی مشین ٹکنالوجی، مکینک الیکٹرانک گاڑی، بیسک ڈیزائنر و ورچوئل ویری فائر، انجینئرنگ ڈیزائن ٹیکنیشین اور مینوفیکچرنگ پروسیس و آٹومیشن پر دی جارہی تربیت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔کلکٹر نے کہا کہ ضلع میں دسویں جماعت مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کو سدّی پیٹ، کْکّنورپلی اور دوباک سرکاری آئی ٹی آئی مراکز کے ذریعہ جدید مشینری پر تربیت فراہم کی جا رہی ہے جس سے سو فیصد روزگار کے مواقع حاصل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آٹو موبائل، بڑے اور چھوٹے گاڑیوں کے آلات کی کارکردگی، پلمبنگ، سی این سی مشینری اور دیگر سائنسی و فنی مہارتوں پر تربیت دی جا رہی ہے تاکہ طلبہ خود روزگاری کے میدان میں بھی آگے بڑھ سکیں۔ کلکٹر نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنے مستقبل کے مقصد کے ساتھ ٹکنالوجی سے استفادہ کریں اور مزید افراد کو بھی ان مراکز میں دستیاب تربیت سے آگاہ کریں۔بعد ازاں کلکٹر نے آئی ٹی آئی احاطہ میں ایک پودا لگایا۔اسی دن رام چندرپور گاؤں میں مستفید بانداری چندرما کی جانب سے تعمیر کئے جا رہے اندرماں مکان کا معائنہ کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ مکان کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرکے داخلہ کر لیں۔اس پروگرام میں تحصیلدار سجاتا، ایم پی ڈی او، آئی ٹی آئی پرنسپل وینکٹ رمنا، انڈسٹریل آفیسر اور دیگر نے شرکت کی۔