ضلع کلکٹر کا مشورہ ، سرکاری میڈیکل کالج کاماریڈی میں تقریب سے خطاب
کاماریڈی۔13 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کاماریڈی کے سرکاری میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کے پہلے سال کے 100 طلبہ کے لیے ’’وائٹ کوٹ تقریب‘‘ اور ’’کیڈیورک اوتھ‘‘ پروگرام نہایت شاندار انداز میں منعقدہ کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر کاماریڈی مسٹر آشیش سنگوان نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے شمع روشن کی اور نئے طلبہ کو ’’وائٹ کوٹ‘‘ پہنایا۔اس موقع پر ضلع کلکٹر آشیش سانگوان نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طب ایک مقدس پیشہ ہے لہٰذا میڈیکل طلبہ کو چاہئے کہ وہ اخلاقی اقدار، نظم و ضبط اور خدمتِ انسانیت کے جذبہ کے ساتھ اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کریں۔ انہوں نے سرکاری میڈیکل کالج کی انتظامیہ کو اس شاندار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔تقریب میں کالج پرنسپل ڈاکٹر بی والیا (ایم ایس)، وائس پرنسپل ڈاکٹر ایس ایم وی کماری، ہیرا مان (اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن)، اساتذہ، عملہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔بعد ازاں کلکٹر آشش سنگوان نے دیون پلی میں زیرِ تعمیر سرکاری میڈیکل کالج کے کیمپس کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کلکٹر نے مرکزی کالج عمارت، طلبہ کے ہاسٹل، لڑکیوں کے ہاسٹل اور ڈائننگ ہال کی عمارتوں کا بھی خود معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر مدھو موہن، آر اینڈ بی ای ای موہن، میونسپل کمشنر کاماریڈی، مشین بھگیرتھا کے ایگزیکٹیو انجینئر، پبلک ہیلتھ ایگزیکٹیو انجینئر سمیت کے علاوہ دیگر کئی عہدیدار بھی موجود تھے۔
