جرائم سے نمٹنے میں سائبر کرائمس کی نمایاں کارکردگی

   

سال گزشتہ کے مقابلے شرح جرائم میں کمی ، کمشنر سٹی پولیس سی وی آنند کا بیان
حیدرآباد 28 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس نے سائبر کرائمس سے نمٹنے میں قابل ستائش کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور نہ صرف مقدمات کی تعداد میں کمی آئی ہے بلکہ پتہ لگانے کی شرح میں بھی گزشتہ سال 40 فیصد سے بڑھ کر اس سال 42 فیصد ہوگئی ہے۔ یہ بات حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند نے یہاں سینئر عہدیداران کے ساتھ کرائم جائزہ میٹنگ کے بعد کہی۔ گزشتہ سال ستمبر 2023 ۔ اگست 2024ء میں جائیداد کے 5484 مقدمات درج کئے گئے تھے جبکہ جاریہ سال ستمبر 2024 ۔ اگست 2025ء میں یہ تعداد 26 فیصد کمی کے ساتھ 4082 تک گھٹ گئی۔ بحالی کی شرح بھی گزشتہ سال 54 فیصد سے بہتر ہوکر اس سال 55 فیصد ہوگئی۔ سٹی کمشنر آنند نے کہاکہ رجسٹرڈ کیسوں کی جملہ تعداد 38,206 ستمبر 2023 ۔ اگست 2024ء سے کم ہوکر 31,533 کیسس ستمبر 2024 اگست 2025ء تک پہونچ گئی ہے جوکہ 17 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ حیدرآباد پولیس نے امن و سلامتی کی برقراری کیلئے ایک ٹیم کے طور پر کام کیا جس کے نمایاں نتائج حاصل ہوئے۔ جس کے نتیجہ میں شہر میں تہوار، جلوس اور جلسے بغیر کسی رکاوٹ کے پرامن طریقہ سے منعقد ہورہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ میں اس کامیابی کیلئے ہر عہدیدار اور عملہ کے رکن کو تہہ دل سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ہم نے ثابت کردیا ہے کہ اجتماعی کوششوں سے ہم کچھ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ اس جذبہ کے ساتھ کام کرتے ہوئے حیدرآباد کو جرائم سے پاک شہر بنانے کے لئے کام کریں گے۔ تمام عہدیداران کی کوششوں کی وجہ سے جرائم پر قابو پایا گیا۔ سال گزشتہ کے مقابلہ جاریہ سال جرائم میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ (ش)