کریم نگر میں عادی مجرمین کی کونسلنگ ، پولیس کمشنر کا خطاب
کریم نگر۔ 2 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر پولیس کمشنریٹ سنٹر کے اوپن ایرتھیٹر کے احاطہ میں ہسٹری شیٹرس (عادی مجرمین) کیلئے ایک کونسلنگ پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر پولیس کمشنر وی ستیہ نارائنا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عادی مجرمین جن کی عمر 60 سال سے زائد ہے۔ خرابی صحت کی وجہ سے اور پچھلے پانچ سال سے کسی جرم میں ملوث نہ ہوں، ان کی جانچ کرکے انہیں پولیس ریکارڈ سے حذف کردیا جائے گا۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ کسی بھی جرم میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا۔ محکمہ پولیس پرانے جرائم پیشہ افراد کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھے گا۔ معاشرہ میں امن و امان میں خلل پیدا کرنے والی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشن میں ہونے والے کونسلنگ میں پابندی سے شرکت کریں، غیرحاضر نہ رہیں۔ کمشنر وی ستیہ نارائنا نے مجرمین سے کہا کہ اگر وہ اسی طرح جرائم میں ملوث رہیں گے اور انہیں مجرم قرار دیا جائے گا تو معاشرہ میں انہیں حقیر سمجھا جائے گا۔ اس کا اثر ان کے خاندان پر بھی پڑے گا۔ جرائم میں ملوث ہوکر اپنی زندگیوں کو برباد نہ کریں۔ ایڈیشنل ڈی سی پی پیس سکیورٹی ایس سرینواس، اے سی پیز نولا سرینواس راؤ ، کروناکر راؤ، سری پرتاب، ایس بی آئی جی وینکٹیشور کے ساتھ کمشنریٹ کے تمام رینک کے افسران اس پروگرام میں حصہ لیا۔