جرائم و حادثات

   

سائبر کرائم پولیس اور بینک ملازمین کی چوکسی
لاکھوں روپے بچالئے گئے، صالحہ بیگم ڈپٹی مینجر بینک کے اقدام کی ستائش
حیدرآباد۔ 11 اکتوبر (سیاست نیوز) سائبر کرائم پولیس کی بروقت کارروائی اور بینک ملازمین کی چوکسی کے سبب سائبر دھوکہ بازوں کو لاکھوں روپے لوٹنے سے بچالیا گیا۔ دو مختلف بینک گاہکوں کی جانب سے سائبر دھوکہ بازوں کے حوالے کی جارہی رقم کو تباہ ہونے سے بچالیا گیا۔ محترمہ صالحہ بیگم ڈپٹی مینجر آئی سی آئی سی آئی بینک نلہ کنٹہ برانچ کی بر وقت چوکسی سے 19,50,000 روپے رقم کو بچالیا گیا۔ صالحہ بیگم نے جب گاہکوں کو دیکھا کہ وہ بھاری رقم کسی اور کھاتے میں جمع کرا رہے ہیں ڈپٹی مینجر کو ان کی سرگرمی اور اکاؤنٹ پر شک ہوا اور مشتبہ اکاؤنٹ کو دیکھنے کے بعد ڈپٹی مینجر صالحہ بیگم نے فوری سائبر کرائم حیدرآباد کو چوکس کیا۔ ہیڈ کانسٹبل فیروز نے بینک پہنچ کر پہلے ان گاہکوں کی کونسلنگ کی اور اعلیٰ عہدیداروں سے رابطہ کرتے ہوئے اکاؤنٹ سے رقم کو بچالیا۔ سائبر کرائم حیدرآباد کے مطابق ایڈیکمٹ علاقہ کے ساکن نوین کمار شندھلیہ کی 9 اور وارث گوڑہ علاقہ کے ساکن 11 لاکھ 50 ہزار روپے رقم کو سائبر دھوکہ بازوں کے حوالے ہونے سے بچالیا۔ کمشنر پولیس سی وی آنند نے بینک عہدیداروں اور سائبر کرائم عملہ کی ستائش کی۔ ع
بدنام زمانہ سارق گرفتار، مسروقہ زیورات ضبط
حیدرآباد۔ 11 اکتوبر (سیاست نیوز) کارخانہ پولیس نے بدنام زمانہ عادل سارق کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 10 لاکھ روپے مالیتی سونے اور چاندی کے زیورات کو ضبط کرلیا۔ کارخانہ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 42 سالہ محمد اویس احمد عرف احمد ساکن چندرائن گٹہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق اویس تقریباً 107 وارداتوں میں ملوث ہے اور دو مرتبہ پی ڈی ایکٹ کا سامنا کرچکا ہے۔ میڑچل پولیس کی جانب سے سال 2016 اور کوکٹ پلی پولیس کی جانب سے سال 2021 میں اس کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ترملگری جی رمیش نے بتایا کہ ملازم نے اپنے جرم کو قبول کرلیا ہے۔ پولیس جاریہ ماہ پیش آئی ایک واردات کی تحقیقات میں مصروف تھی۔ اویس احمد دن کے اوقات قفل شکنی کی وارداتوں کو انجام دینے کا ماہر ہے۔ ع