جرائم و حادثات

   

شاید میرا باپ مجھے فروخت کردے گا
ماں کے گھر سے جانے کے بعد باپ کا بیٹی پر ظلم، بالا سدن میں شریک لڑکی کی دکھ بھری داستان سے ٹیچر اور دیگر ششدر
حیدرآباد۔ 25 اکتوبر (سیاست نیوز) میرا والد مجھے شاید فروخت کردے گا چونکہ گھر میں میری ماں نہیں ہے والد مجھے مار پیٹ کا نشانہ بناتا ہے اور ہر دن مجھ پر غصہ ہوتا ہے۔ یہ دل دہلادینے والے الفاظ ایک 11 سالہ لڑکی کے ہیں جو فی الحال اپنے گھر میں نہیں بلکہ بال مدن میں منتقل کردی گئی۔ چوٹ اپل کے سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والی طالبہ نے انتہائی دکھ بھرے انداز میں اپنی آب بیتی اسکول میں ساتھی طالبات اور اسکول ٹیچر کو سنائی۔ شاید بھوک کا احساس نہ ہوتا اور پیٹ بھرنے کے لئے مجبور نہ ہوتی تو شاید اپنے باپ کی کسی سے شکایت نہ کرتی جو اس کمسن کو تشدد کا نشانہ بنایا کرتا تھا۔ چوٹ اپل کے بنگارو گڈہ میں واقع ایک سرکاری اسکول سے اس واقعہ کا انکشاف ہوا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پرانے شہر حیدرآباد کے علاقہ بابا نگر سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان 6 ماہ قبل چوٹ اپل منتقل ہوا تھا۔ ممتاز (نام تبدیل) اپنی بیوی بچوں کے ہمراہ چوٹ اپل منتقل ہوا اور اس کی 11 سالہ لڑکی سرکاری اسکول کی 6 ویں جماعت میں شریک ہوگئی۔ گزشتہ روز بچی روتے بلکتے ہوئے اپنی ساتھی سہیلی کے پاس پہنچی اور کچھ کھانے کو مانگا اور بے ساختہ روپڑی، ساتھی سہیلیوں نے لڑکی کو اسکول ٹیچر سے رجوع کیا۔ پہلے بچی کو بیٹھ بھر کھانا کھلایا گیا۔ لڑکی نے اپنی آب بیتی سنائی۔ اس دوران نشہ کی حالت میں ممتاز اسکول پہنچا اور بچی کے تعلق سے دریافت کرتے ہوئے جھگڑا کرنے لگا۔ اسکول میں طالبات اور ٹیچرس کے سامنے والد کی حرکت پر شرمندہ اور خوف زدہ بچی اسکول کے پیچھے موجودہ بھوتیا مرکز میں چھپ گئی جس کے بعد پولیس کی مدد سے لڑکی کو بالا سدن منتقل کردیا گیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ممتاز کی بیوی جھگڑا کرنے کے بعد اپنے بیٹے کو لے کر چلی گئی۔ سنگ دل ماں اور بے رحم باپ کی اذیت کا شکار 11 سالہ لڑکی بے یار و مددگار سرکاری پناہ میں موجود ہے۔ اس لڑکی کے دل دہلادینے والے واقعہ نے اسکول طالبہ اور ٹیچرس کو بھی غم زدہ کردیا۔ ع
چنتل بستی میں پٹاخوں کے گودام کا پردہ فاش
پانچ لاکھ مالیت کے پٹاخے ضبط ٹاسک فورس انسپکٹر خلیل پاشاہ کی قیادت میں ٹیم کا دھاوا
حیدرآباد۔ 25 اکتوبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے چنتل بستی میں دھاوا کرتے ہوئے پٹاخوں کے گودام کا پردہ فاش کردیا۔ انسپکٹر خلیل پاشاہ کی ٹیم نے سیف آباد حدود چنتل بستی کے ایک گودام پر دھاوا کیا اور 5 لاکھ روپے مالیاتی پٹاخوں کو ضبط کرلیا جو غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیا گیا تھا۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ٹاسک فورس نے 31 سالہ سری رام ساکن مراد نگر مہدی پٹنم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ سری رام جو پیشہ سے خانگی ملازم ہے اس نے دیپاولی کے پیش نظر زیادہ کمائی کا منصوبہ بنایا اور پٹاخوں کی خریداری کرتے ہوئے چنتل بستی میں اس کو جمع کیا۔ اس نے دھماکو اشیاء کو آبادی میں ذخیرہ کیا جو انسانی زندگیوں کے لئے خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔ ٹاسک فورس کے مطابق سری رام نے کسی بھی سرکاری محکمہ سے کوئی اجازت نامہ حاصل نہیں کیا۔ ٹاسک فورس سنٹرل زون نے سری رام کو گرفتار کرتے ہوئے ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ سیف آباد پولیس کے حوالے کردیا۔ ع
ایپل فون کے نقلی اشیاء فروخت کرنے والے افراد گرفتار
2 کروڑ 42 لاکھ 55 ہزار 900 روپئے مالیتی اشیاء ضبط ، ٹاسک فورس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون نے ایک اہم کارروائی میں ایپل فون کے نقلی اشیاء فروخت کرنے والے چار افراد کو گرفتار کرلیا ۔ سنٹرل زون ٹیم نے انسپکٹر خلیل پاشاہ کی نگرانی میں اہم کارروائی کرتے ہوئے 2 کروڑ 42 لاکھ 55 ہزار 900 روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا اور چار افراد کو گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر خلیل پاشاہ کے مطابق 25 سالہ نمبھ سنگھ ساکن آغا پورہ ، 24 سالہ پیرا رام ساکن عنبر بازار ، 45 سالہ گویند لعل چوہان ساکن بیگم بازار اور 32 سالہ مکیش جین ساکن ہنمومان ٹیکری کو گرفتار کرلیا ۔ ٹاسک فورس پولیس نے ان کے قبضہ سے ایپل برانڈ کی نقلی اشیاء ، ایر بڈس ، آڈاپٹر ، یورکیبل ، بیاٹری ، پوربنک اور اور بیاک پوج کو ضبط کرلیا ۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد عابڈس حدود میں موبائل کی دکانیں چلاتے ہیں ۔ پولیس کے مطابق ان 4 افراد کو نقلی اشیاء کی خریداری کا علم اور وہ ایک ایجنٹ کے ذریعہ اس نقلی اشیاء کو خریدا کرتے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد ممبئی سے مارکیٹنگ ایجنٹ کے ذریعہ ان نقلی اشیاء کی خریداری کیا کرتے تھے ۔ سنٹرل زون ٹاسک فورس نے گرفتار افراد کو ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ عابڈس پولیس کے حوالے کردیا ۔۔ ع
کمسن لڑکی کو جسم فروشی کے کاروبار میں جھونکنے والی ماں کو عمر قید کی سزا
حیدرآباد۔ 25 اکتوبر (سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی کی خصوصی عدالت نے پاکسو کے تحت مقدمہ میں خاتون کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ حیات نگر پولیس کے ایک مقدمہ میں عدالت نے آج فیصلہ سناتے ہوئے 25 سالہ کوکلا آشا عرف سائداجی ساکن ورنگل کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ ایک کمسن پر ظلم و زیادتی کرتے ہوئے کمسن لڑکی کو جبراً جسم فروشی کے کاروبار میں جھونکنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور حیات نگر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عدالت میں چارج شیٹ داخل کردی اور عدالت نے کوکلا آشا کو عمر قید کی سزا اور تین لاکھ 19 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ ع