بین ریاستی بدنام زمانہ سارقوں کی ٹولی بے نقاب
چار افراد بشمول خاتون گرفتار، مسروقہ مال ضبط، سدھیر بابو جوائنٹ کمشنر آف پولیس کا بیان
حیدرآباد۔ سی سی ایس بھونگیر پولیس نے ایک بین ریاستی بدنام زمانہ سارقوں کی ٹولی (موگلی یاکاسینو ) کو بے نقاب کردیا اور 4 افراد بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔ یہ بات جوائنٹ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ سدھیر بابو نے بتائی۔انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ٹولی کا اصل سرغنہ موگلی یاکا سرینو39 سالہ ساکن بھونگیر، 28 سالہ ایم وینکٹیشورلو ساکن بیرم گوڑہ ،32 سالہ ایم مہیش اور 28 سالہ سہاسنی ساکنان بیرم گوڑہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 51 تولہ طلائی زیورات دیڑھ کیلو چاندی، ایک کار، ایک موٹر سیکل اور دیگر الکٹرانک اشیاء کو ضبط کرلیا۔ سی سی ایس پولیس بھونگیر کی ٹیم ان کی تلاشی میں تھی۔ آتما کور پولیس میں شکایت کے بعد پولیس نے سخت چوکسی اختیار کی تھی۔ گرفتار افراد میں وینکٹیشور راؤ اور خاتون سہاسنی میاں بیوی بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے مسروقہ مال جملہ مالیت 31لاکھ 75 ہزار روپئے کی اشیاء کو برآمد کرتے ہوئے ضبط کرلیا۔ اس ٹولی نے 19 وارداتیں انجام دی۔ پولیس کے مطابق اصل سرغنہ سرینو پہلی مرتبہ 20 سال قبل گرفتار کیا گیا تھاوہ 19 سال کی عمر سے سرقہ کی وارداتیں انجام دے رہا ہے۔ گذشتہ سال 2019 میں آخری مرتبہ ہالیا پولیس نے اس کو گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کیا تھا۔ یہ عادی ملزم 32 وارداتوں میں ملوث ہے اور 7 کیسوں میں جیل کی سزا کاٹ چکا ہے۔ جیل سے رہائی اور بار بار پولیس کارروائی سے اس کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ جیل سے رہائی کے بعد اس نے ٹولی تشکیل دی اور ایک کار اور موٹر سیکل خریدی تاکہ سرقہ کی وارداتوں میں مدد مل سکے۔ اس نے ٹولی کے اراکین ایم وینکٹیشورلو، سہاسنی، مہیش، کے وینکٹیشورلو اور ہری کرشنا کے ساتھ مل کر وارداتیں انجام دے رہا تھا۔ یہ ٹولی پہلے بند مکانات کی نشاندہی کرتی تھی اور پھر سازش کے تحت مکان کولوٹ لیا کرتے تھے۔ سی سی ایس پولیس مزید تحقیقات میں جٹ گئی ہے۔
کوکٹ پلی میں دہشت ، برق رفتار موٹر کاروںکا ٹکراؤ
دیگر گاڑیاں بھی حادثہ کا شکار، موٹر سائیکل راں ہلاک
حیدرآباد۔ شہر کے نواحی علاقہ کوکٹ پلی میں ایک کار کی دہشت سے ایک شہری ہلاک ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آج دوپہر ایک کار جس کی رفتار کافی تیز تھی دوسری کار سے ٹکرا گئی جس کے سبب سڑک پر گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرانے لگیں۔ اس حادثہ میں موٹر سیکل راں ہلاک ہوگیا۔جبکہ دیگر شہری شدید زخمی ہوگئے۔ کوکٹ پلی علاقہ میں واقع ساؤتھ انڈیا شاپنگ مال کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔ اس کار کی دہشت سے سارے علاقہ میں ٹریفک جام ہوگئی۔ ایک موقع پر ٹریفک بہاؤ کو آسان بنانے کیلئے مقام پر پہونچنے میں پولیس کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے ٹریفک بحال کرتے ہوئے کار کو ضبط کرلیا اورکار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔ متوفی کی نعش کو ہاسپٹل منتقل کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ تاہم متوفی کی شناخت نہیں ہوپائی ہے۔ پولیس کوکٹ پلی نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔
ای ایس آئی اسکام : سابق ڈائرکٹر دوبارہ گرفتار
حیدرآباد۔ ادویات کی فرہمی کے سب سے بڑے اسکام ای ایس آئی اسکام میں اے سی بی نے سابق ڈائرکٹر دیویکا رانی کو پھر ایک مرتبہ گرفتار کرلیا ہے۔ ای ایس آئی اسکام میں دیویکا رانی کی یہ دوسری مرتبہ گرفتاری ہے جبکہ اس سنسنی خیز کروڑہا روپئے کے معاملہ میں اینٹی کرپشن بیورونے ایک اور مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اے سی بی نے دیویکا رانی کے بشمول دیگر 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ تازہ کارروائی تحقیقات کا ایک حصہ ہے۔ گذشتہ روز اے سی بی نے کارروائی میں 6.5 کروڑ روپئے کے غیر محسوب اثاثہ جات کا پتہ چلایا تھا اور کارروائی کے دوران اے سی بی نے حاصل مواد اور ثبوت کی بنیاد پر سابق ڈائرکٹر کی دوبارہ گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ اے سی بی ذرائع کے مطابق اس کیس میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزمین سے حاصل اطلاعات کی بنیاد پر کیس میں پیشرفت جاری ہے۔
منشیات کی فروختگی پر ایک شخص گرفتار
حیدرآباد۔ کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے منشیات فروخت کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 29 سالہ فرید صاحب متوطن ضلع گلبرگہ کرناٹک عادل آباد کے ایجنسی علاقوں سے 5 ہزار روپئے میں دو کیلو گانجہ خرید کر اسے کرناٹک میں دوگنی قیمت میں فروخت کیا۔ اسی طرح پھر ایک مرتبہ اس نے عادل آباد سے ہی منشیات خرید کر شاہ عنایت گنج جمعرات بازار کے قریب خواہشمند گاہکوں کو فروخت کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ پولیس نے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ ٹاسک فورس نے فرید صاحب کے قبضہ سے 6 کیلو گانجہ، ایک کار اور دو موبائیل فونس ضبط کرلئے۔
موبائیل فون رہزن گرفتار، مسروقہ فونس ضبط ، جوائنٹ کمشنر پولیس ویسٹ زون اے آر سرینواس کا بیان
حیدرآباد۔ ہمایوں نگر پولیس نے موبائیل فون کی رہزنی میں ملوث دو رہزنوں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے ایک لاکھ مالیتی مسروقہ فون ضبط کرلیا۔ جوائنٹ کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے آر سرینواس نے کہا کہ 29 اگسٹ کو بنجارہ ہلز علاقہ میں نامعلوم رہزنوں نے این بالراج کا کے وی آر پارک کے قریب سیمسنگ موبائیل فون چھین کر فرار ہوگئے۔ اسی طرح کے واقعہ میں ہمایوں نگر میں بھی شبنم نامی ایک خاتون کا بعض نامعلوم افراد نے اس وقت موبائیل فون چھین لیا جب وہ روڈ نمبر 1 بنجارہ ہلز سے کیر ہاسپٹل کی سمت جارہی تھی۔ مذکورہ واردات کے بعد ویسٹ زون پولیس رہزنوں کی تلاش میں سرگرم ہوگئی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے 21 سالہ ایل ادئے چاری اور اس کے ساتھی گلہ راجو کی نشاندہی کی اور انہیں گرفتار کرلیا۔ پولیس نے تفتیش کے دوران اس بات کا پتہ لگایا کہ مذکورہ رہزن آپس میں دوست ہیں اور بری صحبتوں کا شکار ہیں اور پرتعیش زندگی گذارنے کیلئے وہ موبائیل فونس کی رہزنی میں ملوث ہونے لگے۔ پولیس نے مذکورہ رہزنوں کے قبضہ سے ایک لاکھ مالیتی مسروقہ موبائیل فون ضبط کرتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں دے دیا