خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی کا واقعہ ‘ 3 ملزمین فرار
پڑوسی خاتون کی مداخلت سے پولیس میں شکایت درج کروائی گئی
حیدرآباد ۔ 5 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی کا واقعہ منظرعام پر آیا ۔ کام کے بہانے مکان لے جاکر خاتون کی عصمت ریزی کی گئی ۔ پولیس کو خاتون کے بیان کے مطابق تین افراد تھے جنھوں نے اس کو کام کے بہانے طلب کیا اور آٹو میں ساتھ لے گئے جہاں تینوں نے خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی کی ۔ اس واقعہ کے بعد سنسنی پھیل گئی۔ تینوں ملزمین خاتون پر حاوی تھے کہ پڑوسی خاتون نے اس کو بچایا ۔ پڑوسی خاتون کو دیکھ کر درندے فرار ہوگئے ۔ مدھورا نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ متاثرہ کو بچانے والی خاتون کی مدد سے پولیس میں شکایت کی گئی ۔ خاتون گھریلو کام کاج کرتی ہے ۔ اور روزانہ کی طرح وہ کام کے بعد اپنے گھر واپس ہورہی تھی اور ہائی ٹیک چوراستہ پر بس کے انتظار میں تھی اس دوران ایک آٹو میں تین افراد آئے اور گھر میں صفائی اور کپڑے دھونے کا کام بتاکر خاتون کو فوری کام کرنے اور زائد رقم دینے کا لالچ دیا ۔ پیسوں کی آس میں خاتون اُن کے ساتھ چلی گئی ۔ یہ لوگ کافی دنوں سے اس خاتون پر نظر رکھتے تھے ۔ موقع کا فائدہ اُٹھاکر تینوں نے خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی کی ۔ خاتون کی چیخ و پکار کو دبانے اس پر ظلم کیا ۔ اس دوران پڑوسی خاتون پہونچی اور جیسے ہی اس خاتون نے حرکت کی تینوں خاتون کو چھوڑکر فرار ہوگئے ۔ پولیس نے شکایت کے بعد مقدمہ درج کرلیا اور خاطیوں کی تلاش جاری ہے ۔ ع
ملاوٹی مرچ پاوڈر فروخت کرنے والا راجستھانی شخص گرفتار
سنٹرل زون ٹاسک فورس نے گرفتار کرلیا ۔ ملاوٹی اشیاء بھی ضبط
حیدرآباد ۔ 5 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ملاوٹی مرچ پاوڈر فروخت کرنے والے ایک شخص کو کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون نے گرفتار کرلیا ۔ سنٹرل زون ٹاسک فورس انسپکٹر خلیل پاشاہ کی نگرانی میں یہ کارروائی کی گئی اور 39 سالہ روپا رام کھتری عرف روپیش ساکن عثمان گنج متوطن راجستھان کو گرفتار کرلیا ۔ اور اس کے قبضہ سے 4 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء ملاوٹی مرچ پاوڈر 35 کیلو و دیگر کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ کپڑوں کے کاروبار میں نقصان پر اس نے رسالہ عثمان گنج مشین لاکر ملاوٹی کاروبار شروع کیا ۔ اس نے مقامی ایجنٹ کے ذریعہ معروف برانڈ ، سواستک کے خالی پیاکٹ کو حاصل کرلیا اور ان میں ملاوٹی مرچ پاوڈر فروخت کررہا تھا ۔ ناقص مرچ پاوڈر میں رنگ بھرنے کیمیکل اور کلرس کا استعمال کیا جارہا ہے جو صحت کیلئے خطرناک ہوتا ہے ۔ انسانی صحت کیلئے خطرناک اس ملاوٹی مرچ پاوڈر کو اطلاع کے بعد سنٹرل زون ٹاسک فورس ٹیم نے دھاوا کرکے خاطی کو گرفتار کرلیا اور ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ گرفتار روپا رام کھتری کو افضل گنج پولیس کے حوالے کردیا ۔۔ ع
عثمانیہ ہاسپٹل سے مغویہ 4 سالہ لڑکے کو پولیس نے برآمد کرلیا
اغواء کنندہ دبیر پورہ ریلوے اسٹیشن سے گرفتار۔ ڈی سی پی ایسٹ زون
حیدرآباد ۔ 5 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : عثمانیہ جنرل ہاسپٹل سے مغویہ 4 سالہ کمسن بچے کو افضل گنج پولیس نے بچالیا اور اغوا کار کو گرفتار کرکے بچے کو اس کی والدہ کے حوالے کردیا ۔ بچہ اپنے والد کے ساتھ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل آیا تھا بچے کو اس کا والد خود ہاسپٹل لے آیا تھا ۔ بچے کے اغواء کی شکایت کے بعد افضل گنج پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر بچہ کو برآمد کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون بالا سوامی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مغوبہ بچہ چار سالہ شعیب کو برآمد کرلیا ۔ اس معاملہ میں روبینہ بیگم نامی خاتون نے شکایت کی تھی روبینہ افضل ساگر علاقہ کے ساکن محمد صدام کی بیوی ہے ۔ پولیس نے روبینہ کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے 35 سالہ شیخ رفیق عرف رفیع ساکن ورنگل کو گرفتار کرلیا ۔ جب وہ مغویہ بچے کو لے کر دبیر پورہ ریلوے اسٹیشن کے قریب بھیک مانگ رہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ رفیع بیوی سے جھگڑے کے بعد بیوی بچوں کو چھوڑ دیا تھا اور حیدرآباد پہونچا اور عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کے فٹ پاتھ پر زندگی بسر کررہا تھا اس نے بچے کو ہاسپٹل میں اکیلا دیکھا بچہ کا والد صدام نشہ میں تھا ۔ اس کا فائدہ اٹھا کر رفیع بچہ کو لے کر فرار ہوگیا ۔ پولیس نے شکایت کے فوری بس ریلوے اسٹیشن پر چوکسی اختیار کی اور افضل گنج پولیس ٹیموں نے مسلسل تلاش کے بعد رفیع کو بچے کے ساتھ دبیر پورہ ریلوے اسٹیشن پر گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق رفیع بچہ کو فروخت کرنا چاہتا تھا اور بھیک منگوانے کا کام کررہا تھا ۔ روبینہ بیگم نے بچے کی واپسی بعد پولیس کارکردگی کی ستائش کی اور شکریہ ادا کیا ۔ ع
سڑک حادثہ میں طالب علم ہلاک
حیدرآباد ۔ 5 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ کیسرا میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک طالب علم ہلاک ہوگیا جو شاہ میر پیٹ بٹس پلانی میں زیرتعلیم تھا ۔ کیسرا پولیس کے مطابق 22 سالہ کرونا کر ریڈی جو کیسرا علاقہ کے ساکن رویندر ریڈی کا بیٹا تھا ، کروناکر ریڈی اپنی ساتھی کے ہمراہ موٹر سیکل پر شاہ میر پیٹ سے کیسرا جارہا تھاکہ موٹر سیکل یادگار پلی کے قریب حادثہ کاشکار ہوگئی اور دونوں ساتھی اس حادثہ میں زخمی ہوگئے اور کرونا کر ریڈی علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔ع
لیپ ٹاپ و سیل فون کا سرقہ کرنے والی ٹولی بے نقاب۔ 10 افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 5 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) پنجہ گٹہ پولیس نے منظم انداز میں لیپ ٹاپ اور سیل فون سرقہ کرنے والی ایک شاطر ٹولی کا پردہ فاش کردیا اور 10 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ پنجہ گٹہ پولیس کے مطابق اس ٹولی نے 97 وارداتیں انجام دی ہیں ۔ ایس آر نگر پنجہ گٹہ ، گڈی ملکاپور ، آصف نگر ، بنجارہ ہلز جوبلی ہلز اور سیف آباد میں ٹولی کے خلاف مقدمات درج ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ امتیاز احمد ، افتخار احمد کا مبلے ویرو ، حسین ، ہدایت اللہ عرف تاج ، روی ، کامبلے ونئے ، اشوک کمار ، محمد ذیشان اور علی بن سلیم عرف علی بابا کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ امتیاز جو ڈرائیور ہے سابق میں مجرمانہ ریکارڈ رکھتا ہے اور 47 مقدمات میں ملوث تھا ۔ اس کے خلاف 3 مرتبہ پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا ۔ امتیاز احمد جیل سے رہائی کے بعد پریشان تھا جس نے آکاش سے رابطہ کیا اور اپنے بھائی افتخار کو بھی ٹولی میں شامل کرلیا ۔ امتیاز صبح کی اولین ساعتوں میں وارداتیں انجام دیا کرتا تھا ۔ صبح 5 تا 7 بجے کے درمیان بیچلرس رومس اور ہاسٹلز کو نشانہ بنایا کرتا تھا جس کے بعد ٹولی کے دیگر اراکین اس کو ان لاک کرنے کے بعد ایک دوسرے کی مدد سے فروخت کرتے تھے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے دو لاکھ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ ع
ٹرینوں میں سرقہ کرنے والی ٹولی بے نقاب ۔ 6 افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 5 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) چلتی ٹرین میں سرقہ کی وارادتیں انجام دینے والی ایک ٹولی کا ریلوے پولیس نے پردہ فاش کردیا اور 6افراد بشمول دو کم عمر لڑکوں کو گرفتار کرلیاجو آپس میں رشتہ دار ہیں۔ ڈی ایس پی ریلوے پولیس سید نعیم الدین جاوید نے یہ بات بتائی ۔ پریس کانفرنس میںمسٹر جاوید نے بتایا کہ 38 سالہ اسرو وینکنا ، 25 سالہ اسرو نوین ، 30 سالہ اسرو اشوک کو گرفتار کرلیا اور 29 سالہ سلمان محمد صدیقی کو حراست میں لیا گیا اور نوٹس حوالے کیا گیا ۔ ان کے خلاف 7 مقدمات درج ہیں۔ ریلوے پولیس نے ان کے قبضہ سے (131) گرام سونا ، تین موبائیل فون ، کل 10 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ ع
شوہر کی کم آمدنی سے پریشان خاتون نے خود کشی کرلی
حیدرآباد ۔ 5 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) شوہر کی کم آمدنی اور بچوں کے مستقبل سے پریشان ایک خاتون نے خودکشی کرلی ۔ بالانگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 39 سالہ پشپا لتا نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ پشا لتا بالانگر کے ساکن اوما مہیش کی بیوی تھی جو پیشہ سے ای ایس آئی ہاسپٹل میں کام کرتی تھی ۔ اوما مہیش کی آمدنی کم تھی جو پوجا پاٹ کرکے گذر بسر کیا کرتا تھا اور خاتون ہی بچوں کی پڑھائی اور پرورش کے اخراجات برداشت کرتی تھی۔ گزشتہ چند دنوں سے پشپا لتا پریشان تھی کہ اس کے بچوں کے مستقبل کیا ہوگا ، اسی فکر میں دلبرداشتہ خاتون نے خودکشی کرلی ۔ ع
پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع