جرائم و حادثات

   

گانجہ منتقلی کا ریاکٹ بے نقاب ،جی آر پی سکندرآباد کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 13 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) جی آر پی سکندرآباد نے ایک کارروائی کے دوران گانجہ منتقلی کے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا ۔ پولیس گرفتاری سے بچنے کیلئے ریلوے پلیٹ فارم پر لاوارث تھیلوں اور سامان کو چھوڑ دیا جارہاہے اور اس کے ذریعہ گانجہ اور دیگر اشیاء منتقل کی جارہی ہیں۔ ڈی ایس پی جی آر پی سکندرآباد مسٹر سید نعیم الدین جاویدنے بتایا کہ ریلوے پولیس نے تلاشی کے دوران پلاٹ فارم نمبر 10 سے اس بیاگ کو حاصل کیا جس میں 10 کیلو 405 گرام گانجہ پایا گیا جس کی مالیت تقریباً 2,60,875 روپئے بتائی گئی ہے ۔ ع


سیل فون کے لیے قتل کرنے والا شخص گرفتار
ڈی ایس پی ریلوے پولیس سید نعیم الدین جاوید کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 13 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) سیل فون کیلئے قتل کرنے والے ایک ملزم کو ریلوے پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ یکم نومبرکو ٹرین میں سفر کرنے والے نوجوان دنیش ساکن ہنمکنڈہ کا سیل فون کیلئے قتل کردیا گیا تھا جو شاتا واہنا ایکسپریس میں سفر کررہا تھا ۔ ڈی ایس پی ریلوے پولیس سید نعیم الدین جاوید نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 28 سالہ لنگپا ساکن سکندرآباد متوطن بیجاپور کو گرفتار کرلیا گیا جس کی سیل فون کے لئے رہزنی ایک نوجوان کی ہلاکت کا سبب بن گیا ۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ فون چھیننے کے دوران دنیش نے مزاحمت کی اور نیچے گرکر فوت ہوگیا تھا ۔ ریلوے پولیس نے اُ س کے قاتل کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ع

سائبر سکیورٹی بیورو کی بڑی کارروائی
سائبر دھوکہ باز گرفتار ، ملزمین کیخلاف مزید کارروائی کیلئے پولیس اسٹیشن کے حوالے
حیدرآباد ۔ 13 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) تلنگانہ سائبر سکیورٹی بیورو نے ایک بڑی کارروائی میں سائبر دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا ۔ ریاست بھر میں کی گئی اپنی نوعیت کی اس کارروائی میں سائبر سکیورٹی بیورو نے (48) سائبر ملزمین کو گرفتار کرلیا جو (500) مقدمات میں ملوث پائے گئے۔ یہ بات ڈائرکٹر تلنگانہ سائبر سکیورٹی بیورو محترمہ شیکھا گوئل نے بتائی ۔ گرفتار سائبر ملزمین ملک بھر میں (2194) مقدمات میں ملوث ہیں۔ جنھوں نے (8) کروڑ 16 لاکھ 44,705 روپیوں کا وھوکہ دیا ۔ ڈائرکٹر سائبر سکیورٹی بیورو نے بتایا کہ بزنس فراڈ ، جاب فراڈ ، ٹریڈینگس ، ڈیجیٹل گرفتاریاں ، کورئیر اسکام و دیگر سائبر جرائم میں ملوث ہیں۔ تلنگانہ سائبر سکیورٹی بیورو نے بتایا کہ (38)افراد دھوکہ دہی کیلئے اکاؤنٹ استعمال کرنے والے اور (10) افراد ایجنٹس ہیں جو سائبر دھوکہ بازوں کو رقم منتقل کرنے اور شہریوں سے رقم حاصل کرنے کیلئے ان اکاؤنٹس کا استعمال کرتے ہیں اور اُنھیں اکاؤنٹس فراہم کرتے ہیں ۔ تلنگانہ سائبر سکیورٹی بیورو نے اُن کے قبضہ سے 53 موبائیل فون 4 لیاپ ٹاپ ، 5سی پی یو ، 2 مانیٹر ، (18) بینک پاس بک ، 16 چیک بکس ، 10 اے ٹی ایم اور ایک بجاج پلسر گاڑی کو ضبط کرلیا ۔ سائبر سکیورٹی بیورو نے گرفتار ملزمین کو مزید کارروائی کیلئے متعلقہ پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا ۔ ع
چہل قدمی کے دوران سیل فون رہزنی کیلئے وکیل پر حملہ
سازش قرار دینے کی کوشش ناکام ، دو کم عمر لڑکے گرفتار
حیدرآباد ۔ 13 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) سیل فون رہزنی کیلئے ہی وکیل پر حملہ کیا گیا اور حملہ کسی سازش یا پھر دشمنی سے ایڈوکیٹ کلیان کو نشانہ نہیں بنایا گیا بلکہ سیل فون رہزنوں کو پکڑنے کے دوران کلیان زخمی ہوا تھا ۔ کل صبح آئی میکس کے علاقہ میں بجرنگ دل سے وابستہ ایڈوکیٹ پر قاتلانہ حملہ کو ایک الگ رنگ دیتے ہوئے سازش قرار دیا جارہا تھا تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو کم عمر لڑکوں کو حراست میں لے لیا۔ منگل کی صبح 5 بجے چہل قدمی کے دوران ایڈوکیٹ کلیان چاقوزنی میں زخمی ہوگیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ 4 بجے صبح ان دونوں کم عمر لڑکوں نے گن فاؤنڈری کے علاقہ میں ایک واردات کو انجام دیا تھا ۔ ایک کامپلکس کے چوکیدار کو دھماکر اُس کے قبضہ سے موبائیل فون کو چھین لیا گیا تھا اور ایک گھنٹہ بعد ان دونوں نے آئی میکس میں واردات انجام دی ۔ کلیان کا سیل فون چھین لیا گیا اور جب کلیان نے مزاحمت کی تو اس پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ان کم عمر لڑکوں کے خلاف مشیرآباد پولیس حدود میں مقدمہ دائر کیا ہے ۔ ع

عاشق کے ہاتھوں معشوقہ کا قتل
بھدرادری کتہ گوڑم میں واقعہ ، مقدمہ درج ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ 13 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں پیش آئی ایک سنسنی خیز قتل کی واردات میں عاشق نے معشوقہ کا قتل کردیا اور اُس کی نعش کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے بعد دفن کردیا ۔ قتل کے تین دن بعد اس کا انکشاف ہوا۔ بھدرادری کتہ گوڑم ضلع میں پیش آئی اس واردات سے پاڑو منڈل کے تانڈے میں سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ویرابھدرم اور 32 سالہ سواتی میں ناجائز تعلقات قائم ہوگئے تھے ۔ ویرابھدرم شادی شدہ ہے اس نے اپنی معشوقہ کو اپنے ہی مکان میں رکھا تھا۔ اُن کے درمیان 6 سال سے تعلقات تھے ۔ معاشی مسائل اور خاندانی مسائل سے پریشان ہوکر ویرابھدرم نے سواتی کو راستے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیااور تین دن قبل اُس کا قتل کردیا اور نعش کے ٹکڑے ٹکڑے کرتے ہوئے دفن کردیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
کدری میں زندہ پینگوین ضبط ، ڈی آر آئی حیدرآباد زون یونٹ کی آندھرا پردیش میں کارروائی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ڈی آر آئی حیدرآباد یونٹ نے آندھرا پردیش کے کدری میں چار افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے ایک پینگوین کو ضبط کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق چار اسمگلرس کدری کے علاقہ میں پینگوین کو فروخت کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ ایک اطلاع ملنے پر ڈی آر آئی عہدیداروں نے مقام پر پہنچ کر پینگوین کو ان کے قبضہ سے ضبط کرلیا اور چاروں اسمگلرس کو گرفتار کرلیا ۔ پینگوین کی تجارت ہندوستان میں ممنوع ہے ۔ پینگوین کے گوشت کو ادویات میں استعمال کیا جاتا ہے ۔ یہ جانور چین جنوبی مشرقی ایشیا میں پائے جاتے ہیں ۔ ڈی آر آئی عہدیداروں نے وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ 1972 کے مقدمہ درج کرلیا ۔۔ ش

تلنگانہ کی خاتون دبئی میں گھر میں لٹکی ہوئی پائی گئی
دبئی: 13-نومبر (سیاست نیوز)تلنگانہ کے ضلع جگتیال کی ایک 35 سالہ خاتون متحدہ عرب امارات میں اپنے گھر میں چھت کے پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔ خاتون کی شناخت ینامنینی سپریا کے طور پر ہوئی ہے جو جگتیال ضلع کے کتھلا پور منڈل کی رہنے والی ہے۔ خاتون نے دبئی کے پوش جمیریا ولیج سرکل میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق دو بچوں کی ماں ایک دہائی سے دبئی میں مقیم تھی۔ پیر کو اس نے اپنے بچوں کو اسکول کیلئے تیار کیا تھا اور بچوں کے علاوہ اپنے شوہر کے لیے لنچ بھی پکایا تھا ۔ شبہ ہے کہ ان کے جانے کے بعد اس نے خود کو پھانسی پر لٹکا لیا۔ اس کے رشتہ دار دبئی پہنچ گئے ہیں۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی۔خاندانی ذرائع نے بتایا کہ سپریا نے حال ہی میں دبئی میں منعقد ہونے والے بٹوکما فیسٹیول میں بھی حصہ لیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتہائی قدم اٹھانے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔
موسمی بیماریوںں میںاضافہ، احتیاط برتنے محکمہ صحت کا مشورہ
حیدرآباد-13نومبر (سیاست نیوز) موسمی بیماریاں حیدرآباد اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں بدلتے ہوئے موسمی حالات کی وجہ سے بڑھنے لگی ہیں۔ صحت عامہ کے عہدیداروں نے اختیاط برتنے کا عوام کو مشورہ دیاہے۔ درجہ حرارت میں کمی اور رات اور دن کے ابتدائی اوقات میں سرد موسمی حالات کی وجہ سے ڈاکٹروں نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ آنے والے ہفتوں میں بیماری سے بچنے کے لیے بنیادی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔کووِڈ وبا کے بعد، نومبر سے سال کے ابتدائی حصہ تک سردیوں کا موسم حیدرآباد میں انفلوئنزا، اوپری سانس کی نالی کے انفیکشن، پھیپھڑوں کی بیماریوں اور وائرل بخار کے معاملات میں اضافے کے حالات پیدا کرتا ہے۔ آبادی کا ایک بڑا حصہ سردیوں میں بھی الرجی کا شکار ہوتا ہے لیکن اس کے علاج کے بارے میں آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے وہ اس کا شکار ہوتے رہتے ہیں۔ حیدرآباد میں سردیوں کے دوران دمہ کی تازہ لہر بھی شروع ہوتی ہیں۔