کھیل کے دوران پیٹ میں آہنی سلاخ دھنس جانے سے کمسن لڑکا فوت
حیدرآباد /27 نومبر ( سیاست نیوز ) کھیل کے دوران لاپرواہی کے سبب ایک کمسن فوت ہوگیا ۔ ناچارم پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 9 سالہ لڑکا وپن لوہے کی سلاخ دھنسنے سے فوت ہوگیا ۔ وپن این ٹی آر نگر علاقہ کے ساکن شخص گوپی کا بیٹا تھا جو 25 نومبر کو اپنے مکان کے بالائی حصہ پر کھیل رہا تھا ۔ تین منزلہ عمارت کی بلندی پر کھیل کے دوران غفلت اور لاپرواہی کے سبب لوہے کی سلاخ وپن کے پیٹ میں دھنس گئی جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ آج فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ع
پپل گوڑہ کے ایک اپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے سنسنی
حیدرآباد /27 نومبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقہ پپل گوڑہ کے ایک اپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے سنسنی پیدا ہوگئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق پپل گوڑہ میں واقع ہمہ منزلہ عمارتوں کے ایک اپارٹمنٹ میں آگ لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے اپارٹمنٹ کے دیگر فلیٹس تک پہونچی تاہم فوری اقدام کرتے ہوئے محکمہ فائر نے آگ پر قابو پالیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اپارٹمنٹ کے 9 ویں منزل میں آگ لگنے کے بعد اپارٹمنٹ میں افراتفری پیدا ہوگئی ۔ اپارٹمنٹ کے ساکنان خوف کے عالم میں دوڑ لگانے لگے اور اپنے مکانات سے نکل کر اپارٹمنٹ کے نیچے جمع ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اپارٹمنٹ کے ایک فلیٹ میں تین دن قبل مکان میں داخلہ کی تقریب منعقد ہوئی تھی اور اس سلسلہ میں چراغ (دیا) جلایا گیا تھا جو نیچے گر پڑا اور اس کے سبب آگ پھیل گئی ۔ نارسنگی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
وی ہنمنت راؤ کی کار کو نامعلوم شخص نے ٹکر دے کر نقصان پہنچایا
عنبر پیٹ میں قیامگاہ کے روبرو واقعہ، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گاڑی کی شناخت
حیدرآباد۔/27 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر وی ہنمنت راؤ کی قیامگاہ واقع عنبر پیٹ کے روبرو پارک کی ہوئی ان کی کار کو نامعلوم گاڑی نے ٹکر دے کر نقصان پہنچایا۔ چہارشنبہ کی ابتدائی ساعتوں میں تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے ٹکر دے دی اور راہ فرار اختیار کی۔ وی ہنمنت راؤ نے اس سلسلہ میں پولیس میں شکایت درج کرائی اور پولیس عہدیداروں نے دورہ کرتے ہوئے گاڑی کا معائنہ کیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کار کے نمبر پلیٹ کی شناخت کی جارہی ہے۔ پولیس نے کہا کہ جلد ہی کار ڈرائیور کا پتہ چلالیا جائے گا۔ ہنمنت راؤ نے اس واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دوسرا موقع ہے جب ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے خاطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے کئی سینئر قائدین نے ہنمنت راؤ سے ربط قائم کیا اور واقعہ کی تفصیلات حاصل کی۔ اسی دوران سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ ملک میں سماجی انصاف کیلئے کانگریس قائد راہول گاندھی شعور بیداری مہم چلارہے ہیں تاکہ کمزور طبقات کو حکومت کی اسکیمات میں ان کا جائز حق مل سکے۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ راہول گاندھی نے ملک گیر سطح پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ کیا ہے۔ اس مطالبہ سے بی جے پی قائدین خوفزدہ ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ پارٹی کے استحکام کی مساعی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عنبرپیٹ میں کل جمعرات کو مہاتما جیوتی با پھولے کی برسی کے موقع پر ان کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے جائیں گے۔ مہیش کمار گوڑ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔1
نشیلی ادویات اور گولیوں کی فروخت کے خلاف پولیس کی مانگر بستی میں گھر گھر تلاشی
حیدرآباد /27 نومبر ( سیاست نیوز ) حبیب نگر پولیس نے نشہ کے خلاف جاری کارروائی کے تحت آج مانگر بستی کا محاصرہ کیا ۔ نشیلی ادویات اور خطرناک نشیلی گولیوں کی فروخت کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی انجام دی ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ ویسٹ زون جی چندرا موہن کی نگرانی میں کی گئی اس کارروائی میں بھاری پولیس جمعیت شامل تھی ۔ پولیس کو دراصل کنجی لعل اور مکھل لعل کی تلاش تھی ۔ پولیس نے مانگر بستی افضل ساگر میں موجود ان کے مکانات پر دھاوا کیا اور ایکسائز پولیس بھی اس کارروائی میں شامل تھی ۔ اے آر کے او اور ایک خاتون پولیس کے پلاٹونس کے علاوہ آصف نگر ڈیویژن کی پولیس جمعیت نے گھر گھر تلاشی لی ۔ تاہم پولیس کی آمد سے قبل کنجی لعل اور مکھن لعل دونوں فرار ہوگئے ۔ پولیس نے اس کارروائی میں 150 نٹراویٹ ٹابلیٹ 5 گلیوں کے پتہ جو ایک پتہ 30 گولیوں پر مشتمل تھا کو ضبط کرلیا ۔ ع
شاہ میر پیٹ میں سڑک حادثہ
ایک شخص ہلاک
حیدرآباد /27 نومبر ( سیاست نیوز ) شاہ میر پیٹ حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ حادثہ ترکاپلی علاقہ میں پیش آیا ۔ ایک تیز رفتار کار نے قابو کھودیا اور درخت سے ٹکرا گئی ۔ اس حادثہ میں فرحان احمد انصاری ہلاک ہوگیا اور دیگر تین زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے زخمیوں کو ایمبولنس کے ذریعہ ہاسپٹل منتقل کیا ۔ ع
کوکٹ پلی میں نوجوان کا قتل
حیدرآباد /27 نومبر ( سیاست نیوز ) کوکٹ پلی کے علاقہ میں بہن سے چھڑ چھاڑ کرنے والے نوجوان ایک بھائی اور اس کے ساتھیوں نے قتل کردیا ۔ کوکٹ پلی پولیس کے مطابق وینکٹ رمنا نامی نوجوان کا پون اور اس کے ساتھیوں نے قتل کردیا ۔ وینکٹ رمنا پون کی بہن کو ہراساں کر رہا تھا اور لڑکی سے چھیڑ چھاڑ کر رہا تھا ۔ لڑکی کا تعاقب کرتے ہوئے اس کو پریشان کر رہا تھا ۔ کافی دنوں بعد پون کو اس بات کا پتہ چلا اور اس نے اپنے ساتھیوں اجئے سریدھر اور سریش کے ہمراہ وینکٹ رمنا کا تعاقب کیا اور حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا ۔ ع
مادھاپور میں نویں منزل سے گرنے پر خاتون کی موت
حیدرآباد /27 نومبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقہ مادھاپور میں ایک نوجوان خاتون کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا ۔ جو ایک لاولد جوڑے کیلئے بچہ پیدا کرنے کی غرض سے آئی تھی اور لاولد جوڑے کے ساتھ رہتی تھی جو عمارت کی 9 ویں منزل سے مشتبہ طور پر گرکر ہلاک ہوگئی ۔ رائے درگم پولیس کے مطابق 25 سالہ خاتون اشویت سنگھ اڈیشہ سے تعلق رکھتی تھی ۔ جو راجیش بابو نامی شخص کے مکان میں رہتی تھی ۔ راجیش نے بچہ پیدا کرنے کیلئے خاتون سے 10 لاکھ روپئے میں معاہدہ کیا تھا اور خاتون بابو کے مکان میں رہتی تھی ۔ چند عرصہ سے خاتون اور بابو کے درمیان بحث و تکرار ہو رہی تھی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اشویت سنگھ راجیش بابو کے رویہ سے ناخوش تھی اور کسی طرح راجیش بابو کے مکان سے فرار ہونے کی کوشش میں تھی ۔ راجیش بابو مادھاپور میں واقع مائی ہوم بوجھا اپارٹمنٹ میں رہتا ہے۔ اور اس کا مکان عمارت کی 9 ویں منزل پر واقع ہے ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ فرار ہونے کی کوشش کے دوران مشتبہ طور پر خاتون بلندی سے نیچے گرکر فوت ہوگئی ۔ خاتون شادی شدہ تھی اور ایک 4 سالہ لڑکا بھی ہے اور اس نے ایک لاولد جوڑے کی خواہش پر بچہ پیدا کرنے کی شرط مان لی تھی اور 10 لاکھ روپئے میں سوداطئے ہوا تھا ۔ حمل کرایہ پر لینے اور دوسرے کا بچہ پیدا کرنے کی خاتون گنجائش کے بعد ان دونوں نے اقدام کیا تھا ۔ تاہم رائے درگم پولیس نے ہر زاویہ سے کیس کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ ع
وشاکھا پٹنم ایرپورٹ پر اسمگلنگ کی جانے والی چپکلیاں ضبط
حیدرآباد ۔ 27 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ڈی آر آئی حیدرآباد یونٹ نے وشاکھا پٹنم انٹرنیشنل ایرپورٹ پر دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے غیر قانونی طور پر اسمگلنگ کی جانے والی چھ چپکلیاں ضبط کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق بینکاک تھائی لینڈ سے وشاکھا پٹنم ایرپورٹ آنے والے دو مسافروں کے بیاگیج کی تلاشی لینے پر ان کے پاس سے چھ زندہ مشرقی نیلی زبان والی چھپکلیاں تھی جس کی تصدیق WCCB نے بھی کی ۔ انہیں بغیر کسی لائسنس سرٹیفیکٹ کے منتقل کیا جارہا تھا ۔ جو غیر قانونی ہے دونوں مسافروں کو کسٹمس ایکٹ 1962 کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کرلیا اور ضبط کی گئی چپکلیوں کو تھائی لینڈ منتقل کردیا ۔۔ ش