جرائم و حادثات

   

سرسلہ ضلع میں مسلم نوجوان کا بیدردی سے قتل
حیدرآباد ۔ 18 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز)تلنگانہ کے ضلع سرسلہ میں ایک مسلم نوجوان کے قتل کے بعد سنسنی پھیل گئی ۔ ضلع سرسلہ کے دیوملہ واڑہ ٹاؤن میں 35 سالہ رشید کا قتل کردیا گیا ۔ رشید پیشہ سے ڈاکومنٹ رائٹر تھا جو ٹوکلہ مری گاؤں کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ ضلع کریم نگر کے گنگادھر منڈل میں واقع رجسٹریشن آفس میں رشید ڈاکومنٹ رائٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا تھا ۔ رشید کا آج قتل کردیا گیا ۔ اطلاع کے ساتھ ہی پولیس مقام واردات پہونچی لیکن قتل کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا ۔ تاہم اس قتل کی واردات نے امن و ضبط کی صورتحال پر سوالیہ نشان کھڑا کردیا اور پولیس کی چوکسی کے دعوے بھی عیاں ہوگئے۔ رشید کے قتل کے بعد پولیس نے علاقہ میں چوکسی اختیار کرلی ہے اور فوری طورپر اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ رشید کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک لڑکا اور دو لڑکیاں پائی جاتی ہیں جبکہ افراد خاندان اور دوست احباب میں رشید کے قتل سے کافی صدمہ پہونچا ہے۔ ع
بلندی سے گرنے پر ایک شخص کی موت
حیدرآباد /18 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) مشیرآباد کے علاقہ میں ایک شخص بلندی سے مشتبہ طور پر گرکر فوت ہوگیا ۔ مشیرآباد پولیس کے مطابق بھولکپور میں یہ حادثہ پیش آیا ۔ جہاں 58 سالہ سید خالد جو پیشہ سے پان شاپ چلاتے تھے ۔ بلندی سے گرکر فوت ہوگیا ۔ سید خالد ہر دن صبح عمارت کی بلندی پر چہل قدمی کرتے تھے ۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ سید خالد کو فٹس آئے تھے ۔ اور صحت کے مسائل تھے ۔ جن کا ای ایس آئی میں علاج جاری تھا ۔ پولیس وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
چندا نگر میں 14 ویں منزل سے گرنے پر ایک شخص ہلاک
حیدرآباد /18 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقہ چندا نگر میں ایک شخص عمارت کی 14 ویں منزل سے مشتبہ طور پر گرکر ہلاک ہوگیا۔ چندا نگر پولیس کے مطابق 30 سالہ عبدالاقبال حسین جو چندا نگر علاقہ کا ساکن تھا ۔ پیشہ سے سائیٹ سوپروائز تھا ۔ جو حالیہ دنوں خلیجی ممالک سے وطن واپس ہوا تھا اور سائبر سوپروائز کا کام کررہا تھا ۔ اقبال حسین ایک عمارت کی 14 ویں منزل سے مشتبہ طور پر گرکر ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع

فلک نما میں پٹرول پمپ پر کار کی دہشت
حصول پٹرول کے بعد راہ فرار ، کار کو روکنے کی کوشش میں کیاشر زخمی
حیدرآباد /18 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ فلک نما میں ایک کار نے پٹرول پمپ پر دہشت مچادی ۔ کار میں پٹرول ڈلوانے کے بعد رقم دئے بغیر فرار ہوگئے جبکہ کیاشر کی جانب سے کار کو روکنے کی کوشش کی گئی ۔ اس دوران کیاشر زخمی ہوگیا ۔ کار کو روکنے کی ناکام کوشش کے دوران زخمی کیاشر کا علاج کروایا گیا ۔ بتایا جارہا تھا کہ آج ایک کار فلک نما میں واقع ایک پٹرول پمپ پہونچی اور کار میں پٹرول ڈالوانے کے بعد آن لائن رقم ادائیگی کا جھوٹا دعوی کیا گیا ۔ کار میں چار افراد سوار جنہوں نے نے 15 سو روپئے کا پٹرول ڈلوایا ۔ جس کے بعد آن لائن ادائیگی کا دعوی کیا گیا ۔ جیسے ہی پٹرول بنک کے کیاشر نے آن لائن ادائیگی کی جانچ کی تو رقم بنک کھاتے میں نہیں آئی تھی اور اس کیاشر نے کار کو روکنے کی کوشش کی لیکن کار ڈرائیور کیاشر کو گھسیٹتے ہوئے لے گیا ۔ اس دوران کیاشر نے کار کو چھوڑ دیا اور زخمی ہوگیا۔ اس سلسلہ میں فلک نما انسپکٹر ادی ریڈی نے بتایا کہ پٹرول بنک کے کیاشر جتیندر کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس نے سی سی کیمروں کی مدد سے ان کی شناخت کرلی ہے اور بہت جلد انہیں گرفتار کرلیا جائے گا ۔ ع
جواہر نگر میں ریلوے ملازم کی مشتبہ موت
حیدرآباد ۔ 18 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز)جواہر نگر علاقہ میں ایک ریلوے ملازم کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا ۔ پولیس کے مطابق 40 سالہ سریدھر جو ریلوے ملازم دمائی گوڑہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ پولیس کے مطابق سریدھر خرابی صحت سے شدید پریشان تھا اور ذہنی تناؤ کاشکار ہوگیا تھاجو گھر میں مشتبہ حالت میں مردہ پایا گیا ۔ پولیس نے مکان کا معائنہ کرنے کے بعد شبہ ظاہر کیا ہے کہ سریدھر نے فیان کے ذریعہ پھانسی لیکر خودکشی کی ہوگی ۔ ع
سائبر دھوکہ دہی پر شکایت، پولیس کی بوقت کارروائی ، متاثرہ شخص کی آدھی رقم بازیاب، سائبر کرائم میں شکایت کا اثر
حیدرآباد /18 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سائبر دھوکہ بازوں کی دھوکہ دہی کا شکار ایک شہری کیلئے فوری شکایت کرنا کچھ حد تک راحت کا سبب بنا ۔ شکایت کے فوری بعد اقدام کرتے ہوئے سائبر کرائم پولیس نے متاثرہ شخص کے 50 لاکھ روپیوں کو واپس حاصل کرلیا ۔ جس نے سائبر دھوکہ بازوں کے جال میں پھنس کر ایک کروڑ 31 لاکھ 48 ہزار 500 روپئے کو ڈپازٹ کیا تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایک 53 سالہ شہری کے فون پر پہلے واٹس ایپ کیا گیا ۔ جو پیشہ سے تاجر ہے اس شخص کو واٹس ایپ پر مسیج کرتے ہوئے پی ایم ایل ایپ کے ذریعہ سرمایہ کرنے اور بھاری منافع کا لالچ دیکر ان دھوکہ بازوں نے بڑے پیمانے پر سرمایہ کروایا ۔ شہری ان کی باتوں میں پھنس گیا اور اس کے بھاری رقم کو ڈپازٹ کردیا ۔ اس ویب سائٹ پر جس کے ذریعہ شہری نے ڈپازٹ کی تھی ۔ اس ویب سائیٹ میں رقم نکالنے کے آپشن کو نکال دیا گیا ۔ دھوکہ دہی کے علم ہونے پر اس متاثرہ شہری نے اس بات کی مکمل تفصیلات کو حاصل کرتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم پورٹل پر درج کردی اور پولیس نے حاصل اطلاعات کی بنیاد پر فوری اقدام کیا اور بنک اکاونٹس سے جس میں شکایت گذار شہری نے رقم کو جمع کروایا تھا ۔ ان بنک کھاتوں سے رقم کو واپس حاصل کیا اور تقریباً ادھی رقم کو واپس حاصل کرنے میں سائبر کرائم پولیس کامیاب رہی ۔ سائبر کرائم پولیس نے عوام کو دھوکہ باز افراد اور ویب سائٹس سے چوکنہ رہنے کی اپیل کی ہے ۔ ع
شوٹنگ کے دوران اداکارہ کے ساتھ دست درازی و زبان درازی
مشہور یو ٹیوبر پرساد گرفتار، جوبلی ہلز پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /18 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) جوبلی ہلز پولیس نے مصروف یو ٹیوبر پرساد بیرا کو گرفتار کرلیا ہے ۔ فلم شوٹنگ کے دوران اداکارہ کے ساتھ مبینہ دست درازی اور زبان درازی کے بیرا پر الزامات پائے جاتے ہیں۔ پولیس کے مطابق خود متاثرہ خاتون ادکارہ کی شکایت کا جائزہ لیا گیا اور پرساد بیرا کو گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا ۔ پرساد بیرا پر الزام ہے کہ ایک ویب سرویس کی شوٹنگ کے دوران بیرا نے شکایت گذار خاتون اداکارہ سے بدتمیزی کی اور بدکلامی کرتے ہوئے خاتون کے پرائیویٹ پارٹس سے چھیڑ چھاڑ کی اور سیٹ پر تمام افراد کے سامنے خاتون اداکارہ کے ساتھ رسوا کن رویہ اختیار کیا ۔ اس واقعہ سے شدید دلبرداشتہ خاتون اداکارہ نے جوبلی ہلز پولیس میں شکایت کردی ۔ پولیس نے کارروائی کے بعد پرساد بیرا کو گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا ۔ پرساد بیرا ماویڈاکلو ، پیلاری دارم انڈی اور میکانک جیسی ویب سرویس سے کافی معروف ہوا اور انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے والا پرساد بیرا نے اب جیل کے قیدیوں میں بھی اپنا نام رجسٹرڈ کروالیا ہے۔ ع
بیوی سے جھگڑے کے بعد شوہر کی خودکشی
حیدرآباد ۔ 18 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز)بیوی سے جھگڑے کے بعد ایک شخص نے خودکشی کرلی ۔ ملکاجگیری پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 34 سالہ مزدور شخص شیوا کرشنا نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ 9 سال قبل اس نے چندرکلہ سے لو میارج کیا اور اُن کے تین بچے ہیں ۔ کرشنا شراب کے نشہ کا عادی تھا جو نشہ کی حالت میں اکثر بیوی سے جھگڑا کرتا تھا ۔ع
16 ڈسمبر کو نشہ کی حالت میں کرشنا نے بیوی کو مارپیٹ کا نشانہ بنایا جس کے بعد اُس کی بیوی گھر چھوڑکر بہن کے پاس چلی گئی اور جب 17 ڈسمبر کو گھر پہونچ کر دیکھا تو اُس کے شوہر نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی تھی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ ع

موم بتی سے خاتون جھلس کر فوت
حیدرآباد ۔ 18 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز)شاہ میر پیٹ کے علاقہ میں ایک خاتون مکان میں جھلس کر فوت ہوگئی ۔ پولیس کے مطابق موم بتی کے سبب حادثہ پیش آیا اور خاتون حالت نیند میں جل کر فوت ہوگئی ۔ شاہ میر پیٹ پولیس کے مطابق 40 سالہ بھاگیہ جو بونال شاہ میر پیٹ میں رہتی تھی خاتون کے مکان میں گزشتہ 10 دن سے برقی نہیں تھی ۔ برقی کا بل ادا نہ کرنے کی صورت میں برقی منقطع کردی گئی تھی اور خاتون موم بتی جلاکر سورہی تھی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
لون ایپ کی ہراسانی پر خاتون کی خودکشی
حیدرآباد ۔ 18 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز)لون ایپ کی ہراسانی سے تنگ آکر ایک خاتون ملازمہ نے خودکشی کرلی ۔ میڑچل پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 32 سالہ پوجیتا جو اندرا نگر بوڑ اپل علاقہ کے ساکن بھرت کی بیوی تھی ۔ خاتون پیشہ سے تلنگانہ اسٹیٹ ویر ہاؤز کارپوریشن میں سال 2016 ء سے کام کررہی تھی ۔ 16 ڈسمبر کو خاتون کی صحت اچانک بگڑ گئی جس کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا اور 17 ڈسمبر کو خاتون نے شوہر سے فون پر ہراسانی کی شکایت کی ۔ پوجیتا فون کی جانچ کی تو پتہ چلا کہ فون ایپ کے ذریعہ پوجیتا کو شدید ہراسانی کا سامنا تھا جس سے شبہ کیا جارہا ہے کہ نامعلوم شئے کا استعمال کرلیا جو علاج کے دوران فوت ہوگئی۔ میڑچل پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع

عثمانیہ ہاسپٹل سے گمشدہ بچہ دستیاب،ہوم گارڈ محمد اسد کی کوشش کامیاب، بچہ والدین کے حوالے
حیدرآباد /18 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں ایک پریشان حال والدین کو ان کا گمشدہ بچہ پولیس نے حوالے کردیا ۔ علاج کیلئے لنگر پلی سے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل پہونچے جوڑے کا چار سالہ لڑکا اچانک لاپتہ ہوگیا ۔ پریشان حال والدین نے دواخانہ کے احاطہ اور آس پاس بچہ کو تلاش کیا اور اپنی فریاد پولیس سے سنائی ڈپوٹی پر تعینات محمد اسد ہوم گارڈ نے اس جوڑے کی مدد کرتے ہوئے آدھے گھنٹے کی کوشش کے بعد بچہ کو برآمد کرلیا۔ بچہ ہاسپٹل کے احاطے میں والدین کو تلاش کرتے ہوئے بھٹک کیا گیا تھا ۔ اور ہاسٹل کے باہر چند افراد اس کے قریب پہونچے تھے ۔ بچہ کی تلاش میں مصروف اسد نے فوری بچہ کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ محمد اسد ہوم گارڈ کی آمد کے بعد بدمعاش افراد وہاں سے فرار ہوگئے اور اسد نے فوری افضل گنج پولیس انسپکٹر کو اس کی اطلاع دی اور لڑکے کو اس کے والدین کے حوالے کردیا ۔ شیلیجہ اور وشنو اپنے بچے کے ہمراہ شیلیجہ کا علاج کروانے کیلئے لنگم پلی سے عثمانیہ ہاسپٹل پہونچے تھے اور ان کے ہمراہ ان کا چار سالہ لڑکا ابھینندن بھی موجود تھا ۔ ع