شراب کی دوکان میںسرقہ ‘ شراب نوشی کے بعد محو خواب سارق گرفتار
حیدرآباد 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے ضلع میدک کے نارسنگی میں پیر کی رات ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ۔ سرقہ کی غرض سے ایک سارق شراب کی دوکان میں چھت سے داخل ہوا اور نقد رقم ، سی سی ٹی وی کیمرے کی ہارڈ ڈسک کا سرقہ کرلیا ۔ جس کے بعد اس نے شراب پینی شروع کی اور وہ خود پر قابو نہیں رکھ سکا اور بے انتہاء شراب پی لی ۔ نشہ میں اسے نیند آئی اور وہ وہیں سوگیا۔ پیر کی صبح جب شراب کی دوکان کھولی گئی تو چور اندر بے ہوش پایا گیا ۔ دوکان مالک نے فوراً پولیس کو اطلاع دی ۔ پولیس فوراً مقام پر پہنچ گئی اور اسے 108 ایمبولینس کے ذریعہ سرکاری دواخانہ منتقل کردیا ۔ شراب کے نشہ سے چور گھنٹوں بیہوش تھا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ (ش)
مادھاپور میں ایک ہائی پروفائیل پارٹی پر دھاوا ۔ 8 افراد منشیات کے استعمال کے مرتکب پائے گئے
حیدرآباد 31 ڈسمبر (سیاست نیوز ) سائبر آباد کے علاقہ مادھاپور میں اینٹی نارکوٹکس بیورو نے ایک اعلیٰ پارٹی کا پردہ فاش کیا اور مہمانوں کو موقع پر ہی منشیات کے ٹسٹ کا نشانہ بنایا جن میں سے 8 افراد چرس، کوکین، ایفیٹامائن اور میتھمینٹاسن سمیت متعدد منشیات کیلئے مشتبہ پائے گئے ۔ ایک اطلاع پر کارروائی میںتلنگانہ اینٹی نارکوٹکس بیورو اور سائبرآباد پولیس کی ٹیموں نے اتوار کو پارٹی پر چھاپہ مارا اور 25 ممکنہ منشیات کے صارفین کی نشاندہی کی۔ ان میں سے 14 کو منشیات کی جدید جانچ کا نشانہ بنایا گیا جن میں سے 8 کا ٹسٹ مثبت آیا۔ TGANB نے جدید ترین آلات کا استعمال کیا جس میں منشیات کا پتہ لگانے جدید کش، تیز رفتار پیشاب اور تھوک کی جانچ کرنے والی کٹس اور تربیت یافتہ منشیات کا پتہ لگانے والے کتے شامل ہیں۔ ان آلات سے بے مثال درستگی کے ساتھ موقع پر جانچ کو قابل بنایا۔ ٹی جی اے این بی نے کہا کہ جدید ٹکنالوجی نے فوری نتائج کو یقینی بنایا۔ اس میں چوری کی کوئی گنجائش نہیں چھوری۔ یہاں تک کہ ہائی پروفائل افراد بھی اس آپریشن سے مستثنی نہیں تھے۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ جرمن ڈی جے بین بوہمر اور ان کی ٹیم کو بھی جانچ کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں منشیات سے پاک قرار دیا گیا۔ TGANB نے ریاست کے تمام پب اور بارز کو ہدایت دی کہ وہ نمایاں طور پر یہ ظاہر کریں کہ ان کا قیام منشیات سے پاک جگہ ہے اور کم عمر افراد کے شراب نوشی کیلئے صفر رواداری کی پالیسی پر سختی سے عمل کریں۔ ان اصولوں کی کسی بھی خلاف ورزی کے سنگین قانونی نتائج ہوں گے۔ نئے سال کی تقاریب کے ساتھ ہی TGANB نے اعلان کیا کہ تلنگانہ بھر میں تمام تقریبات اور پارٹیوں میں ایسی چیکنگ کی جائے گی۔ منشیات کی کھپت یا سپلائی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ منشیات کی کھپت یا اسمگلنگ کی معلومات ہونے پر TGANB کے ٹول فری نمبر 1908 پر اطلاع دی جاسکتی ہے۔ عہدیدار فوراً قانونی کارروائی کریں گے۔( ش)
سدی پیٹ میں 53 بائیک سائیلنسرز کو مسمار کردیا گیا
حیدرآباد 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے سدی پیٹ میں سدی پیٹ اے سی پی سمن کمار نے آج 53 بائیک سائیلنسرز کو مسمار کردیا۔ سمن کمار نے بتایا کہ بائیک کے ساتھ موجود اصل سائیلنسر ہی گاڑی پر ہونا چاہئے ۔ بڑی اور تیز آواز والے سائیلنسرز پر قانونی کارروائی کی جائیگی ۔ گاڑیوں کا سائیلنسر تبدیل کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے ۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گاڑی چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال ضرور کریںاور ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔ (ش )
دو بائیک سارقین گرفتار۔ 30 گاڑیاں ضبط
حیدرآباد 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) رچہ کنڈہ کے چیتنیا پوری پولیس نے دو بائیک سارقوں کو گرفتار کرکے اُن کے قبضہ سے 30گاڑیوں کو ضبط کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق محمد شیخ 21 سالہ ساکن گولکنڈہ ، محمد عمران 23 سالہ ساکن گولکنڈہ اور عمران جو مفرور بتایا گیا تینوں دوست ہیں جو شراب نوشی ، سگریٹ نوشی اور عیاشی کے عادی ہیں جن کیلئے اُنھیں آسانی سے پیسہ کمانا تھا جس کیلئے تینوں نے بائیک چوری شروع کی اور اس کے سہارے اپنی زندگی گذار رہے تھے ۔ تینوں نے رچہ کنڈہ ، سائبرآباد ، حیدرآباد ، وقارآباد ، نظام آباد اور سنگاریڈی کے حدوو میں 30 موٹر سائیکلوں کا سرقہ کیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمین کے قبضہ سے 30 موٹر سائیکلیں جن کی مالیت 46 لاکھ روپئے بتائی گئی ضبط کی گئیں ۔ تیسرا سارق عمران جو مفرور ہے اُس کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ تینوں سارقین مختلف مقامات پر پارک گاڑی کا سرقہ کرتے اور اسے لیجاکر کم قیمت میں فروخت کرتے تھے ۔ مشتبہ حالت میں بائیک پر جاتے ہوئے پولیس نے حراست میں لیکر تفتیش کی تو دونوں نے اپنا جرم قبول کرلیا۔ (ش )
سیل فون کا سرقہ کرنے والے چار افراد گرفتار
حیدرآباد 31 ڈسمبر ( سیاست نیوز) ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے چھ افراد کو گرفتار کرکے اُن کے قبضہ سے آٹھ سیل فون و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب محمد عباس علی 60 سالہ ، محمد رضوان 24 سالہ ، محمد صادق 22 سالہ ، محمد دستگیر 48 سالہ چاروں بھیڑوالے مقام کا انتخاب کرتے اور عوام کو باتوں میں اُلجھاکر اُن کے پاس سے سیل فون کا سرقہ کیا کرتے تھے ۔ جتنے بھی سیل فون کا سرقہ کرتے یہ اُنھیں محمد ستار اور شیخ اظہر کو فروخت کرتے تھے ۔ ایک اطلاع پر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ، حسینی علم اور آئی ایس سدن پولیس نے اُنھیں گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے آٹھ سیل فون ، ایک چاقو ، آٹو رکشا جن کی جملہ مالیت تین لاکھ روپئے ضبط کرکے اُنھیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔ (ش)
1500 روپئے کیلئے ایک شخص کا قتل ۔ تروپتی میں واقعہ
حیدرآباد 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) آندھراپردیش میں صرف 1500 روپئے کیلئے ایک شخص کا قتل کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق آندھراپردیش کے تروپتی ضلع میں کلیگری میں محبوب صاحب اور عظمت اﷲ نامی افراد پریہ درشن ترکای مارکٹ میں تجارت کرتے تھے ۔ محبوب سے ردرا نامی شخص نے 1500 روپئے قرض لیا تھا ۔ ادھار لی گئی رقم محبوب کو نہیں لوٹا رہا تھا جس کے بعد ردرا اور محبوب کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد مقامی افراد نے دونوں کو الگ کردیا جس کے کچھ گھنٹوں بعد ردرا اپنے بیٹے اور چند ساتھیوں کے ہمراہ مارکٹ پہنچا لیکن اس وقت محبوب مارکٹ میں نہیں تھے ۔ ردرا نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ عظمت اللہ پر خنجر سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں عظمت اﷲ شدید زخمی ہوگئے تھے ۔ اُنھیں دواخانہ منتقل کردیا تھا جہاں وہ دوران علاج زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ ( ش )
کنڈہ پور میںاپارٹمنٹ کی 9 ویں منزل پر آگ لگ گئی
حیدرآباد 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) مضافاتی علاقہ کنڈہ پور میں راجا راجیشوری کالونی کے گیلگژری اپارٹمنٹ کی 9 ویں منزل پر آگ لگی ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائیر انجن آگ بجھانے پہنچ گئے ۔ اتفاقی طورپر 9 ویں منزل پر کوئی موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ آگ پر قابو پالیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات پر پتہ چلا کہ گیس سلینڈر پھٹنے سے آگ لگی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ ( ش )
ایک شخص کی درخت سے لٹک کر خودکشی
حیدرآباد 31 ڈسمبر ( سیاست نیوز) شمس آباد کے موضع مدن پلی میں ایک درخت سے ایک شخص نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق وی راجو 40 سالہ ساکن محبوب نگر جس نے درخت پر رسی کے ذریعہ پھانسی لی تھی ۔ پولیس کی تفتیش پر پتہ چلا کہ وی راجو پر محبوب نگر میں 9 قتل کے مقدمات درج ہیں اور وہ حال میں پیرول پر باہر آیا تھا ۔ چند دن گھر میں رہنے کے بعد وہ محبوب نگر سے فرار ہوکر شمس آباد میں مقیم تھا اور اچانک اُس نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ ( ش )
سائبر دھوکہ میں ملوث سات افراد گرفتار
حیدرآباد 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) تلنگانہ سائبر سکیورٹی بیورو نے ریاست میں سائبر فراڈ میں مبینہ طورپر ملوث سات افراد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے 9 موبائیل فونس ، ایک لیاپ ٹاپ ، ایک کار اور 97 ہزار روپئے نقد رقم ضبط کرلی ۔( ش)
ٹی جی سی ایس جی کی ٹیموں نے راجستھان میں مجرمانہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے اور سات افراد کو حراست میں لیاجو تلنگانہ میں 189 معاملات میں ملوث ہیں۔ ملک بھر میں ان افراد پر 2223 مقدمات درج ہیں۔ تلنگانہ سائبر سکیورٹی بیورو کی ڈائرکٹر شکھا گوئل نے کہاکہ جن افراد کو گرفتار کیا گیا وہ اہم ایجنٹس ہیں۔ وہ لوگوں سے رقم حاصل کرکے بینک میں رقم جمع کررہے تھے ۔ گرفتارشدگان میں سوربھ سنگھ ، دیویندر کمار سرن ، راہول ویشنو ، نتن سوڈیہ ، نوین کمار ، کلدیب مینا اور ساحل خان شامل ہیں۔
عصمت ریزی کے ملزم کو 20 سال قید کی سزاء
حیدرآباد 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی کورٹ ایل بی نگر کے فاسٹ ٹریک اسپیشل جج نے عصمت ریزی کے ملزم کو 20 سال کی سزاء اور جرمانہ عائد کیا ۔ تفصیلات کے مطابق سرور نگر پولیس اسٹیشن میں 2018 ء میں مہیش 23 سالہ بائیک میکانک کو لڑکی کی عصمت ریزی میں گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا تھا اور مقدمہ کی جلد سنوائی کیلئے مقدمہ کو فاسٹ ٹریک کورٹ اسپیشل جج کے روبرو پیش کیا گیا ۔ تمام کارروائی کے بعد جج نے عصمت دری کے ملزم کو 20سال جیل کی سزا اور پچیس ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا اور متاثرہ لڑکی کو پانچ لاکھ روپئے معاوضہ کے احکامات جاری کئے۔ (ش)
گھٹکیسر میںشوہر نے پتھر سے مار کر بیوی کو ہلاک کردیا
حیدرآباد 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقہ گھٹکیسر منڈل کے پرتاپ لنگارم گاؤں میں شوہر نے بیوی کو پتھر سے مارکر ہلاک کردیا ۔ پولیس کے بموجب متاثرہ خاتون کی شناخت نہاریکا 35 سال کے طورپر کی گئی جس کی شادی 8 سال قبل شیکھر ریڈی سے ہوئی ، اُنھیں دو بچے بھی ہیں۔ شیکھر اکثر معمولی باتو ں پر بیوی سے جھگڑا کرتا تھا اور حال میں دونوں میں جھگڑا ہوا تھا اس بحث کے دوران شیکھر نے نہاریکا کے سر پر پتھر سے حملہ کرکے ہلاک کردیا۔ میڈی پلی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کاآغاز کردیا ۔ ( ش )