سگے بھتیجہ کا قتل کرنے والی پھوپھی کو عمر قید کی سزاء
حیدرآباد یکم / جنوری ( سیاست نیوز ) سگے بھتیجہ کا قتل کرنے والی پھوپھی کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ عبداللہ پور میٹ پولیس حدود میں پیش آئے ایک سنسنی خیز انسانیت سوز قتل کے واقعہ میں عدالت نے فیصلہ سنایا ہے اور 21 سالہ خاتون شویتا کو عمر قید کی سزا سنائی ۔ سال 2021 میں شویتا نے اپنی پھوپھی سے بدلہ لینے کیلئے اس کے دو ماہ کے بچے کا قتل کردیا تھا ۔ عبداللہ پورمیٹ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کو انجام دیا اور عدالت میں چارج شیٹ کو داخل کردیا ۔ اناج پور گاؤں عبداللہ پور میٹ منڈل کی ساکن شیوتاکی کوئی اولاد نہیں تھی وہ لاولد تھی اور اس کی بھابی بانچپن کے سبب رسوائی کرتی تھی ۔ شیوتانے بھابی کی حرکت سے تنگ آکر بدلہ لینا چاہا اور اس کے دو ماہ کے بیٹے کا قتل کردیا تھا ۔ ع
سال نو کے موقع پر کثرت سے شراب نوشی کے بعد ایک شخص کی مشتبہ موت
حیدرآباد یکم / جنوری ( سیاست نیوز ) سال نو کے جشن میں کثرت سے مئے نوشی ایک نوجوان کی ہلاکت کا سبب بن گیا ۔ پہاڑی شریف پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 28 سالہ سباوت گوریا کثرت سے مئے نوشی کے بعد مشتبہ حالت میں فوت ہوگیا ۔ گوریا پوڈور وقارآباد میں کام کرتا تھا ۔ سال نو کیلئے اسنے کنٹراکٹر سے ایک ہزار روپئے حاصل کیا اور ساتھیوں کے ہمراہ تکوگوڑہ علاقہ پہونچا اور کثرت سے مئے نوشی کی اور جشن کے بعد کھانے کے دوران مشتبہ طور پر صحت بگڑ گئی اور اس کے ساتھیوں نے ہاسپٹل منتقل کیا جہاں وہ علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس پہاڑی شریف نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع
فلم نگر پولیس اسٹیشن کے کانسٹیبل کی ملک پیٹ میں خودکشی
حیدرآباد یکم / جنوری ( سیاست نیوز ) ملک پیٹ حدود میں ایک اور پولیس ملازم نے خودکشی کرلی ۔ ان دنوں تلنگانہ میں پولیس ملازمین کی خودکشی کا یہ چوتھا واقعہ ہے جہاں 36 سالہ کانسٹیبل کرن نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس کے مطابق جناوت کرن فلم نگر پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دے رہا تھا ۔ جو آسمان گڑھ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ آج شام جناوت کرن نے اپنے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ خاندانی مسائل اور گھریلو جھگڑے کانسٹیبل کی خودکشی کی وجہ بتائی جارہی ہے ۔ ملک پیٹ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع
کلثوم پورہ میں غیر قانونی سودی کاروبار کرنے والا فینانسر گرفتار
حیدرآباد یکم / جنوری (سیاست نیوز ) شہر میں خانگی فینانسروں کے خلاف پولیس نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔ کلثوم پورہ حدود میں زائد شرح سود پر غیر قانونی کاروبار کرنے والے ایک فینانسر کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ ویسٹ زون مسٹر اشفاق نے بتایا کہ کلثوم پورہ حدود میں محمد نامی ایک خانگی فینانس کو گرفتارکرلیا گیا ۔ جو 20 فیصد شرح سود پر قرض دیتے ہوئے ہراساں کر رہا تھا۔ قرض داروں کو دھمکیاں دیتے ہوئے ان کا جینا مشکل کردیا تھا ۔شکایت پر کارروائی کرتے پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل ڈی سی پی نے بتایا کہ سٹی پولیس کمشنر کی خصوصی ہدایت پر شہریوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے اور خانگی فینانسروں پر لگا م لگائی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ بغیر لائیسنس کے زائد شرح سود پرحاصل کرتے ہوئے غریب عوام کا جینا مشکل کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے غیر قانونی کاروبار کرنے والے فینانسروں کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا اورکہا کہ وہ اپنی حرکتوں سے اگر باز نہیں آتے ہیں تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے غیر قانونی خانگی فینانسروں کی ہراسانی پر خاموش نہ رہیں بلکہ مسئلہ کو پولیس سے رجوع کردیں ۔ انہوں نے مقامی پولیس میں شکایت پر عدم کارروائی پر عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اعلی عہدیداروں سے مسئلہ کو رجوع کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ مسائل کو حل نہ کرنے اور مبینہ طور پر فینانسروں کا ساتھ دینے والے پولیس ملازمین کے خلاف بھی کارروائی ہوگی ۔ ع
چھتری ناکہ میں ٹرین حادثہ ،خاتون ہلاک
حیدرآباد یکم / جنوری ( سیاست نیوز ) ) پرانے شہر کے علاقہ چھتری ناکہ میں ایک خاتون ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی ۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ کے مطابق 50 سالہ خاتون پشپا جو چھتری ناکہ علاقہ میں رہتی تھی ۔ پیشہ سے جاروب کش بتائی گئی ہے۔ پشپا کل کندیکل گیٹ اور اپوگوڑہ کے درمیان ریلوے لائن کو عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں ہلاک ہوگئی ۔ ع
لفٹ مانگ کر لوٹنے والی شاطر خواتین گرفتار،متاثرہ شخص کی شکایت پر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد یکم / جنوری ( سیاست نیوز ) لفٹ مانگ کر لوٹنے والی دو شاطر دھوکہ باز خواتین کو پولیس نے بالا آخر گرفتار کرلیا جو شہریوں سے پہلے مدد مانگا کرتی تھیں ۔ پھر انہیں دھمکا کر رقم وصول کیا کرتی تھیں۔ لالہ گوڑہ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ان خواتین کو گرفتارکرلیا ۔ جن کا تعلق فصیل گوڑہ سے بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے متاثرہ شہری کی شکایت کے بعد کارروائی کو انجام دیا اور بھاگیہ اور ونیلیہ کی حیثیت سے شناخت کرلی گئی ۔ دونوں آپس میں رشتہ دار بتائی گئیں ہیں جو منصوبہ بند طریقہ سے لفٹ مانگا کرتی تھیں۔ رات کے اندھیرے میں تنہائی کا فائدہ اٹھاکر شہریوں سے لفٹ مانگا کرتی تھیں اور لفٹ دینے پر مجبور کرتی تھیں پھر تھوڑی دور سفر کرنے کے بعد لفٹ دینے والے شہری کو پولیس کارروائی کی دھمکی دیکر ان سے جو بن پڑتا ٹھگ لیا کرتی تھیں ۔ پولیس کے مطابق بھاگیہ اور ونیلیہ کی زد میں آنے والے شہریوں کی تعداد زیادہ ہوسکتی ہے۔ لیکن ایک شہری کی شکایت پر کارروائی کی گئی ۔ پولیس کارروائی سے بچنے لفٹ دینے کی غلطی کا پچھتاوا کرتے ہوئے اکثر شہری انہیں رقم دیا کرتے اور راہ فرار اختیار کرتے تھے ۔ شکایت گذار شہری نے انہیں نومبر کے پہلے ہفتہ میں لفٹ دیا جس کے بعد ان دونوں شاطر خواتین نے گرفتاری سے قبل تک بھی اس کو دھمکاکر رقم لوٹ رہے تھے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 3 لاکھ 20 ہزار روپئے لوٹ لئے گئے اور شاطر خواتین اس شہری کے گھر تک پہونچیں۔ مزید دھمکیوں سے پریشان ہو کر شہری نے پولیس میں شکایت کردی اور پولیس نے کارروائی کے دوران انہیں گرفتار کرلیا ۔ ع
پتنگ بازی کے دوران برقی شاک سے زخمی کمسن لڑکے کی موت
حیدرآباد یکم / جنوری ( سیاست نیوز ) پتنگ بازی کے دوران پیش آئے برقی شاک حادثہ میں زخمی کمسن لڑکا فوت ہوگیا ۔ آصف نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس کے مطابق 12 سالہ محمد سمیع جو مرادنگر علاقہ کے ساکن محمد شاداب کا بیٹا تھا ۔ گذشتہ ماہ پتنگ بازی کے دوران پیش آئے برقی شاک کے حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا ۔ سمیع طالب علم تھا ۔ 12 ڈسمبر کوپتنگ بازی میں مصروف محمد سمیع تاروں میں پھنسی پتنگ کو نکالنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس دوران برقی شاک کے سبب شدید زخمی ہوگیا ۔ جو علاج کے دوران آج فوت ہوگیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
عبداللہ پور میٹ میں سڑک حادثہ ، ایک نوجوان ہلاک
حیدرآباد یکم / جنوری ( سیاست نیوز ) عبداللہ پور میٹ پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک نوجوان ہلاک ہوگیا جو سال نو کے موقع پر جشن منارہا تھا اور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گیا تھا ۔ عبداللہ پور میٹ پولیس کے مطابق 19 سالہ انیت کمار جو مہیندر ریڈی کا بیٹا تھا کل رات نئے سال کا جشن منارہا تھا ۔ انیت کمار اپنے ساتھیوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر آوٹر رنگ روڈ سے وجئے واڑہ ہائی وے کی جانب جارہا تھا ۔ راستہ میں پٹرول ختم ہونے کے سبب اس کے دو ساتھیوں نے اسے انتظار کرنے کیلئے کہا اور موٹر سائیکل لیکر پٹرول حاصل کرنے نکلے اس دوران انیت کمار انتظار کے بجائے ساتھیوں کے پیچھے نکل پڑا اور نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
سرکاری ملازمت کے حصول میں ناکامی سے دلبرداشتہ خاتون کی خودکشی
حیدرآباد یکم / جنوری ( سیاست نیوز ) سرکاری ملازمت میں ناکامی سے دلبرداشتہ ایک خاتون نے خودکشی کرلی ۔ گچی باؤلی پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس کے مطابق 31 سالہ بالامنی جو گچی باؤلی علاقہ کے ساکن ستیہ کی بیوی تھی ۔ یہ خاتون سرکاری ملازمت کی خواہشمند تھی اور کئی مسابقتی امتحانات میں شرکت کی اور مسلسل کوششوں میں جٹی ہوئی تھی ۔ بالامنی کے ساتھیوں کو سرکاری ملازمت حاصل ہوچکی تھی اور ناکامی سے بالامنی شدید دلبرداشتہ ہوگئی تھی ۔ جس نے کل رات پھانسی لیکر انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع
لاپتہ تاجر کی نعش ایس آر نگر میں برآمد
حیدرآباد یکم / جنوری ( سیاست نیوز ) شہر میں پراسرار طور پر لاپتہ ایک تاجر کی نعش ایس آر نگر علاقہ سے دستیاب کرلی گئی ۔ وشنو روہانی جو 28 ڈسمبر سے پر اسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تھا ۔ اس شخص کی نعش کو ایس آر نگر علاقہ کی ایک کالونی سے دستیاب کرلیاگیاجو مشتبہ حالت میں پائی گئی ۔ اطلاع کے بعد پولیس نے ضابطہ کی کارروائی کو انجام دیا۔ شبہ ظاہر کیا جارہا ہیکہ کار فینانس کے مسئلہ پر وشنو روپانی کا اغواء اور قتل کرگیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ ع