جرائم و حادثات

   

قتل کے بعد نعش کے ساتھ جنسی خواہش کی تکمیل
آندھراپردیش میں درندگی کی انتہا ، گھناؤنا واقعہ
نیلور ۔ 2 ۔ جنوری : (سیاست نیوز ) ۔ معصوم بچیوں، ضعیف خواتین کے ساتھ ساتھ اب خواتین کی نعشیں بھی ہوس کے پجاریوں سے محفوظ نہیں ہیں۔ انسانیت کو شرمندہ کرنے والا ایک گھناؤنا واقعہ ریاست آندھرا پردیش میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنی بھابھی کا قتل کرکے نعش کے ساتھ جنسی خواہش کی تکمیل کی۔ ریاست مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والا سری کانت بسواس کئی سال قبل اپنے خاندان کے ساتھ ریاست آندھرا پردیش پوٹی سری رامولو، نیلور ضلع کے کاولی منتقل ہوا۔ سری کانت بسواس اس کے ماں باپ، بیوی اور دو بچوں کے علاوہ اس کا چھوٹا بھائی نایا بسواس ایک ہی گھر میں رہا کرتے ہیں۔ سری کانت بسواس کے ماں باپ نئے سال کے موقع پر تروملا گئے تھے۔ اس رات گھر میں سب نے نئے سال کی تقاریب میں حصہ لیا۔ اس موقع پر سری کانت بسواس نے بہت زیادہ شراب نوشی کی اور سو گیا، سب کے سو جانے کے بعد رات دیر گئے سری کانت کا بھائی نایا بسواس نیند سے بیدار ہوا اور اپنی بھابھی کے کمرے میں گیا اور جنسی خواہش کی تکمیل کی شرمناک پیشکش کی، خاتون نے جب انکار کردیا تو اس درندہ نے لوہے کی سلاخ سے بھابھی کے سر پر حملہ کیا جس کے نتیجہ میں خاتون شدید زخمی ہو گئی اور موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ بھابھی کے ہلاک ہونے کے بعد نایا بسواس نے درندگی کی تمام حدوں کو پار کرتے ہوئے نعش کے ساتھ عصمت ریزی کی۔ اپنی جنسی خواہش پوری کرنے کے بعد اس نے نعش کو گھر کے قریب نالے میں پھینک دیا جو گھر سے سو میٹر دور ہے۔سری کانت بسواس صبح بیدار ہوا اور اس نے دیکھا کہ اس کی بیوی غائب ہے، گھر کی تلاشی لی مگر وہ کہیں نہیں ملی البتہ اس کے بیڈروم میں خون کے دھبے پائے گئے۔ پریشان شوہر نے کالونی کے افراد کو یہ بات بتائی تو سب نے مل کر خاتون کو تلاش کی۔ کچھ دیر بعد اس کی خون میں لت پت نعش قریبی نالے سے دستیاب ہوئی۔ تمام کو نایا بسواس پر شک تھا جس نے پہلے بھی اپنی بھابھی کو جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔ فوراً اسے پکڑ کر جب سختی سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے اقبال جرم کرلیا۔ پولیس نے اس معاملہ میں کیس درج کرکے چھان بین شروع کردی ہے۔ش

فارماسٹیکلس میں منشیات کی تیاری کے خلاف دھاوا
دو کروڑ روپئے مالیتی ادویات ضبط ، ڈرگس کنٹرول اڈمنسٹریشن کا اقدام
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے سنگاریڈی کے علاقہ بولارم میں ایک فارما سیوٹیکل یونٹ اکرون فارمولیشن انڈیا پر چھاپہ مارا جہاں بغیر کسی اجازت کے منشیات تیار کیا جارہا تھا ۔ تمام ادویات کو ضبط کرلی گئی جس کی قیمت دو کروڑ تک بتائی گئی ۔ ڈی سی اے ڈائرکٹر جنرل کملاس ریڈی نے بتایا کہ ڈی سی اے ٹیم نے چھاپہ کے دوران مرہم اور کریمس تیار کررہے تھے جس میں مختلف قسم کے کریمس تھے ڈرگس اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ کے تحت تجویز کردہ معیارات کے مطابق صرف لائیسنس کے تحت ہی یہ کریمس تیار کی جاسکتی ہیں ۔ ڈی سی اے ڈی جی نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات کی جائے گی اور اس معاملہ میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ لائیسنس کے بغیر تیار کردہ ادویات معیار پر پورا نہیں اترتے جس کی وجہ سے انسانی صحت پر اس کے منفی اثرات ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بغیر لائیسنس کے تیار کرنے پر پانچ سال تک کی قید کی سزا ہوسکتی ہے ۔۔ ش

گھٹکیسر میں مسلم مویشی تاجر پر گاؤں رکھشکوں کا حملہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : گھٹکیسر پولیس اسٹیشن کی حدود میں چہارشنبہ کی رات دیر گئے اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب گاؤ رکھشکوں کے ایک گروپ نے بھینسوں کو شہر منتقل کرنے والے مسلم تاجروں پر حملہ کیا ۔ یہ واقعہ رات 11 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک مویشی تاجر عمر قریشی ، بی بی بازار نلگنڈہ مارکٹ میں چھ مویشی خریدے اور بھینسوں کو ڈی سی ایم میں حیدرآباد منتقل کررہے تھے ۔ گھٹکیسر ٹریفک سگنل پر بی جے وائی ایم میڑچل دیہی ضلع صدر پون ریڈی اور اس کے ساتھیوں نے ڈی سی ایم اور ڈرائیور کو روکا انہیں گاڑی سے نیچے اتارا اور مبینہ طور پر ان پر حملہ کیا ۔ طلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور ڈرائیور کو دواخانہ منتقل کر کے مقدمہ درج کرلیا ۔۔ ش

شاہ عنایت گنج کے کمسن بچہ کی باولی میں گرنے سے موت
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : شاہ عنایت گنج پولیس حدود میں ایک کمسن بچہ باؤلی میں مشتبہ طور پر گر کر فوت ہوگیا ۔ شاہ عنایت گنج پولیس کے مطابق 7 سالہ منوج کمار یادو جو طالب علم تھا جمعرات بازار علاقہ کے ساکن نندکمار یادو کا بیٹا تھا جو کل مکان کے قریب ایک قدیم باولی میں مردہ پایا گیا ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ لڑکا کھیل کے دوران حادثاتی طور پر گر گیا ہوگا ۔ منوج کمار کل اسکول کی چھٹی کے سبب کھیل میں مصروف تھا اس کی والدہ پروالیکا ملازمت پر گئی تھی ۔ شوہر کی موت کے بعد خاتون ملازمت کرتے ہوئے اپنے تین بچوں کی پرورش کررہی ہے ۔ کل پروالیکا کام پر تھی اور بچے مکان پر تھے کہ یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا ۔ شاہ عنایت گنج پولیس مصروف تحقیقات ہے۔۔ ع

ڈیجیٹل دھوکہ دہی کا شکار ضعیف خاتون کی شکایت پر دھوکے باز گرفتار ، لاکھوں کی رقم بازیاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : سائبر کرائم راچہ کنڈہ پولیس نے ڈیجیٹل ارسٹ دھوکہ دہی کا شکار ایک ضعیف خاتون کے مقدمہ میں کارروائی کرتے ہوئے دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا اور ضعیف خاتون سے لوٹی گئی رقم میں 70 لاکھ 1788 روپئے رقم کو واپس دلا دیا ۔ 65 سالہ ضعیف خاتون جو اپل علاقہ سے تعلق رکھتی ہے اس خاتون کو ممبئی سائبر کرائم کے دفتر سے فون کرنے کا جھانسہ دے کر شدید ہراساں کیا گیا اور خاتون کی شناخت سے سم کارڈ حاصل کرتے ہوئے دھوکہ دینے کے نام پر خاتون کو شدید پریشان کیا گیا اور خاتون کے نام 24 شکایتوں کا حوالہ دے کر خاتون کے ساتھ دھوکہ دہی کی گئی اور اکاونٹس میں ایک کروڑ 58 لاکھ 70 ہزار روپئے ٹرانسفر کرلیے گئے ۔ شکایت کے بعد انسپکٹر مقبول جانی کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے خاطیوں کو گرفتار کرلیا ۔ اور مراد آباد اترپردیش کے آئی سی آئی سی آئی بنک اکاونٹ سے 70 لاکھ روپئے کی رقم دوبارہ حاصل کرلی ۔۔ ع