جرائم و حادثات

   

حیدرآباد سے ممبئی جانے والی خاتون ایرپورٹ پر گرفتار
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد سے ممبئی جانے والی خاتون کو شمس آباد ایرپورٹ پر سی آئی ایس ایف عہدیداروں نے حراست میں لیتے ہوئے شمس آباد آر جی آئی اے پولیس کے حوالہ کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایک خاتون حیدرآباد سے ممبئی کو بذریعہ فلائیٹ سفر کرنے ایرپورٹ پہنچی ۔ ایمیگریشن چیکنگ کے دوران خاتون کے کپڑوں میں مشکوک اشیاء نظر آئی ۔ تلاشی لینے پر اس کے پاس سے تین لائیٹر برآمد ہوئے ۔ فلائیٹ میں سفر کے دوران لائیٹر لیجانے پر پابندی ہے ۔ خاتون کے پاس سے تین لائیٹر ملنے پر اسے حراست میں لیتے ہوئے مزید تحقیقات کیلئے اسے شمس آباد آر جی آئی ایس پولیس کے حوالہ کردیا ۔۔ ش
میرپیٹ پولیس حدود میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل
حیدرآباد /22 جنوری ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد میں بیوی کے قتل کی ایک اور سنسنی خیز واردات پیش آئی ۔ حاملہ بیوی کے قتل کا واقعہ ابھی تازہ ہی تھا کہ ایک شخص نے اس کی بیوی کے ٹکڑے کردیا ۔ درندگی کی انتہا کرتے ہوئے اس قاتل نے پہلے بیوی کا قتل کیا پھر اس کی نعش کے ٹکڑے بنائے اور کوکر میں ان ٹکڑوں کو پکایااور پھر ان ٹکڑوں کو پانی میں پھینک دیا ۔ اس قتل سے بیوی پر اس کی نفرت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے میرپیٹ پولیس حدود میں یہ واردات پیش آئی ۔ جہاں گرو مورتی نامی شخص نے اس کی بیوی وینکٹا مادھوی کا قتل کردیا قتل کے بعد قاتل خود اپنے ساس خسر کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہونچا اور بیوی کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی ۔ میر پیٹ پولیس کے مطابق گرومورتی پیشہ سے ڈی آر ڈی او میں کنٹراکٹ ملازم بتایا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرو مورتی نے بیوی پر شک کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا ۔ گرو مورتی کو بیوی کے کردار پر شک تھا اور اس درندہ نے یہ انتہائی اقدام کیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرومورتی نے بیوی کے قتل سے قبل ایک کتے کا بھی قتل اور اس کی نعش کے بھی ٹکڑے تیار کئے ۔ پولیس میرپیٹ نے بتایا کہ گرومورتی نے اس کی بیوی کے ٹکڑوں کو جلیل گوڑہ تالاب میں پھینک دیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع
عمارت کی بلندی سے گرنے پر نوجوان کی موت
حیدرآباد /22 جنوری ( سیاست نیوز ) مادھاپور کے علاقہ میں ایک نوجوان عمارت کی بلندی سے مشتبہ طور پر گرکر فوت ہوگیا ۔ مادھاپور پولیس کے مطابق 23 سالہ راکیش عالم جو پیشہ سے سینٹرنگ کا کام کرتا تھا ۔ مادھاپور علاقہ میں زیر تعمیر عمارت کی 17 ویں منزل سے مشتبہ طور پر گرکر فوت ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق راکیش عالم علاقہ میں زیر تعمیر واسوی اسکائی لاکنسٹرکشن کی سائیٹ پر کام کر رہا تھا ۔ مادھاپور پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع

افضل گنج فائرنگ واقعہ کی تحقیقات میں سنسنی خیز انکشاف
بیدر میں اے ٹی ایم کو لوٹنے کی سازش حیدرْآباد میں تیار کی گئی ، پولیس کی خصوصی ٹیمیں ڈاکوؤں کی تلاش میں مصروف
حیدرآباد /22 جنوری ( سیاست نیوز ) افضل گنج فائرنگ واقعہ کی تحقیقات میں مصروف پولیس کی خصوصی ٹیموں نے ایک اور سنسنی خیز انکشاف کیا ہے ۔افضل گنج فائرنگ سے قبل ڈاکوؤں نے کرناٹک بیدر میں جو واردات انجام دی تھی اس کی سازش حیدرآباد میں رچی گئی اور امیت کمار ٹولی نے حیدرآباد سے بیدر کا رخ کیا اور پھر بعد میں حیدرآباد پہونچے اور حیدرآباد سے رائے پور فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے ۔ پولیس ذرائع نے تازہ تحقیقات میں بتایاکہ ڈاکو مہاراشٹرا پہونچے ہیں ۔ برائے عادل آباد انہوں نے مہاراشٹرا میں داخلہ لے لیا اور ان علاقوں میں پولیس سے بچنے کے محفوظ مقام تلاش کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ حیدرآباد سٹی پولیس کی 10 خصوصی ٹیمیں ان ڈاکوؤں کو تلاش کر رہی ہے ۔ جن کے متعلق ہر دن نیا انکشاف منظر عام پر آرہا ہے ۔ افضل گنج سے بذریعہ آٹو براہ معظم جاہی مارکٹ عابڈس ٹینک بنڈ سے سکندرآباد اسٹیشن پہونچنے والے ڈاکوؤں نے پولیس کو چکمہ دیا اور پولیس کی توجہ ہٹاکر وہاں سے آٹو میں گجویل کیلئے روانہ ہوئے لیکن تھوڑی دور سفر کرنے کے بعد ترملگیری میں آٹو چھوڑ دیا اور راستہ بدل دیا ۔ پولیس نے تازہ تحقیقات میں بتایا کہ ڈاکوؤں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور ان کی سرگرمیوں کی جانچ کیلئے 750 کیمرے تلاش کئے گئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق بیدر واردات میں استعمال کی گئی موٹر سائیکل بھی اے پی نمبر پلیٹ کی ہے اور اس موٹر سائیکل کو املی بن بس اسٹیشن کے پارکنگ سے ضبط کرلیا گیا ہے ۔ بیدر میں واردات کو انجام دینے حیدرآباد سے موٹر سائکل پر سفر کیا گیا اور اسی موٹر سائیکل کے ذریعہ لوٹی گئی رقم حیدرآباد لایا گیا اور موٹر سائیکل املی بن پارکنگ میں رکھنے کے بعد دو ڈاکوؤں نے افضل گنج کا رخ کیا جہاں رائے پور کیلئے خانگی بس سے سفر کی کوشش کی گئی اور گرفتاری کے خوف سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ۔ حیدرآباد سٹی پولیس نے عنقریب ان ڈاکوؤں کی گرفتاری کا دعوی کیا گیا ہے ۔ ع

مشیرآباد میں موٹر سائیکلوں کا ارق گرفتار
حیدرآباد /22 جنوری ( سیاست نیوز ) مشیرآباد پولیس نے موٹر سائیکلوں کا سرقہ کرنے والے سارق کو گرفتار کرلیا ۔ مشیرآباد پولیس نے ایک کارروائی میں 29 سالہ ڈی ہری کرشنا عرف انوشی ساکن بھوئی گوڑہ کو گرفتار کرلیا۔ محمد ندیم حسین ڈی آئی مشیرآباد کی ٹیم نے ہری کرشنا کو گرفتار کرلیا جو تقریباً 9 وارداتوں میں ملوث پایا گیا ۔ مشیرآباد پولیس نے اس عادی سارق کے قبضہ سے 2 لاکھ 40 ہزار روپئے مالیتی 9 مسروقہ موٹر سائیکلوں کو ضبط کرلیا ۔ مارکٹ عطاپور ، چلکل گوڑہ ، سکریٹریٹ ، مشیرآباد حدود میں اس نے وارداتوں کو انجام دیا تھا ۔ ع
لڑکی سے محبت پر اعتراض و ڈانٹ ڈپٹ سے
دل برداشتہ نوجوان کی خودکشی
حیدرآباد /22 جنوری ( سیاست نیوز ) لڑکی سے محبت پر اعتراض اور ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ نوجوان نے خودکشی کرلی ۔ جیڈی میٹلہ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس کے مطابق 22 سالہ شیوا جو چنتل علاقہ میں رہتا تھا ۔ پیشہ سے آٹو ڈرائیور بتایا گیا ہے ۔ شیوا ایک لڑکی سے محبت کرتا اور اس بات کا پتہ اس کے والدین کو ہوا ۔ شیوا کے والدین نے لڑکی سے محبت میں والدین روکاٹ اور مخالفت سے دلبرداشتہ نوجوان فوت ہوگیا ۔ پولیس جیڈی میٹلہ نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ع
جہیز ہراسانی کے ذریعہ بیوی کو خودکشی کیلئے مجبور کرنے والے شوہر کو سزاء
حیدرآباد /22 جنوری ( سیاست نیوز ) زائد جہیز کیلئے ہراساں کرنے اور بیوی کی خودکشی کا سبب بننے والے شوہر کو عدالت نے سات سال کی سزا سنائی ہے ۔ ایل بی نگر کی ایک عدالت نے عطاپور پولیس اسٹیشن کے تحت سال 2018 کے مقدمہ میں ملزم 33 سالہ اسد علی کو سات سال کی سزا اور تین ہزار روپئے جرمانہ عائد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا ہے ۔ ایل بی نگر کی ایک عدالت نے آج اس مقدمہ میں فیصلہ سنایا ۔ ملزم اسد علی ساکن قائم نگر جو پیشہ سے خانگی ملازم ہے ۔ اس نے زائد جہیز کیلئے بیوی کو پریشان کیا اور خودکشی کا سبب بنا پولیس نے تمام ثبوت اور گواہوں کی چارج شیٹ کو عدالت میں پیش کردیا ۔ عدالت نے فیصلہ سنایا ۔ ع
فرضی دستاویزات کے ذریعہ اراضی پر قبضہ کرنے والے دو بھائی گرفتار
حیدرآباد /22 جنوری ( سیاست نیوز ) فرضی دستاویزات کے ذریعہ اراضی پر قبضہ کرنے والے دو بھائیوں کو پولیس مائیلاردیوپلی نے گرفتار کرلیا۔ تین ماہ کی طویل تحقیقات کے بعد پولیس نے بالآخر56 سالہ کشور کمار اور 58 سالہ اشوک کمار ساکنان گگن پہاڑ کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان دونوں بھائیوں کو عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے انہیں 14 دن کی تحویل میں دے دیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ دونوں بھائی اے آر کے پٹرول پمپ اور بار کے مالکین ہیں ۔ جنہوں نے بدویل میں پائی جانے والی اراضی کے فرضی دستاویزات کو تیار کرتے ہوئے اس پر اپنا حق جتایا ۔ اوم پرکاش نامی بیگم بازار کے ساکن شخص کی شکایت کے بعد کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ع
بوئن پلی میں عادی مجرمین گرفتار
حیدرآباد /22 جنوری ( سیاست نیوز ) بوئن پلی پولیس نے دو عادی مجرمین کو گرفتار کرلیا جو رات کے اوقات مکانات میں سرقہ کرنے کی مہارت رکھتے ہیں۔ بوئن پلی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 21 سالہ جین عرف این کشور کمار ساکن شاہ پور نگر اور 21 سالہ چٹاری بھرت عرف باتو ساکن حشمت پیٹ اولڈ بوئن پلی کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے چار لاکھ 60 ہزار روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا جس میں چاندی کی اشیاء ، دستی گھڑیاں کیمرہ ، موبائل فون اور ایکٹوا گاڑی شامل ہیں۔ یہ دونوں عادی مجرمین ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس رمشی پیرومل نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اپنے کالونیوں میں کیمروں کی تنصیب عمل میں لائیں۔ اور غیر سماجی عناصر سے چوکنا رہیں۔ ع