جرائم و حادثات

   

کریم نگر ، جگتیال ، مٹ پلی اور کورٹلہ کے سرمایہ کاروں کو کروڑہا روپیوں کا دھوکہ
کرپٹیو انوسٹمنٹ کے نام پر دھوکہ دہی ، متاثرین کی شکایت پر تحقیقات
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ کے کریم نگر، جگتیال ، مٹ پلی اور کورٹلہ کے سرمایہ کاروں کو بڑے پیمانے پر کرپٹیو انوسٹمنٹ کے ذریعہ تقریبا 600 کروڑ روپئے کے گھوٹالے کا سامنا کرنا پڑا ۔ متاثرین نے ڈی جی پی آفس سے رجوع ہونے کے بعد یہ معاملہ سامنے آیا ۔ متاثرین کی شکایت کے بعد سی آئی ڈی نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ایک اہم ملزم رمیش گوڑ کو ملک سے فرار ہونے سے پہلے ہی گرفتار کرلیا ۔ سی آئی ڈی دیگر متاثرین سے اپیل کی کہ وہ بھی آگے آکر اپنی تفصیلات پیش کریں تاکہ اس کی مکمل تحقیقات کی جائے گی ۔ رمیش گوڑ کا تعلق ضلع جنگاؤں کے لنگالا گھنپور سے بتایا گیا ۔ جو مبینہ طور پر ایک جعلی کرپٹیو کرنسی پلیٹ فارم بنایا جس کا نام جی بی آر کرپٹیو رکھا گیا ۔ عوام کو بھاری منافع کا وعدہ کرتے ہوئے اس نے واٹس ایپ گروپ کے ذریعہ سنگاپور ، دبئی اور گوا جیسے مقامات پر اعلیٰ درجہ کے پیاکیجوں کا اشتہار دے کر سرمایہ کاروں کو لالچ دیا ۔ گوڑ نے حال ہی میں مبینہ طور پر تقریبا 95 کروڑ روپئے جمع کیا تھا ۔ متاثرین میں اعلیٰ سرکاری افسران بھی شامل ہیں ۔ جنہوں نے بڑی رقم کی سرمایہ کاری کی ۔ کریم نگر شہر کے گنج علاقے میں متاثرین کو 50 کروڑ روپئے سے زیادہ نقصان ہوا ۔ کئی لوگ شرمندگی اور بدنامی کے خوف سے دھوکہ دہی کی اطلاع دینے سے گریز کررہے ہیں ۔ سرمایہ کاروں کو متاثر کرنے کے لیے باقاعدہ طور پر زوم میٹنگس منعقد کی گئی یہ اسکیم ایک کثیر سطحی مارکیٹنگ نٹ ورک میں تبدیل ہوئی جس نے شرکاء کو دھوکہ دہی کے چکر میں پھنسا لیا ۔ متاثرین نے سی آئی ڈی کے افسران پر لاپرواہی اور رمیش کی گرفتاری میں تاخیر کا الزام عائد کیا ۔ سی آئی ڈی ، ڈی ایس پی سرینواس نے الزامات کو مسترد کردیا ۔ سی آئی ڈی مزید شواہد جمع کررہی ہے اور قانونی مشورے اور اعلیٰ حکام کی ہدایات کے بعد ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا تیقن دیا ۔۔ ش
فرضی دستاویزات کے ذریعہ اراضی پر قبضہ کر کے فروخت کرنے والی ٹولی بے نقاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : فرضی دستاویزات اور اجنبی کے ذریعہ پلاٹ پر قبضہ کرتے ہوئے فروخت کرنے والی ٹولی کا مائیلادیو پلی پولیس نے پردہ فاش کردیا اور سرینواس ، مشہور گوڑ کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے 28 جنوری کو اس معاملہ میں سرینواس کو گرفتار کیا تھا ۔ مائیلا دیو پلی پولیس کے مطابق پلاٹ نمبر 517 جو ٹی این بی اور سوسائٹی کی جانب سے کوکلا پرکاش کو منظور ہوا تھا ۔ اس کی موت کے بعد مشہور گوڑ نے سبھاش ، سرینواس ، نرسا ریڈی اور سید رشید خاں کی مدد سے ایک اجنبی کی تصاویر لگا کر اس پلاٹ پر سرینواس کو جی پی اے کروایا اور اشوک اگروال نامی شخص کو فروخت کردیا ۔ شکایت کے بعد مائیلار دیوپلی پولیس نے مکمل تحقیقات کرتے ہوئے خاطیوں کو گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا ۔۔ ع
منشیات کی فروخت میں ملوث 3 آفریقی باشندے گرفتار
ایک کروڑ 60 لاکھ مالیتی منشیات ضبط ، حیدرآباد نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ کی کارروائی
حیدرآباد /5 جنوری ( سیاست نیوز ) حیدرآباد نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ نے شہر میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے آفریقی ممالک کے تین باشندوں کو گرفتار کرلیا اور ایک کے قبضہ سے ایک کروڑ 60 لاکھ مالیتی منشیات 1300 گرام ایم ڈی ایم اے کو ضبط کرلیا۔ حیدرآباد نارکوٹک انفوسمنٹ ونگ نے ہمایوں نگر اور لنگر حوض پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی انجام دی ۔ اس سلسلہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کو ٹاسک فورس سدھیندرا اور ڈی سی پی ساؤتھ زون جی چندرا موہن نے مخاطب کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ 44 سالہ الیور عرف جانسن ساکن ممبئی متوطن نائجیریا کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے ایک کروڑ 60 لاکھ روپئے مالیتی 1300 گرام ایم ڈی ایم اے کو ضبط کیا گیا ۔ الیور کو دہلی پولیس نے سال 2013 میں گرفتار کیا تھا ۔ اور 5 سال 9 ماہ جیل کی سزا کاٹنے کے بعد جیل سے رہا ہوا اور ممبئی کا رخ کیا اور ہم وطنی نائجریائی باشندوں کے ساتھ مل کر منشیات کا کاروبار کرنے لگا ۔ ممئی سے بنگلور اور بنگلور سے اس نے حیدرآباد میں اپنے قدم جمائے اور راست حیدرآباد میں منشیات فروخت کرنے لگا ۔ اسی دوران حیدرآباد نارکوٹک انفوسمنٹ ونگ نے اسے گرفتار کرلیا ۔ الیور سال 2009 میں بھارت آیا تھا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ ہمایوں نگر پولیس کے ساتھ دو علحدہ مشترکہ کارروائیوں میں حیدرآباد نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ نے دو بیرونی باشندوں کو گرفتار کرلیا جن میں ایک نائجریائی باشندہ اور دوسرا جنوبی آفریقی ملک سے تعلق رکھتا ہے۔ پولیس کے مطابق ماوسا کا مارا عرف رومیو ساکن بنگلور متوطن جیونا سال 2020 میں انڈیا آیا تھا اور سال 2024 میں بنگلور آیا تھا اور بنگلور سے حیدرآباد میں اپنے قدم جمانے کی کوشش کر رہا تھا ۔ ہمایوں نگر پولیس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے نارکوٹک ونگ نے موسا کو پیراماؤنڈ ہلز ٹولی چوکی سے گرفتار کرلیا جبکہ دوسری کارروائی میں ایکسچو سالوسٹیر مسبا 40 سالہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا ۔ امکان ہیکہ پولیس قانونی کارروائی کے بعد ایکچوکو اس کے ملک روانہ کردے گی ۔ ع
نارسنگی میں خاتون کے گلے سے منگل سوتر چھین لینے کا واقعہ ، علاقہ میں سنسنی
حیدرآباد ./5 جنوری ( سیاست نیوز ) شہر کے مضافاتی علاقہ نارسنگی میں رہزنی کی سنگین واردات پیش آئی ۔ ایک رہزن نے خاتون کے گلے سے طلائی منگل سوتر کو چھین لیا جو اس واقعہ میں زخمی ہوگئی ۔ نارسنگی کے الکاپور میں پیش آئی اس واردات سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ نارسنگی پولیس نے خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اس رہزنی کی واردات کا منظر مقامی سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوا اور وائرل ہوگیا ۔ رہزن خاتون کے پیچھے پیچھے چل رہا تھا اور جیسے ہی اس نے سڑک خالی دیکھی خاتون کے گلے سے طلائی منگل سوتر چھین لیا۔ اس دوران خاتون سڑک پر گر کر زخمی ہوگئی ۔ مقامی عوام نے خاتون کی چیخ و پکار سن کر رہزن کا تعاقب کیا ۔ لیکن وہ فرار ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق شکایت گذار متاثرہ خاتون بچوں کو اسکول سے گھر لانے کیلئے نکلی تھی اور الکاپور کالونی میں ایک خانگی اسکول کے قریب پیش آیا ۔ پولیس نارسنگی نے اس واقعہ کے بعد سخت چوکسی اختیار کرتے ہوئے رہزن کی تلاش شروع کردی ہے۔ رہزن کے تنہا ہونے پر بھی شبہ ہے۔ چونکہ وہ اس علاقہ سے واردات کو انجام دینے کے بعد اتنی جلدی فرار نہیں ہوسکتا ۔ پولیس کی جانب سے تلاش جاری ہے۔ ع
ساکیت نگر کالونی وقار آباد میں نئی دلہن کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : وقار آباد ضلع کے ساکیت نگر کالونی میں ایک نئی نویلی دلہن نے پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق ونارم گاؤں کے سائی نامی شخص سے ضلع سنگاریڈی کے مونی پلی منڈل کی 20 سالہ شریجا سے 17 نومبر 2024 کو شادی ہوئی تھی ۔ شادی میں شریجا کے والدین نے جہیز میں 18 تولہ سونا ، تین لاکھ نقد رقم اور بائیک دی تھی ۔ جس کے چند دنوں بعد سے ہی شریجا کو سسرال والوں کی طرف سے مزید جہیز کے لیے ہراساں کیا جارہا تھا ۔ شریجا سے مزید جہیز کی ہراسانی سے تنگ آکر سسرال میں پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ سائی نے یہ اطلاع شریجا کے والدین کو دی ۔ شریجا کے والدین اور افراد خاندان سائی کے مکان پہنچے اور پولیس میں شکایت درج کرائی جس میں سسرال والوں کی جانب سے مزید جہیز کے لیے ہراسانی کا بھی الزام لگایا ۔ شکایت میں بتایا گیا کہ شریجا کو مزید تین لاکھ روپئے لانے کے لیے زور ڈالا جارہا ہے جس کی وجہ سے اس نے یہ قدم اٹھایا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ۔۔ ش
بنگلور میں عادی سارق گرفتار، مسروقہ زیورات ضبط
حیدرآباد /5 فروری ( سیاست نیوز ) بنگلور کے مڈی والا پولیس نے ایک عادی سارق کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے بھاری مقدار میں طلائی زیورات کو ضبط کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ پی سوامی 37 سالہ ساکن شولاپور مہاراشٹرا جو کم عمر سے ہی سرقہ کی وارداتوں کو انجام دیتے ہوئے عیش کی زندگی بسر کرتا تھا ۔سرقہ کی گئی رقم اور زیورات کو اس کی گرل فرینڈ پر خرچ کر رہا تھا ۔ 2014-15 میں اس کی ملاقات ایک فلم ایکٹریس سے ہوئی اور وہ اس کی محبت میں گرفتار ہوگیا تھا ۔ اس فلم ایکٹرس کو سوامی نے کولکتہ میں تین کروڑ کا مکان خرید کر تحفہ میں دیا اور ساتھ میں 22 لاکھ روپئے کا ایکویرئیم بھی تحفہ میں دیا ۔ 2016 میں اسے گجرات پولیس نے گرفتار کیا تھا اور اسے چھ سال کی سزا بھی ہوئی تھی ۔ اس کے بعد اسے مہاراشٹرا پولیس نے بھی گرفتار کیا تھا اور وہ ضمانت پر 2024 میں رہا ہوا ۔ سرقہ کی واردات کے الزام میں اسے مولی والا پولیس نے گرفتار کریا جس پر اس نے تمام تفصیلات بتائی ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 181 گرام سونا اور 333 گرام چاندی کے زیورات کو ضبط کرلیا جو اس نے جو مقامات پر سرقہ کیا تھا پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔ ش
سکندرآباد میں نوجوان کی خودکشی
حیدرآباد /5 فروری ( سیاست نیوز ) سکندرآباد کے علاقہ لالہ گوڑہ میں ایک نوجوان نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق لالہ گوڑہ کے علاقہ ونوبھا نگر کا 28 سالہ شیوا خانگی ملازم جو اپنے ماں باپ کے ساتھ رہ رہا تھا ۔ صحیح ملازمت نہ ملنے کی وجہ سے وہ اپنے ماں باپ کی ٹھیک طرح سے دیکھ بھال نہیں کر پارہا تھا ۔ جس سے تنگ آکر اس نے اپنے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ لالہ گوڑہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ ش

چاقو کی نوک پر لوٹنے والے ملزمین گرفتار ، میر چوک پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : میر چوک پولیس نے چاقو کی نوک پر لوٹنے والے 5 ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ زون سنہا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 22 سالہ سید فہد علی ساکن جہاں نما ، 21 سالہ سید رومانی اللہ حسینی ساکن مغل پورہ ، 22 سالہ محمد عبدالروف ساکن سعید آباد ، 22 سالہ محمد توحید الدین ساکن چونے کی بھٹی جہاں نما اور 20 سالہ محمد شعیب خاں کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک ایکٹیوا ، چاقو ، 18,500 روپئے نقد رقم ، برگ مین ، آئی فون کو ضبط کرلیا ۔ ڈی سی پی کے مطابق شکایت گذار گرین گرنیڈر ایپ ۔ گے استعمال کرنے والے ایپ کا استعمال کرتا تھا 19 کی شام 7 بجے 5 افراد جنہیں پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ چاقو کی نوک پر شکایت گذار کو دھمکاکر 40 ہزار روپئے لوٹ لیے تھے ۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔۔ ع
ہنمکنڈہ میں حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف کارروائی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ہنمکنڈہ کے کاکتیہ سرکل جنکشن کے قریب پولیس نے حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف مہم چلا رہے تھے اس دوران ایک کانسٹبل رمیش نے شراب نوشی کر کے گاڑی چلانے والے کو سب انسپکٹر کے پاس بریتھ انالائیزر ٹسٹ کے لیے لے گیا تو وہ برہم ہوگیا اور پولیس کو ہی دھمکی دینے لگا اور سڑک پر ہنگامہ آرائی کرنا شروع کردیا جس پر پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔۔ ش
پوچارم آئی ٹی کوریڈار کی سیل فون دکانات میں سرقہ کی واردات
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : رچہ کنڈہ کمشنریٹ کے پوچارم آئی ٹی کاریڈار پولیس اسٹیشن حدود میں سیل فون کی دکانات میں سرقہ کی واردات پیش آئی ۔ تفصیلات کے مطابق انوجی گوڑہ میں دو سیل فون کی دکانوں میں سرقہ کیا گیا ۔ دو نامعلوم سارقوں نے سب سے پہلے رئیل می سیل فون دکان میں سرقہ کی کوشش کی جس میں انہیں ناکامی ہوئی اس کے بعد دونوں سارقوں نے سری لکشمی نرسمہا سوامی سیل فون دکان کا شٹر کھول کر اندر داخل ہوئے اور سرقہ کی واردات انجام دی ۔ دکان مالک ملیش کے مطابق 67 سیل فونس ، ٹی وی ، اسمارٹ گھڑیاں و دیگر اشیاء کا سرقہ کیا گیا جس کی مالیت 15 لاکھ روپئے بتائی گئی ۔ پولیس اور کلوز ٹیم نے مقام کا معائنہ کیا اور پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔۔ ش
سعیدآباد میں نوجوان کی خودکشی
حیدرآباد /5 فروری ( سیاست نیوز ) سعیدآباد کے علاقہ میں ایک نوجوان کی خودکشی کا واقعہ پیش آیا ۔ سعیدآباد پولیس ذرائع کے مطابق 21 سالہ دلشاد جو ریاست اترپردیش سے تعلق رکھتا تھا ۔ اس نے سعیدآباد حدود میں خودکشی کرلی ۔ دلشاد چمپاپیٹ علاقہ میں اس کے بڑے بھائی شاداب کے یہاں رہتا تھا ۔ جو پیشہ سے ٹیلر ہے دلشاد چند عرصہ قبل شہر آیا تھا جس نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ دلشاد نے محبت میں ناکامی سے دلبرداشتہ ہوکر انتہائی اقدام کرلیا ۔ سعیدآباد پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع
کمسن لڑکی سے جنسی زیادتی کرنے والے شخص کو 25 سال کی سزاء
حیدرآباد /5 فروری ( سیاست نیوز ) نامپلی کی ایک عدالت نے پاکسو مقدمہ میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو 25 سال کی سزا سنائی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سال 2020 میں بہادرپورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پاکسو مقدمہ درج کیا تھا اور ملزم 45 سالہ محمد فرید ساکن بشارت نگر جہاں نما حیدرآباد کے خلاف کارروائی کی تھی ۔ ملزم پر کمسن لڑکی سے جنسی زیادتی کا الزام تھا اور پولیس کی تحقیقات میں جرم ثابت ہوگیا ۔ بہادرپورہ پولیس نے اس سلسلہ میں عدالت میں چارج شیٹ کو داخل کیا اور آج عدالت نے ملزم کو 25 سال قید سزا اور 10 ہزار روپئے جرمانہ عائد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا ۔ ع
رائے درگم میں نوجوان کی خودکشی
حیدرآباد /5 فروری ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقہ رائے درگم میں ایک نوجوان نے خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ کل رات فون پر محبوبہ سے بات کرنے کے بعد ورما پردھان نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ رائے درگم پولیس کے مطابق 28 سالہ ورما پردھان پیشہ سے سائیٹ سوپروائزر تھا جو ایک کنسٹرکشن کمپنی میں کام کر رہا تھا اور سائیٹ پر رہتا تھا ۔ ورما پردھان گذشتہ چند عرصہ سے ایک لڑکی سے محبت کر رہا تھا ۔ اور ان کے درمیان ناانتاقی بھی پیدا ہوگئی تھی ۔ لیکن بات چیت جاری تھی ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ورما پردھان نے کل رات اس کی محبوبہ سے ویڈیو کال پر بات کی اور اس کے بعد کمرے میں لگے فیان سے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع
پرکال ٹاون ٹاسک فورس پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا
حیدرآباد /5 فروری ( سیاست نیوز ) ہنمکنڈہ کے پرکال ٹاون کے قریب ٹاسک فورس ٹیم نے دو افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں گانجہ ضبط کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق پرکالا اور ہنمکنڈہ کے سڑک پر ایک اطلاع پر ٹاسک فورس ٹیم نے تلاشی کے دوران دو افراد کو گرفتار کرلیا جن کے قبضہ سے 47 کیلو گانجہ برآمد ہوا ۔ یہ گانجہ اڑھیشہ سے سمیتی منتقل کیا جرہا تھا ۔ گرفتار شدہ افراد کی شناخت پریما نند داس اور سومیہ رنجن راوت ساکن اڑھیشہ بالیشورم کے طور پر کی گئی ۔ ضبط شدہ گانجہ کی قیمت 10 لاکھ 27 ہزار روپئے بتائی گئی ۔ دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ۔ ش
چندرا گری نگر میں سونے کے تاجر نے رہن کے زیورات لے کر فرار
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : جگدگیری گٹہ کے چندرا گری نگر میں سونے کا ایک تاجر مبینہ طور پر گاہکوں کے گروی رکھے ہوئے سونے کے زیورات لے کر فرار ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق اوم پرکاش سروی جو جگدگیری گٹہ میں ایس پی آئی شیوم جیولرس کے نام سے سونے کے زیورات کا کاروبار کررہا تھا گاہکوں کو وہ سونے کو گروی رکھتے ہوئے رقم دیتا تھا کئی ماہ سے کاربار چلارہا تھا جس سے گاہکوں کو بھی اس پر کافی بھروسہ ہوگیا تھا لیکن اچانک وہ گاہکوں کے گروی رکھے ہوئے تمام سونے کے زیورات لے کر فرار ہوگیا ۔ گاہکوں کی بڑی تعداد کو اس نے لاکھوں روپیوں کا دھوکہ دے دیا جس پر گاہکوں نے اس کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ۔۔ ش

اے ٹی ایم پر مدد کے نام پر
کسان کو دھوکہ
نظام آباد 5/فروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)پیسے نکالنے کے لیے اے ٹی ایم کو آنے والے کسان دھوکہ دیتے ہوئے دھوکہ باز نے 10 ہزار روپے اے ٹی ایم سے نکال لیا یہ واقعہ ضلع مستقر کے نظام آباد میں پیش آیا۔مو پال منڈل کے نرسنگ پلی کے ایک کسان، گنگاریڈی اس مہینے کی یکم تاریخ کو نظام آباد شہر آئے تھا۔ Iٹاؤن پولیس اسٹیشن کے قریب واقع ایس بی آئی ہیڈ کوارٹر میں واقع اے ٹی ایم گیا اور 5 ہزار روپے نکالے اور کارڈ مشین میں پھنس گیا جس پر وہاں موجود شخص نے مدد کے لیے آکر پن نمبر مانگا، جس پر کسان نے نمبر دیا، اس نے کارڈ تبدیل کرتے ہوئے کسان کے ہاتھ میں دوسرا کارڈ تھما دیا۔ جب کسان وہاں سے چلا گیا تو اس نے 10,000 روپے کی تین قسطوں میں کسان کے اکاؤنٹ سے 30,000 روپے نکال لیا۔ اس سے شک ہو نے پر کسان گنگاریڈی نے نرسنگ پلی میں ایس بی آئی بینک پہنچ کر اس معاملے کی اطلاع دی۔ جب اس نے اے ٹی ایم کارڈ بینک حکام کو دکھایا تو وہ حیران رہ گئے جب انہوں نے اسے بتایا کہ یہ کارڈ ان کا نہیں ہے۔ فوری طور پر 1 ٹاؤن پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت کی جس پر پولیس نے بس اسٹانڈ علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کی شناخت کی اس شخص کے مکان پہنچ کر دریافت کیا تو جواب ملا کہ وہ دستیاب نہیں۔ متاثرہ شخص کی شکایت پر 1 ٹاؤن پولیس اسٹیشن مقدمہ درج کیا گیا ایس ایچ او ون ٹاؤن رگھوپتی نے عوام سے خواہش کی کہ اے ٹی ایم سنٹر میں پیسے نکالتے وقت احتیاط برتنی چاہیے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بس اسٹانڈ کے علاقے میں کارڈ بدل کر رقم نکالنے والے شخص کی نقل و حرکت ریکارڈ ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے ۔

جس کسی نے بھی اس شخص کی شناخت کی ہیں تو پولیس کو اطلاع دیں۔