جرائم و حادثات

   

بچہ کا اغواء کرنے والی ٹولی بے نقاب ، تین افراد بشمول دو خواتین گرفتار
شکایت کے اندرون 48 گھنٹے بچہ برآمد ، پولیس کی تیز رفتار کارروائی ، ڈی سی پی بی بالا سوامی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : افضل گنج پولیس نے بچہ کا اغواء کرنے والی ایک ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے تین افراد بشمول 2 خواتین کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے شکایت کے 48 گھنٹوں میں مسئلہ کو حل کرتے ہوئے مغویہ بچے کو برآمد کرلیا ۔ بچہ کا اغواء کرنے کے بعد بچہ کو فروخت کرنے کی کوشش کی جارہی تھی ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایسٹ زون پولیس حیدرآباد ڈاکٹر بی بالا سوامی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 25 سالہ شیخ عامر عرف تارا ساکن لمرا ہوٹل ٹولی چوکی 26 سالہ ساجدہ بیگم اور 48 سالہ محمدی بیگم ساکنان فردوس سویٹ شاپ ٹولی چوکی کو گرفتار کرلیا جب کہ عبدالسلمان مفرور بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ 15 فروری کے دن گولی گوڑہ علاقہ سے 2 سالہ لڑکے پریم کمار کا اغواء کرلیا گیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ 25 سالہ بی دیوی جو ضلع کڑپہ ریاست آندھرا پردیش کی متوطن ہے 5 دن قبل اپنے 2 سالہ بچے کے ساتھ حیدرآباد آئی تھی ۔ خاتون کا سیل فون گم ہوگیا تھا ۔ جس کے سبب وہ رشتہ دار سے رابطہ نہ کرسکی اور سنٹرل بس اسٹیشن کے قریب فٹ پاتھ پر رہنے لگی تھی ۔ 15 فروری کے دن دیوی سخت نشہ کی حالت میں تھی جو فٹ پاتھ پر گہری نیند سو گئی ۔ اس دوران گرفتار افراد نے بچہ کو ماں کے قریب دیکھا اور ماں کی گہری نیند کا فائدہ اٹھا کر انہوں نے بچہ کا اغواء کر لیا ۔ افضل گنج پولیس نے شکایت کے بعد فوری طور پر تین خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا اور 100 سے زائد کیمروں کی جانچ کے بعد 48 گھنٹوں میں خاطیوں کو دبوچ لیا اور مغویہ بچے کو آزاد کراتے ہوئے اس بچہ کو اس کی والدہ کے حوالے کردیا ۔ اغوا کار بچہ کو ضرورت مند جوڑوں میں پھر بھیک منگوانے والے افراد میں فروخت کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے ۔ پولیس کو مفرور سلمان کی تلاش ہے ۔۔ ع

معمولی بات پر مارپیٹ میں زخمی شخص کی موت
لنگر حوض واقعہ پر عوام میں بے چینی ، روڈی شیٹر کے ملوث ہونے کا جائزہ
حیدرآباد /19 فروری ( سیاست نیوز ) معمولی بات پر جھگڑے میں پیٹ پیٹ کر ایک نوجوان کو زخمی کردیا گیا ۔ جو علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ لنگر حوض پولیس حدود میں پیش آئے واقعہ کے بعد عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ 36 سالہ ابراہیم علی خان عرف خضر کو گذشتہ شب ساتھیوں نے مبینہ طور پر مارپیٹ کا نشانہ بنایا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق کار کا آمنہ سامنا اور شور شرابے کو بنیاد بناکر خضر پر حملہ کیاگیا۔ جبکہ ایک اور وضاحت یہ کی جارہی ہے کہ خضر اپنے ساتھیوں کے ساتھ کار میں سوار تھا اور بات چیت کے دوران بحث و تکرار ہوئی چونکہ سبھی نشہ کی حالت میں تھے جنہوں نے خضر کو بری طرح مارپیٹ کا نشانہ بنایا اور زخمی حالت میں خضر ماروں کی شدت کو تاب نہ لاسکا جو علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ خضر کے ساتھ مارپیٹ میں روڈی شیٹر اکبر بغدادی کے شامل ہونے پر پولیس کی جانب سے بھی شبہات پائے جارہے ہیں۔ حالانکہ روڈی شیٹر کے شامل ہونے کا مرحوم کے افراد خاندان الزام لگا رہے ہیں۔ اس خطرناک کھیل کی معاملہ فہمی بھی ہو رہی تھی لیکن تنقیدوں اور الزامات کے سبب پولیس نے کیس درج کرلیا اور ٹاسک فورس پولیس نے 9افراد کو حراست میں لیتے ہوئے لنگر حوض پولیس کے حوالے کردیا ۔ اس معاملہ میں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس گولکنڈہ سید فیاض کا کہنا ہے کہ شکایت پر کارروائی کی جارہی ہے۔ اور کسی بھی قسم کی کوئی چھوٹ کسی ملزم کو نہیں رہے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ جن افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اس کا جائزہ لیا جارہا ہے اور کسی بھی خاطی کو بخشا نہیں جائے گا ۔ سید فیاض نے کہا کہ معمولی بات پر واقعہ پیش آیا ۔ اس سلسلہ میں لنگر حوض انسپکٹر راگھو کمار نے بتاکہ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ روڈی شیٹر کے ملوث ہونے کے خلاف تحقیقات جاری ہے ۔ع
کلثوم پورہ میں بین ریاستی گانجہ منتقلی کی ٹولی کا پردہ فاش
تین افراد گرفتار، 160 کیلو گانجہ ضبط ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /19 فروری ( سیاست نیوز ) کلثوم پورہ اور ٹاسک فورس پولیس نے ایک بین ریاستی گانجہ منتقلی ٹولی کا پردہ فاش کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ ویسٹ زون کی ٹیم اور کلثوم پورہ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 48 سالہ گوگلوت ہیرو عرف فکیرا ساکن رام دھن تانڈا ورنگل 35 سالہ پی راجو ساکن ہنمکنڈہ اور 46 سالہ ڈی مقبول صاحب ساکن سنگاریڈی کو گرفتار کرلیا۔ پولس نے ان کے قبضہ سے 160 کیلو گانجہ ایک سویفٹ کار اور تین موبائل فون ضبط کرلیا۔ جس کی مالیت 48 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ہیرو پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے اس نے پداپلی کے ساکن ایک شخص ستیش کے ساتھ گانجہ کے کاروبار کا آغاز کیا سال 2014 میں ستیش اور دیگر 5 افراد کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا ۔ جس کے بعد سال 2019 میں بھی ستیش کے ساتھ کھمم پولیس کی کارروائی میں گرفتار ہوا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ ہیرو نے جنگاؤں کے متوطن سرینواس کے ساتھ مل کر دوبارہ گانجہ منتقلی شروع کردی ۔ پولیس نے بتایا کہ سرینواس کے اشارے پر ہیرو بھدراچلم گیا اور وہاں 160 کیلو گانجہ کی خریداری کرتے ہوئے پونے مہاراشٹرا میں گراہک کے حوالے کرنے کی ہدایت دی اور سرینواسنے ایک کار فراہم کرتے ہوئے راجو کو اس کے ساتھ روانہ کیا اور حیدرآباد سے مقبول کو ساتھ لینے کا مشورہ دیا ۔ ہیرو سرینواس کی ہدایت پرکار میں گانجہ لیکر حیدرآباد پہونچا اور مقبول کو اپنے ساتھ لے لیا۔ تینوں کار میں موسی ندی کے علاقہ سے گذرنے کے دوران گرفتار کرلئے گئے ۔ ہیرو سابقہ میں 5 مقدمات ہیں پولیس بتایا گیا ہے ۔ ع

بیٹی کے ساتھ بدسلوکی
ماں کی شوہر کے خلاف شکایت
حیدرآباد /19 فروری ( سیاست نیوز ) بیٹی کی رات بدسلوکی پر شوہر کی بے رخی سے تنگ آکر خاتون نے پولیس میں شکایت کردی ۔ بنجارہ ہلز پولیس حدود میں پیش آئے اس افسوسناک واقعہ میں شوہر کی بے رخی پر بیوی نے شکایت کردی ۔ پولیس نے متاثرہ لڑکی کی والدہ کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ شکایت گذار خاتون کے شوہر کے ساتھیوں موہن سنگھ اور سونو کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ روڈ نمبر 5 کے ساکن شخص نے اپنی 14 سالہ لڑکی کو مکان میں اکیلا چھوڑ کر بیوی کے ساتھ محبوب نگر گیا تھا ۔ گذشتہ روز مکان میں اکیلی لڑکی کو دیکھ ار اس شخص کے دونوں ساتھی سونو اور موہن سنگھ دوست کے مکان پہونچے ۔ والد کے ساتھی ہونے کے سبب لڑکی نے انہیں مکان میں آنے دیا ۔ دونوں نے رات دیر گئے تک مے نوشی کی باپ کے ساتھی ہونے کے سبب لڑکی بھروسہ سے سو گئی ۔ مئے نوشی کے بعد سونو لڑکی کے قریب پہونچا ۔ اور اس کا منہ بند کرنے کے بعد دھمکیاں دی اور لڑکی کے بازو سو گیا اور صبح کی اولین اوقات دونوں مکان سے چلے گئے ۔ جب لڑکی کے والدین گھر پہونچے تو لڑکی نے آپ بیتی سے والدہ کو واقف کروایا ۔ برہم والدہ نے فوری لڑکی کے باپ سے بات چیت کی لیکن خاتون کے شوہر نے بات کو ان سنا کردیا اور یہ کہتے ہوئے ٹال دیا کہ گھر جو آئے تھے وہ میرے دوست ہی تھے۔ شوہر کی اس بات پر سکتہ کا شکار خاتون نے برہمی جتائی اور پولیس میں شکایت کردی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع