ٹرین میں عصمت ریزی کی کوشش کرنے والا گرفتار
حیدرآباد 25 مارچ (سیاست نیوز) ٹرین میں عصمت ریزی کی کوشش کرنے والے شخص کی شناخت کرلی گئی ہے اور پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ ریاست بھر میں سنسنی کا سبب بنے اور سیاسی ماحول کو گرمانے والے اس معاملہ میں پولیس نے 25 سالہ لڑکے کو حراست میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہاسپٹل میں زیرعلاج متاثرہ لڑکی نے اس کی شناخت کرلی۔ شدید زخمی لڑکی کو ملزم کی تصویر بتائی گئی اور اس لڑکی نے اس کی شناخت کرلی۔ لڑکی کی جانب سے شناخت کے بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا اور پوچھ تاچھ شروع کردی ہے۔ ملزم گانجہ کے نشہ کا عادی بتایا گیا ہے اور پولیس کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ اس نے نشہ کی حالت میں اقدام کیا۔ تاہم خاطی کے خلاف سخت کارروائی کا یقین دلایا ہے۔ جی آر بی سکندرآباد کے مطابق 23 سالہ متاثرہ لڑکی ایک خانگی ہاسپٹل میں زیرعلاج ہے اور اس کی صحت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ لڑکی کل چلتی ٹرین سے خود گئی تھی اس لڑکی پر چلتی ٹرین میں عصمت ریزی کی کوشش کی گئی۔ متاثرہ لڑکی ایم ایم ٹی ایس ٹرین کے لیڈیز کوچ میں سفر کررہی تھی کہ اس دوران اس لڑکی پر عصمت ریزی کا حملہ ہوا۔ لڑکی نے اپنی عصمت کو بچانے کی خاطر چلتی ٹرین سے چھلانگ لگادی تھی۔ لڑکی کا تعلق ریاست آندھراپردیش کے اننت پور سے بتایا گیا ہے جو یہاں میڑچل میں رہتے ہوئے ملازمت کررہی تھی۔ ع
خاتون کی شکایت پر جیٹھ کے خلاف مقدمہ درج
حیدرآباد 25 مارچ (سیاست نیوز) اپنے ہی گھر میں غیر محفوظ خاتون نے پولیس میں شکایت کردی۔ شوہر، ساس، خسر اور بچوں کے ساتھ خاتون خوشحال زندگی بسر کررہی تھی لیکن اس کے شوہر کے بڑے بھائی کی نیت ٹھیک نہیں تھی جس نے اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے 31 سالہ شکایت گذار خاتون کو اپنے قابو میں کرنے کی کوشش کی۔ ایک حد تک برداشت کے بعد خاتون اپنے مائیکے چلی گئی اور اس نے والدین کی مدد سے صنعت نگر پولیس میں شکایت کردی۔ سب انسپکٹر پولیس ہریش کے مطابق خاتون کی شکایت پر اس کے جیٹھ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس مختلف زاویوں سے کیس کی تحقیقات کررہی ہے۔ خاتون نے اپنے جیٹھ پر دست درازی کا الزام لگایا اور ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے ہراساں کررہا تھا۔ خاتون بلدیہ میں ملازمہ بتائی گئی ہے جس کی شادی سال 2020 ء میں ہوئی تھی اور اس کے دو بچے ہیں۔ خاتون شوہر اور بچوں کے ساتھ گھر میں رہتی تھی۔ اس گھر میں خاتون کی ساس، خسر اور جیٹھ بھی رہتا تھا۔ جس نے اس خاتون کے ساتھ مبینہ دست درازی کی۔ خاتون خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کردی۔ ع
ہٹ اینڈ رن کیس، کار ڈرائیور گرفتار
حیدرآباد 25 مارچ (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ بالا نگر میں پیش آئے ہٹ اینڈ رن کے معاملہ میں پولیس نے کار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ دوسری طرف شدید زخمی لڑکی کا علاج جاری ہے جو گزشتہ روز آئی ڈی پی ایل چوراہے پر پیش آئے سڑک حادثہ میں زخمی ہوگئی۔ پولیس کے مطابق گاڑی چلانے والے انیل کو گرفتار کرلیا گیا جو نشہ کی حالت میں تھا اور اس نے اپنی فرچیونر گاڑی میں گھومتے ہوئے 19 سالہ کیرتی سائی کو ٹکر دے دی تھی اور لڑکی کو ٹکر دینے کے بعد انیل اپنی گاڑی میں فتح نگر فلائی اوور کی جانب فرار ہونے کی کوشش میں تھا کہ پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع
کانسٹبل پر حملہ کرنے والا گرفتار
حیدرآباد۔/25 مارچ، ( سیاست نیوز) بنجارہ ہلز پولیس نے کانسٹبل پر حملہ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل اور کار میں ٹکر کے بعد حملہ کا یہ واقعہ پیش آیا۔ محمد خواجہ نامی بائیک ریسر کو پولیس نے گرفتا رکرلیا۔ خواجہ پر الزام ہے کہ اس نے سریکانت نامی پولیس کانسٹبل پر شراب کی بوتل سے حملہ کیا۔ بنجارہ ہلز کے علاقہ میں اومیگا ہاسپٹل کے قریب موٹر سائیکل اور کار کے درمیان ٹکر ہوئی ۔ موٹر سائیکل سوار خواجہ اور کار والے شخص کے درمیان بحث و تکرار شروع ہوگئی اس دوران پولیس کانسٹبل سریکانت دونوں کے درمیان مصالحت کیلئے پہنچا اور سریکانت کی خواجہ سے بحث و جھگڑا ہوا۔ اس دوران خواجہ نے کانسٹبل پر حملہ کردیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے خواجہ کو گرفتار کرلیا اور کانسٹبل جو زخمی ہوگیا اس کا علاج جاری ہے۔ع
آن لائن جوئے میں رقم ہارنے پر نوجوان کی خودکشی
حیدرآباد۔/25 مارچ، ( سیاست نیوز) آن لائن جوئے میں لاکھوں روپئے ہارنے والے ایک نوجوان نے خودکشی کرلی۔ ریلوے پولیس سکندرآباد کے مطابق 29 سالہ سومیشوراؤ نے آج گنٹلہ پوچم پلی اور میڑچل کے درمیان ریلوے لائن پر ٹرین کے آگے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ سومیشور راؤ خانگی ملازم تھا جو گنٹلہ پوچم پلی علاقہ کے ساکن رمنا کا بیٹا تھا۔ سومیشور راؤکچھ عرصہ سے آن لائن جوا کھیل رہا تھا اور اس نے لاکھوں روپئے جوئے میں گنوادیئے۔ اس بات سے دلبرداشتہ ہوکر نوجوان نے خودکشی کرلی۔ ریلوے پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع
لکڑی کا پُل کی ہوٹل میں جسم فروشی کا ریاکٹ بے نقاب
حیدرآباد۔/25 مارچ، ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے لکڑی کا پُل کی ایک ہوٹل پر دھاوا کرتے ہوئے آن لائن جسم فروشی کے ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا اور آرگنائزر کے علاوہ ایک گاہک کو گرفتار کرلیا۔ ایک لڑکی جو بنگلہ دیشی بتائی گئی ہے اسے جسم فروشی کے چنگل سے آزاد کروایا۔ انسپکٹر خلیل پاشاہ کی ٹیم نے دی نیٹ ہوٹل لکڑی کا پُل خیریت آباد پولیس حدود میں دھاوا کیا ۔ پولیس نے کارروائی میں آرگنائزر 29 سالہ کارتک داس ساکن چارمینار متوطن مغربی بنگال ،35 سالہ سمیر مائتی ساکن گھانسی بازار متوطن مغربی بنگال کو گرفتار کرلیا اور 22 سالہ آریا خاں ساکن نوئیڈا دہلی متوطن بنگلہ دیش کو آزاد کروایا۔ جسم فروشی کا یہ ریاکٹ آن لائن چلایا جارہا تھا۔ گراہک سے واٹس ایپ کے ذریعہ رابطہ کے بعد لڑکی کی تصویر روانہ کی جاتی اور رقم حاصل ہونے کے بعد لڑکی کو متعلقہ ہوٹل پر روانہ کردیا جاتا۔ سنٹرل زون ٹاسک فورس نے اس ریاکٹ کو بے نقاب کیا۔ع