جرائم و حادثات

   

گاؤں میں سیاسی بالادستی حاصل کرنے ایک بیٹی اور داماد نے باپ کا ہی قتل کردیا – تلنگانہ کے سوریا پیٹ میں دل دہلا دینے والا واقعہ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے سوریاپیٹ ضلع کے نوٹنکل منڈل کے میریال گاؤں میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں سیاسی بالادستی کی لڑائی میں کانگریس کے ایک سینئر لیڈر اور سابق سرپنچ چکریا گوڑ کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا ۔ پولیس نے اس معاملے میں چکریا گوڑ کی بیٹی، داماد، اور دیگر 11 افراد سمیت 13 ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ واقعہ 17 تاریخ کو پیش آیا جب چکریا گوڑ کو ایک منصوبہ بند سازش کے تحت قتل کر دیا گیا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گاؤں میں سیاسی اثر و رسوخ اور گروہ واری رقابت اس قتل کی بنیادی وجوہات تھیں ۔ چکریا گوڑ گزشتہ 30 سالوں سے گاؤں کی سیاست میں سرگرم تھے اور وہ سرپنچ اور کوآپریٹیو سوسائٹی کے چیئرمین جیسے اہم عہدوں پر فائز رہ چکے تھے۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ چکریا گوڑ کے داماد نے ہی اپنے سسر کو اپنے سیاسی حریف کے طور پر دیکھنا شروع کر دیا تھا۔ گاؤں میں بڑھتے ہوئے اختلافات کے نتیجے میں اس نے اپنی اہلیہ (چکریا گوڑ کی بیٹی) اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر ان کے قتل کی منصوبہ بندی کی۔ پولیس نے اس سازش میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کر لیا ۔ش

فلائی اوور سے چھلانگ لگاکر خاتون کی خودکشی
حیدرآباد۔/25 مارچ، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ دبیر پورہ فلائی اوور سے چھلانگ لگاکر ایک خاتون نے خودکشی کرلی۔ دبیر پورہ پولیس کے مطابق 22 سالہ طحہٰ ناز جو کالا ڈیرہ علاقہ کے ساکن مرزا معظم علی کی بیوی تھی اس خاتون نے کل رات دبیر پورہ فلائی اوور سے چھلانگ لگادی۔ طحہٰ ناز کو پولیس کے مطابق سسرالی رشتہ داروں کی شدید ہراسانیوں کا سامنا تھا اور گھر خالی کرنے کیلئے بھی خاتون پر سخت دباؤ ڈالا جارہا تھا۔ ناز کی شادی سال 2021 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔ پولیس دبیر پورہ نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ع

شارجہ میں ملازم ڈاکٹر بندو کیرالا میں سڑک حادثہ میں ہلاک
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : متحدہ عرب امارت میں مقیم ایک ہندوستانی ڈاکٹر بندو فلپ تھرواننتا پورم ایرپورٹ سے گھر لوٹتے وقت سڑک حادثہ میں فوت ہوگئی ۔ 48 سالہ ماہر امراض نسواں جو شارجہ کے این ایم سی میڈیکل سنٹر میں ملازمت کرتی تھی وہ اپنے نئے گھر کی تعمیر کے بعد تقریب میں شرکت کے لیے آئی تھی ۔ ذرائع کے مطابق کار ڈرائیور پر چلتی کار میں نیند کے غلبہ کی وجہ سے کار بے قابو ہوگئی اور روڈ ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی ۔ مقامی افراد نے ڈرائیور اور ڈاکٹر کو کار سے باہر نکالا اور دونوں کو دواخانہ منتقل کردیا جہاں ڈاکٹر بندو دوران علاج فوت ہوگئی اور ڈرائیور کی حالت نازک بتائی گئی ہے ۔۔ ش
چلتی ٹرین سے گرکر ہلاک
حیدرآباد۔/25 مارچ، ( سیاست نیوز) چلتی ٹرین سے اترنے کے دوران گر کر ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ کے مطابق 38 سالہ سہیل احمد جو ٹرین میں سامان فروخت کرتا تھا خواجہ باغ سعید آباد علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے جس کا تعلق بہار سے بتایا گیا ہے۔ آج کاچی گوڑہ میں سہیل احمد ٹرین سے اترنے کے دوران گر کر ٹرین کی زد میں آگیا اور ہلاک ہوگیا۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع

پولیس کی تلاشی مہم کے دوران بھاری رقم ضبط
حیدرآباد۔/25 مارچ، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ پھول باغ میں پولیس نے تلاشی کے دوران بڑی رقم کو ضبط کرلیا گیا۔ چندرائن گٹہ پولیس نے تلاشی کے دوران پھول باغ جنکشن پر کارروائی انجام دی اور دو افراد کو حراست میں لے لیا۔ تلاشی کے دوران پولیس نے ایک کروڑ 30 لاکھ روپئے ضبط کرلیا اور رقم منتقل کرنے والے دو افراد محمد یوسف الدین اور سید عبدالہادی کے قبضہ سے رقم کو ضبط کرلیا۔ ان کے پاس اس رقم کا کوئی حساب نہیں پایا گیا۔ پولیس نے ضبط شدہ رقم کو آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے حوالے کردیا۔ع

بیٹے کے ہاتھوں باپ کے قتل کی سنگین واردات
حیدرآباد۔/25 مارچ، ( سیاست نیوز) کشائی گوڑہ علاقہ میں بیٹے کے ہاتھوں باپ کے قتل کی سنگین واردات پیش آئی جہاں والدہ اور والد کے جھگڑے سے دلبرداشتہ بیٹے نے باپ کا گلہ گھونٹ کر قتل کردیا۔ کشائی گوڑہ پولیس کے مطابق 54 سالہ تپلاوت شنکر جو آٹو ڈرائیور تھا بیوی بچوں کے ساتھ کاپرا علاقہ میں رہتا تھا۔ شنکر اکثر بیوی سے جھگڑا کرتا تھا۔ میاں اور بیوی کے درمیان کل رات بحث و تکرار کے بعد جھگڑا ہوا اور شنکر کی بیوی رات کو گھر چھوڑ کر بیٹی کے گھر چلے گئی۔ گھر میں شنکر اور اس کا بیٹا جگدیش تھے۔ والدہ کے گھر سے چلے جانے پر بیٹا برہم تھا اس نے باپ کا گلہ گھونٹ کر اس کا قتل کردیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع