پشپا بھگڈر میں زخمی کمسن ہاسپٹل سے ریہبلیٹیشن سنٹر منتقل
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلگو کی مشہور فلم پشپا 2 کے پریمیر شو کے دوران میں بھگڈر میں ایک خاتون ریوتی کی ہلاکت اور اس کا نو سالہ بیٹا سری تیج شدید زخمی ہوگیا تھا جسے حیدرآباد کے کمس دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا ۔ سری تیج کو پانچ ماہ بعد کمس دواخانہ سے نیورو ریہبلیٹیشن سنٹر منتقل کیا گیا ۔ یہ حادثہ گزشتہ سال دسمبر میں پیش آیا تھا ۔ ڈاکٹروں نے سری تیج کی حالت مستحکم بتائی اور اسے اب آکسیجن کی ضرورت نہیں ہے ۔ کمس دواخانہ میں اسے چار ماہ 25 دن علاج کے بعد منتقل کیا گیا ۔ سری تیج کے والد بھاسکر نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے سری تیج کو ریہبلیٹیشن سنٹر منتقل کرنے کا مشورہ دیا جہاں اس کا علاج کے بعد 15 دن بعد ڈسچارج کرنے کی امید ہے ۔ بھاسکر نے بتایا کہ اس کا بیٹا اپنے افراد خاندان کو نہیں پہنچان رہا ہے اس کا دماغ ابھی بھی پوری طرح ٹھیک نہیں ہوا ہے ۔ سری تیج کو 15 دن قبل ہی آئی سی یو سے جنرل وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا ۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ اسے انفکشن سے بچانے کی ضرورت ہے ۔ بھاسکر نے بتایا کہ پشپا 2 کی ٹیم اور ریاستی حکومت نے تعاون دیا ہے ۔ بھاسکر نے بتایا کہ سری تیج کو ڈسچارج کرنے کے بعد کمس دواخانہ کی جانب سے کوئی رقم نہیں لی ۔ پشپا 2 کے ہیرو الوارجن نے ریوتی کے خاندان کو دو کروڑ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا تھا ۔۔ ش
وارسی گوڑہ قتل کیس کا قاتل گرفتار
حیدرآباد /30 اپریل ( سیاست نیوز ) وارسی گوڑہ پولیس نے قتل کیس کو حل کرتے ہوئے قاتل کو گرفتار کرلیا جو مقتول کے بہنوائی نکلا ۔ پولیس نے 45 سالہ شخص جان انیل لازاریز عرف دھاوا ساکن ایڈیکمٹ کو گرفتار کرلیا 28 اپریل کی رات جان انیل نے موٹر سائکل کی راڈ سے حملہ کرتے ہوئے اپنے سالے سیامن راج کا قتل کردیا تھا ۔ سیامن راج نے قاتل کو اور اس کے افراد خاندان کو جان سے ماردینے کی دھمکی دی تھی اور نانل نے راج کا قتل کرنے کی ٹھان لی اور 28 اپریل کو شراب خانے پر جھگڑے کے بعد اس نے منصوبہ بنایا اور سیامن راج کو مئے نوشی کیلئے پارسی گٹہ طلب کیا جو دو ساتھیوں کے ہمراہ آیا تھا ۔ مئے نوشی کے بعد راج چلا گیا اور جان انیل نے ایسے تلاش کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا ۔ پولیس وارسی گوڑہ نے جان انیل کو گرفتار کرلیا ۔ ع
گانجہ اور سیل فون ضبط
تین افراد گرفتار
حیدرآباد /30 اپریل ( سیاست نیوز ) اسپیشل زونل کرائم ٹیم سی سی ایس حیدرآباد نے تین افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 24 کیلو گانجہ اور تین سیل فون ضبط کرلئے ۔ اسپیشل زونل ٹیم نے 21 سالہ محمد عمر 47 سالہ محمد غوث حسین اور 20 سالہ محمد سہیل ساکنان تالاب کٹہ کو گرفتار کرلیا ۔ یہ تین افراد پرانے شہر میں گانجہ فروحت کر رہے تھے ۔ جبکہ پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کے دیگر دو ارکان سونا جاوید اور فیصل مفرور ہیں ۔ اسپیشل زونل کرائم ٹیم نے گرفتار ا فراد کو مزید کارروائی کیلئے پولیس بھوانی نگر کے حوالے کردیا ۔ ع