شادی کی تقریب میں زیورات کی گمشدگی پر خاتون کی شیرخوار بچہ کے ساتھ خود کشی
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ ونستھلی پورم کے آگمیا نگر میں ایک خاتون نے اپنے شیرخوار بچے کے سات تیسری منزل کود کر خود کشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق 28 سالہ مودیشنا کی شادی چار سال قبل آشش کمار سے ہوئی انہیں ڈھائی سال کا بیٹا آرش کمار ہے ۔ 16 مئی کو مودیشنا اپنے رشتہ داروں کی شادی کی تقریب ناچارم میں شرکت کے لیے ناچارم گئی جہاں 7 تولہ سونے کے زیورات کی چوری ہوگئی ۔ زیورات نہ ملنے پر وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہوکر منگل کو تیسری منزل سے اپنے بیٹے کے ساتھ چھلانگ لگا دی اور وہ شدید زخمی ہوگئی جسے دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں وہ علاج کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکی ۔ جب کہ ڈھائی سالہ بچہ کرشماتی طور پر بچ گیا اور اسے معمولی زخم آئے دواخانہ میں اس کا علاج جاری ہے ۔ اس سلسلہ میں پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ۔۔ ش
نرمل میں شرابی باپ کے ہاتھوں کمسن بچی کی موت
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ریاست کے ضلع نرمل کے خانہ پور میں افسوسناک واقعہ میں شرابی باپ اپنی شیر خوار بیٹی پر گرپڑا جس کی وجہ سے بچی کی موت ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق شیکھر نشہ کی حالت میں گھر پہنچا اور پلنگ پر گرپڑا جہاں بچی سو رہی تھی بچی پر گرنے کی وجہ سے اس کا دم گھٹ کر وہ مر گئی ۔ یہ پورا واقعہ بچی کی ماں سجاتا دیکھ رہی تھی جیسے ہی شیکھر بچی پر گرا وہ چیخ و پکار کرنے لگی تبھی تمام گھر والے جمع ہوگئے اور شیکھر کو ہٹایا تب تک بچی مر چکی تھی ۔ پولیس اور مقدمہ درج کرکے شیکھر کو حراست میں لیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ش
چوری کے الزام میں اذیت رسانی اور جان سے مارنے کی دھمکی پر ایک شخص کی خوسوزی
حیدرآباد /21 مئی ( سیاست نیوز ) چوری کے الزام میں اذیت رسانی اور جان سے مارنے کی دھمکی کا شکار ایک شخص نے خودسوزی کرلی ۔ بالاپور پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 46 سالہ شیخ چاند پاشاہ نے خودسوزی کرلی ۔ چاند پاشاہ پیشہ سے پینٹنگ مزدور تھا جو حافظ بابا نگر علاقہ میں رہتا تھا ۔ چاند پاشاہ اپنے ساتھی خلیل کے ساتھ محسن اور خالد نے دو بھائیوں کے مکان میں چند روز سے کام کر رہا تھا ۔ بالاپور پولیس کے مطابق شیخ چاند پاشاہ کی اہلیہ خیرالنساء بیگم کی شکایت کے مطابق دونوں بھائیوں نے شیخ چاند پاشاہ پر سونا چوری کا الزام لگاتے ہوئے شدید مارپیٹ کا نشانہ بنایا اور ان کے شوہر کو برقی شاک دئے گئے اور سونا واپس نہ کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے شدید ہراساں و پریشان کر رہے تھے ۔چاند پاشاہ پر یہ الزام لگایا گیا تھا کہ خلیل نے خالد اور محسن کے مکان سے سونا سرقہ کرتے ہوئے چاند پاشاہ کو دیا ہے اور چاند پاشاہ کو اس بات پر ہاتھ پیر باندھ کر مارپیٹ اور برقی شاک دئے گئے ان ہراسانیوں اور الزام سے تنگ آکر چاند پاشاہ نے خودسوزی کرلی ۔ بالاپور پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
حیات نگر میں ڈی سی ایم اور کار کے درمیان ٹکر ، تین طالب علم ہلاک
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : حیات نگر میں چہارشنبہ کی صبح ڈی سی ایم اور کار کے درمیان ٹکر کے نتیجہ میں تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق حیات نگر کے خانگی کالج کے قریب ایک تیز رفتار کار نے ڈی سی ایم کو ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں کار میں سوار تین طلباء کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور ایک زخمی ہوگیا ۔ مہلوکین کی شناخت پی چندرا سینا ریڈی 24 سالہ ، سی تریناتھ ریڈی 24 سالہ اور سی ورشتھ ریڈی 23 سالہ ساکن کنٹلور کے طور پر ہوئی ۔ جب کہ حادثہ میں زخمی اے پون کلیان ریڈی 24 سالہ شدید زخمی کو حیات نگر کے خانگی دواخانہ میں منتقل کیا گیا ۔ پولیس مقام پر پہنچ کر مقدمہ درج کیا اور نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ منتقل کردیا ۔۔ ش
پرانے شہر میں غیر قانونی سودی کاروبار، خانگی فینانسر گرفتار
حیدرآباد /21 مئی ( سیاست نیوز ) پرانے شہر میں غیر قانونی طور پر سودکا کاروبار کرنے والے ایک خانگی فینانسر کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا جو 20 فیصد سود پر قرض دیتے ہوئے غریب عوام کو شدید ہراساں و پریشان کر رہا تھا ۔ کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون پولیس نے 47 سالہ سید چاند پاشاہ ساکن فلک نما کو گرفتار کرلیا ۔ چاند پاشاہ پیشہ سے ٹیلر ہے پولیس نے اس کے قبضہ سے 40 ہزار نقد رقم ایک سیل فون ایک نوٹ بک کو ضبط کرلیا ۔ ع
شادی کے نام پر ڈاکٹر کے ساتھ جنسی زیادتی
متاثرہ کی شکایت پر سینئیر ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج
حیدرآباد /21 مئی ( سیاست نیوز ) شہر میں ایک خاتون ڈاکٹر کے ساتھ جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ۔ شادی کا جھانسہ دیکر محبت کے نام پر ایک اسٹار ہوٹل میں سینئیر ڈاکٹر نے خاتون ڈاکٹر کی عصمت ریزی کی ۔ تاخیر سے منظر عام پر آئے واقعہ میں پولیس بنجارہ ہلز نے خاتون ڈاکٹر کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ تفصیلات کے مطابق 37 سالہ ڈاکٹر جے سوامی محبوب آباد کے ایک ہاسپٹل میں ماہر اطفال کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا ہے سال 2023 میں اس کی پہچان اس علاقہ میں ڈاکٹر کی حیثیت سے کام کرنے والی 30 سالہ لڑکی سے ہوئی ۔ سوامی اور خاتون ڈاکٹر کی پہچان دوستی اور پھر محبت میں بدل گئی ۔ سوامی نے لڑکی کو تیقن دلایا کہ اس کی شادی زبردستی کی گئی ۔ اس کی بیوی نے جبراً اس سے شادی رچائی ۔ بیوی کے پسند نہ ہونے پر بھی وہ اس کے ساتھ زندگی بسر کر رہا ہے اور چار مرتبہ اس کا ابارشن بھی ہوچکا ہے اور اس نے بیوی کو طلاق دے دیا ہے ۔ یہ کہتے ہوئے خاتون ڈاکٹر سے شادی کا وعدہ کیا اور اس لڑکی کو تیقن دلایا ۔ لڑکی ستمبر 2024 میں شہر آئی اور یہاں ایک سرکاری دواخانے میں 12 ویں نیشنل پیڈیکان اجلاس میں شرکت کیلئے سوامی حیدرآباد آیا ۔ اور اس اجلاس میں متاثرہ خاتون ڈاکٹر بھی شریک تھی ۔ دونوں نے بنجارہ ہلز کی ایک اسٹار ہوٹل میں کمرہ لیا ۔ اس دوران ڈاکٹر سوامی نے خاتون ڈاکٹر کے ساتھ زبردستی کی ۔ شادی کے معاملہ میں ٹال مٹول کے بعد متاثرہ ڈاکٹر کو سوامی پر شک ہوا اور اس نے اپنے طور پر جانچ کی۔ اس جانچ میں خاتون کو پتہ چلا کہ اس نے بیوی کو طلاق نہیں دیا اور اس کے والدین سے شکایت کرنے پرانہوں نے کوئی اقدام نہیں کیا ۔ جس کے بعد خاتون ڈاکٹر نے پولیس میں شکایت کردی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع