فرضی سٹہ پلیٹ فام کے ذریعہ دھوکہ دہی ، پانچ افراد گرفتار
لیاب ٹاپس ، موبائیل فونس اور دیگر اشیاء ضبط ، ڈی سی پی سائبر کرائم سائی مری کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 8اکتوبر ۔ ( سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے بیٹنگ ایپس کیس میں (5) افراد کو گرفتار کرلیا جو نقلی سٹہ پلیٹ فام کے ذریعہ دھوکہ دے رہے تھے ۔ ڈی سی پی سائبر کرائم سائی مری اور ایس او ٹی ڈی سی پی مسٹر شوبھن کمار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی ۔ انھوں نے بتایا کہ (5) افراد ڈی نوین کمار ، وی سندیپ کمار ، سی پی راما راجو ، سی پی وی ناگا بھردواج اور ایم رامانجینو کو گرفتار کرلیا جو ٹیلی گرام اور واٹس ایپ گروپ کو اپڈیٹ کرتے ہوئے دھوکہ دہی کو انجام دے رہے تھے ۔ سائبر کرائم پولیس کے مطابق انھوں نے 120 بینک اکاؤنٹس کو فراہم کیا تھا تاکہ ان بینک کاؤنٹس کے ذریعہ رقم منتقل کروائی جاسکے ۔ سائبر کرائم ڈی سی پی نے بتایا کہ انھوں نے ستیہ نارائنا ورما نامی ایک شخصی کو سٹہ پورٹل سے حاصل رقم کو منتقل کرنے اور جمع بندی کیلئے ملازمت پر رکھا تھا۔ سائبر کرائم پولیس نے اس ٹولی کی جانب سے دھوکہ کے تاحال منظرعام پر آئے معاملات اور ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ تاحال (14) لاکھ ضبط کرلئے گئے ہیں۔ سائبر کرائم اور ایس او ٹی پولیس نے ان گرفتار کردہ دھوکہ بازوں کے قبضہ سے (2) لیاپ ٹاپ (30) موبائیل فونس ، (32) چیک بکس ، (22) اے ٹی ایم کارڈ اور (48) سم کارڈز ضبط کرلیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ع
طفنچہ فروخت کرنے کی کوشش ، دو افراد گرفتار
حیدرآباد : /8 اکٹوبر (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کی اسپیشل زونل کرائم ٹیم نے فلک نما پولیس کی مدد سے جھارکھنڈ سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے ایک طفنچہ برآمد کرلیا ۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس کرائمس مسٹر ایم سرینواسلو نے بتایا کہ 25 سالہ وجئے یادو اور 22 سالہ بنٹی کمار یادو متوطن جھارکھنڈ جو شہر میں فلک نما اور چندرائن گٹہ کے علاقوں میں میوہ فروشی کا کاروبار کررہے تھے ۔ وجئے یادو نے بہار سے تعلق رکھنے والے سونو کمار سے 58 ہزار روپئے میں دیسی ساختہ ہتھیاروں خریدا تھا اور اسے غیرقانونی طور پر فروخت کرنے کی کوشش کررہا تھا ۔ وجئے یادو اور بنٹی کمار یادو دونوں نے شہر کے بعض غیرسماجی عناصر کو یہ ہتھیار فروخت کرنے کی کوشش کی جس پر سی سی ایس پولیس کو اطلاع ملنے پر انہیں گرفتار کرلیا گیا اور ان کے قبضہ سے 0.7 ایم ایم دیسی ساختہ پستول برآمد کرلئے ۔ گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیجا گیا ہے ۔ ب
جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کا ضمنی انتخاب ، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مقدمات
حیدرآباد : /8 اکٹوبر (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات کے اعلان کے بعد انتخابی ضابطہ اخلاق عمل میں آگیا ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کئے جارہے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر و جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنن نے بتایا کہ عوامی مقامات پر غیرمجاز طور پر پوسٹر چسپاں کرنے ، بیانرز لگانے کے خلاف 1620 مقدمات درج کئے گئے ہیں جن میں 1097 مقدمات صرف عوامی مقامات کو خراب کرنا اور 523 خانگی املاک شامل ہیں ۔ مسٹر کرنن نے بتایا کہ /6 اکٹوبر کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کے بعد جی ایچ ایم سی عملہ نے انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت مقدمات درج کرنا شروع کردیا ہے اور یہ کارروائی مزید جاری رہے گی ۔ ب
پولیس کی تلاشی مہم ، چار لاکھ نقد رقم
اور شراب کی بوتلیں ضبط
حیدرآباد : /8 اکٹوبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کے اعلان کے بعد محکمہ پولیس کی جانب سے بھی دونوں شہروں میں غیرقانونی طور پر منتقل کئے جانے والے رقومات کا پتہ لگانے کیلئے کارروائی شروع کی گئی ہے ۔ علاقہ پنجہ گٹہ میں پولیس تلاشی مہم کے دوران ایک رئیل اسٹیٹ تاجر کی کار سے 4 لاکھ نقد رقم اور 9 شراب کی بوتلیں برآمد کی گئی ہیں ۔ رئیل اسٹیٹ تاجر سے پولیس نے رقم کی موجودگی کے بارے میں دریافت کرنے پر وہ اطمینان بخش جواب نہ دے سکا جس پر پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم کو محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں کے حوالے کردیا ۔ ب
شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل ، ملزم کی خودسپردگی
حیدرآباد۔ 8 اکتوبر (سیاست نیوز) ساتھ رہنے کے لئے دوسری بیوی کو منانے میں ناکامی کے بعد ایک شخص نے اس کا قتل کردیا اور قتل کے بعد اس کی تصویر پہلی بیوی کو روانہ کیا اور خودسپردگی اختیار کرلیا۔ پہلی بیوی کو دوسری بیوی کے قتل کی تصویر روانہ کرنے کے بعد شوہر نے پہلی بیوی سے شاباشی کی امید کی تھی لیکن اس میں وہ ناکام ہوگیا۔ یہ افسوسناک داستان ضلع رنگاریڈی کے چیوڑلہ منڈل میں پیش آئی جہاں وینکنا گوڑہ میں جگنیا نامی شخص نے اس کی دوسری بیوی کا قتل کردیا۔ جگنیا پیشہ سے ڈرائیور ہے جو وینکنا گوڑہ میں اپنی دونوں بیویوں کے ساتھ زندگی بسر کرتا تھا۔ پہلی بیوی کے موجودگی میں جگنیا نے 15 سال قبل رجیتا سے دوسری شادی کی تھی اور اس سے دو بچے ہیں۔ تین سال قبل رجیتا نے شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور جگنیا دوسری بیوی کو اپنے ساتھ رکھنا چاہتا تھا اور دوسری بیوی کو منانے کی کوشش میں تھا۔ گزشتہ روز جگنیا رجیتا کو منانے کے لئے گیا اور افراد خاندان کے سامنے بات رکھی اور رجیتا سے ساتھ رہنے کی درخواست کی لیکن راجیتا نے انکار کردیا جس کے بعد جگنیا نے اس کو منانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ اپنے فیصلے پر اٹل تھی، حالت نشہ میں موجود جگنیا نے رجیتا کا قتل کردیا اور قتل کے بعد تصویر کو پہلی بیوی کو روانہ کیا اور اس قتل کی اطلاع گاؤں کے سرپنچ کو دی اور پولیس میں خودسپردگی اختیار کرلی۔ ع
ہریانہ میں آئی پی ایس آفیسر کی خود کشی سے سارے ملک میں سنسنی
حیدرآباد۔ 8 اکتوبر (سیاست نیوز) ریاست ہریانہ میں ایک آئی پی ایس عہدیدار کی خودکشی نے پورے ملک میں سنسنی پھیلادی۔ تاہم اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہے۔ اس سینئر آفیسر نے اپنی سرویس ریوالور سے خود کو گولی مارکر انتہائی اقدام کرلیا۔ ذرائع کے مطابق آئی جی پی وائی پورن کمار نے اپنے مکان چندی گڑھ کے سیکٹر گیارہ میں گولی مارلی۔ انتہائی اقدام سے قبل سینئر آئی پی ایس عہدیدار پورن کمار نے بنگلہ پر تعینات حفاظتی دستہ کو باہر بھیج دیا اور مکان کے تہہ خانہ میں جاکر اپنی سرویس ریلوالور سے گولی مارلی۔ اس وقت مکان میں ان کے افراد خاندان نہیں تھے۔ ان کی اہلیہ امنیت پی کمار جو ایک سینئر آئی اے ایس عہدیدار ہیں وہ ان دنوں ہریانہ کے وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ایک سرکاری وفد کے ساتھ سرکاری دورہ پر جاپان گئی ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پورن کمار کا تعلق سال 2001 کے بیاچ سے تھا۔ وہ اس وقت اپنی بیٹی کے گھر کے تہہ خانہ میں مردہ حالت میں پایا گیا۔ امنیت کمار کا تعلق بھی سال 2001 آئی اے ایس بیاچ سے ہے جو اس وقت محکمہ خارجہ تعاون میں کمشنر کے عہدے پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس اطلاع کے ساتھ ہی پولیس کے حلقوں میں سنسنی پھیل گئی اور سنٹرل فارنسک سائنس کی ٹیم کو طلب کرلیا گیا اور شواہد اکٹھا کرتے ہوئے ہر زاویہ سے اس معاملہ کی تحقیقات کو انجام دیا جارہا ہے ار تجربہ کار عہدیداروں کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ ع
لنگم پلی ریلوے اسٹیشن پر گانجہ ضبط
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : چندا نگر پولیس نے چہارشنبہ کو تین افراد کو گرفتار کیا جو گانجہ منتقل کررہے تھے ۔ پولیس دو خواتین سمیت تین افراد کو لنگم پلی ریلوے اسٹیشن پر 45 کلو گانجہ کے ساتھ گرفتار کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ تینوں لنگم پلی ریلوے اسٹیشن پر پلیٹ فارم نمبر 1 پر ٹھہرے ہوئے تھے ایک اطلاع پر انہیں گرفتار کرلیا گیا وہ مبینہ طور پر وشاکھا پٹنم سے ممبئی کو گانجہ کے ساتھ جارہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ مریجونا جس کا وزن 45 کلو ہے اسے ضبط کرتے ہوئے تینوں کو حراست میں لے لیا گیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔۔ ش