جرائم و حادثات

   

آٹو رکشا میں دو نوجوانوں کی پراسرار موت ، چندرائن گٹہ علاقہ میں سنسنی ، انجکشن برآمد

حیدرآباد ۔ 3 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ میں پیش آئے ایک ہولناک واقعہ میں دو نوجوان پراسرار طورپر آٹو رکشا میں مردہ پائے گئے ۔اس واقعہ کے بعد چندرائن گٹہ علاقہ میں خوف و سنسنی پیدا ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ آٹو سے انجکشن بھی برآمد ہوئے ۔ سمجھا جارہا ہے کہ انجکشن کے استعمال کے سبب نوجوان ہلاک ہوگئے ۔ اطلاع کے بعد پولیس مقام واردات پہونچی اور حالات کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق کل رات دیر گئے ایک ہوٹل کے قریب آٹو سے 24 سالہ جہانگیر اور 25 سالہ عرفان کی نعشوں کو برآمد کیا ۔اس وقت ان دونوں نوجوانوں کے ہمراہ ایک اور شخص موجود تھا جس کو کیمروں کی مدد سے پولیس نے حراست میں لے لیا ہے ۔ مقام واردات سے پولیس نے شواہد کو اکٹھا کیا اور ان مشتبہ انجکشن کو جانچ کیلئے لیاب روانہ کردیا گیا ہے۔ کلوز ٹیم نے بھی مقام واردات کی مکمل جانچ کی ۔شبہ ہے کہ مہلوک نوجوان نشہ کے عادی تھے اور انھوں نے انجکشن میں اوور ڈوز لیا ہوگا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جس کی پولیس نے بھی توثیق کی ہے آٹو میں پائے گئے انجکشن جو شبہ ہیکہ نوجوانوں نے استعمال کیا ، یہ انجکشن درد کو ختم کرنے کے پین کلر ہیں اور ان کے اوورڈوز ہونے پر ہی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ نوجوان نسل کو نشہ کی لعنت سے بچانے کیلئے بستی سطح پر شعور بیداری اور سماج سدھار کے موثر اقدامات ضروری ہوگئے ہیں ۔اس سلسلہ میں اے سی پی چندرائن گٹہ سدھاکر نے بتایا کہ آٹو سے دو انجکشن برآمد ہوئے جو پین کلر کے انجکشن بتائے گئے ۔ اوورڈوز ہونے کے سبب اُن کی موت واقع ہونے کا شبہ ہے اور ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے تاہم قطعی طورپر میڈیکل رپورٹ کے بعد ہی وجہ بتائی جاسکتی ہے ۔ پولیس کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے ۔ چندرائن گٹہ پولیس اس معاملہ میں مصروف تحقیقات ہے ۔ع

رین بازار میں ایک نوجوان کا قتل
حیدرآباد۔ 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کے رین بازار پولیس اسٹیشن کے حدود میں آج رات ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نوجوان جنید کو نامعلوم حملہ آور نے چاقوؤں سے حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ جنید کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا لیکن علاج کے دوران نوجوان کی موت ہوگئی۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ ش

20 آوارہ کتوں کے حملہ میں 8 سالہ گونگا بچہ شدید زخمی
زخمی بچے کی کان کی سرجری ،کتوں کے کاٹنے سے سارا جسم لہولہان
حیدرآباد ۔ 3 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) حیدرآباد کے حیات نگر علاقہ میں ایک دل دہلادینے والا واقعہ پیش آیا جہاں تقریباً 20 آوارہ کتوں نے 8 سالہ گونگے بچے پریم چند پر حملہ کرتے ہوئے زخمی کردیا ۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پریم چند صبح 8 بجے گھر کے قریب میں موجود کرانہ اسٹور کی طرف جارہا تھا کہ اچانک آوارہ کتوں کے جھنڈ نے اُسے گھیرلیا اور بے رحمی سے کاٹنا شروع کردیا ۔ پریم پیدائشی طورپر گونگا ہے اور وہ بچاؤ کیلئے آواز نہیں دے سکا اور نہ ہی چیخ و پکار کیا اور نہ ہی کسی کو مدد کیلئے بلاسکا جس کے باعث حملہ مزید خوفناک صورت اختیار کرگیا۔ سوئٹر پہننے کی وجہ سے زخم زیادہ گہرے نہیں آئے ۔ عینی شاہدین کے مطابق کتوں نے سوئٹر کو پھاڑا اور پھر بچے کو گھسیٹ کر کاٹنا شروع کیا ۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والے سرینواس نامی شخص نے صورتحال دیکھ کر فوری طورپر پتھر پھینکے اور کتوں کو بھگادیا جس سے بچے کی جان بچ گئی ۔ شدید زخمی بچے کو مقامی لوگوں نے 108 ایمبولینس کی مدد سے فوری طورپر فیور ہاسپٹل کو منتقل کیا جہاں ابتدائی علاج کے بعد زخمی بچے کو بہتر نگہداشت کیلئے نیلوفر ہاسپٹل کو بھیج دیا گیا ۔ ڈاکٹرس نے پریم چند کے کان کی سرجری کی اور اسے آئی سی یو میں زیرعلاج رکھا گیا ۔ بچے کے والد بی تروپتی ایک اپارٹمنٹ میں چوکیدار کے طورپر کام کرتے ہیں اور والدہ چندرکلا مزدوری کرتی ہے ۔ پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے اونگول سے ان کا تعلق ہے اور وہ روزگار کے لئے حیات نگر کے ثروی نگر میں قیام پذیر ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر منصورآباد کے کارپویٹر کے نرسمہاریڈی نے ہاسپٹل پہونچ کر متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور فوری طورپر اپنی طرف سے 10 ہزار روپئے کی مالی امداد فراہم کی ۔ اس المناک واقع کے بعد مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔مقامی عوام نے جی ایچ ایم سی سے اپیل کی ہے کہ آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کریں تاکہ مستقبل میں ایسے خوفناک واقعات سے بچوں کا تحفظ کیا جاسکے ۔ 2