جرائم و حادثات

   

Ferty9 Clinic

جگتیال میں دو خواتین کے ہاتھوں ایک شخص کا قتل

حیدرآباد 28 ڈسمبر (سیاست نیوز) جگتیال ضلع میں ایک نوجوان کو دو بہنوں نے قتل کردیا۔ قتل کی وجہ نوجوان نے دونوں بہنوں کی شادی برباد کی اور انھیں فون میں ویڈیوز دکھاکر بلیک میل کررہا تھا۔ پولیس کے مطابق برا مہندر 32 سالہ جو پداپلی ضلع کا ساکن ہے جو حیدرآباد میں طبی نمائندے کے طور پر کام کرتا ہے۔ اس کی ملاقات وہاں پر کام کرنے والی ایک نوجوان خاتون سے ہوئی اور دونوں میں غیر ازدواجی تعلقات قائم ہوگئے اور اس کی بڑی بہن سے بھی دوستی ہوگئی اور اس نے اس کے ساتھ بھی غیر ازدواجی تعلقات قائم کرلیا۔ حال ہی میں اس خاتون کی منگنی ہوئی تو مہندر نے اپنے سیل فون پر اس کی فحش ویڈیوز دکھاکر اس کے ساتھ تعلقات قائم کئے۔ بلیک میل کرنے پر دونوں بہنیں ناراض تھیں۔ منصوبہ کے تحت خاتون نے اسے فون کرکے اپنی بہن کے گاؤں آنے کو کہا۔ جب وہ جمعہ کی رات 10 بجے پہنچا جس کے بعد اس کے ساتھ دونوں بہنوں کا جھگڑا ہوا۔ بہنوں نے مہندر کی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر ڈالا اور لاٹھیوں سے حملہ کیا۔ مہندر پر اس کے رشتہ داروں نے بھی حملہ کیا جس کی وجہ وہ شدید زخمی ہوگیا۔ جسے مقامی لوگوں نے 108 ایمبولنس کے ذریعہ جگتیال کے سرکاری دواخانہ منتقل کیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے مقام کا معائنہ کیا اور مقدمہ درج کرلیا۔ مہندر کے رشتہ داروں کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی اور دونوں بہنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ (ش)

باپ کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ طالب علم کی خودکشی
حیدرآباد۔ 28 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے دومل گوڑہ علاقہ میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جس میں باپ کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ دسویں جماعت کے طالب علم نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ 13 سالہ اروند ساکن دومل گوڑہ دسویں جماعت کا طالب علم تھا اور ایس ایس سی امتحانات کی تیاری کیلئے اس کے باپ کی جانب سے مسلسل تنبیہ کی جارہی تھی۔ اروند نے اپنے باپ کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہوکر گھر میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ اس واقعہ کے بعد اروند کے مکان میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس دومل گوڑہ کی ٹیم موقع واردات پر پہنچ کر نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ میں منتقل کیا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ والد کے غصہ سے اروند کافی پریشان تھا اور وہ شدید ذہنی تناؤ کا شکار تھا جس کے نتیجہ میں اس نے یہ انتہائی اقدام کیا۔ ب

بائیک زیرتعمیر کلورٹ میں گرپڑی، 3 نوجوان ہلاک
حیدرآباد 28 ڈسمبر (سیاست نیوز) بائیک کے زیرتعمیر کلورٹ میں گر پڑنے کے نتیجہ میں 3 نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ یہ حادثہ تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی کی این ایچ 161 بی کے قریب اتوار کی صبح کی اوّلین ساعتوں میں اُس وقت پیش آیا جب بائیک چلانے والے نوجوان نے اس کا توازن کھودیا۔ مہلوکین کی شناخت 27 سالہ اے نرسمہلو، 24 سالہ جے ملیش اور 23 سالہ جے مہیش کے طور پر کی گئی جو آپس میں رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔ پولیس نے کہاکہ نامناسب روشنی کے سبب یہ حادثہ پیش آیا۔(ش)

جوڑے سے جبراً وصولی کرنے والی پانچ رکنی ٹولی گرفتار
حیدرآباد : /28 ڈسمبر (سیاست نیوز) ٹولی چوکی پولیس نے ایک جوڑے سے جبراً وصولی کرنے والے پانچ رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق 32 سالہ جنید مخدومی جو امیزان کا ملازم ہے اور گولی ڈوڈی کا ساکن ہے ۔ /31 ڈسمبر کی شب وہ اپنی ایک ساتھی جو اکبر پورہ ایم ڈی لائنس ٹولی چوکی کی ساکن ہے لیاپ ٹاپ حاصل کرنے کیلئے گیا جہاں پر اچانک چار افراد زبردستی مکان میں داخل ہوکر خود کو وہاں کے مقامی سوسائیٹی کے افراد ظاہر کرتے ہوئے دونوں کا ویڈیو موبائیل فون میں قید کیا اور مخرب الاخلاق میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ۔ اتنا ہی نہیں ٹولی کے ارکان نے ان کے ریکارڈ کئے گئے ویڈیوز کو سوشیل میڈیا پر عام کرنے کی دھمکی دی ۔ انتہائی خوف کے عالم میں جنید مخدومی نے ملزمین کے اکاؤنٹ میں بذریعہ کریڈ اپلیکیشن کے ذریعہ 46 ہزار کی رقم منتقل کی ۔ بعد ازاں جنید نے ٹولی چوکی پولیس کو اس سلسلہ میں شکایت درج کروائی جس کے نتیجہ میں پولیس نے جبراً وصولی اور دھمکانے کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے پانچ افراد 23 سالہ محمد مزمل ، 22 سالہ محمد عمران احمد جو طالبعلم ہیں ، 22 سالہ محمد شاہنواز ، 22 سالہ خضر حسین ، 22 سالہ شیخ عامر احمد کو پولیس نے اس کیس میں گرفتار کیا جبکہ کلیدی ملزم محمد صادق ہنوز مفرور ہے ۔ پولیس نے گرفتار افراد کے قبضہ سے جرم میں استعمال کئے گئے موبائیل فونس کو ضبط کرلیا ۔ ب

گچی باؤلی کے نائٹ کلب میں ایگل فورس کا دھاوا، 14 افراد کا نارکوٹک ٹسٹ مثبت
حیدرآباد۔ 28 ڈسمبر (سیاست نیوز) جشن سالِ نو کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس اور انسداد منشیات اسکواڈ چوکس ہے اور آئے دن مختلف پبس اور بارس دھاوے کئے جارہے ہیں۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں گچی باؤلی علاقہ میں کل رات دیر گئے انسداد منشیات ٹیم (ایگل فورس) نے ایک نائٹ کلب پر دھاوا کرتے ہوئے وہاں موجود افراد کا نارکوٹک ٹسٹ کروایا جس میں 14 افراد مثبت پائے گئے۔ تفصیلات کے بموجب پب میں ڈرگس کے استعمال کی اطلاع پر ایگل فورس نے گچی باؤلی میں واقع کوئیک ارینا نائٹ کلب جہاں پر یوکرین کے مشہور ڈی جے Artbat کا شو منعقد کیا گیا تھا، اس موقع پر ایگل ٹیم نے اس شو میں شامل افراد کا اچانک ڈرگ ٹسٹ کرایا گیا جس میں 14 افراد کو کوکین، او پی ایم اور گانجے کے استعمال کا مرتکب پایا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ دس دنوں میں ایگل فورس نے 27 ڈرگ پیڈلرس اور 17 سارقین جس میں 5 بیرونی عورتیں بھی شامل ہیں، کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے قبضہ سے منشیات برآمد کی گئی تھی۔ب

سگاچی انڈسٹریز کا سی ای او امیت راج سنہا گرفتار
حیدرآباد۔ 28 ڈسمبر (سیاست نیوز) ضلع سنگاریڈی میں چھ مہینے قبل سگاچی انڈسٹریز میں پیش آئے دھماکے کیس میں پولیس نے کمپنی کے سی ای او امیت راج سنہا کو کل رات دیر گئے گرفتار کرلیا۔ جاریہ سال 30 جون کو سنگاریڈی میں واقع سگاچی انڈسٹریز میں فیکٹری کے ڈرائر یونٹ میں اچانک دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں 54 ورکرس ہلاک ہوگئے تھے۔ اس سلسلے میں سنگاریڈی پولیس نے ایک مقدمہ درج کیا تھا اور کمپنی کے سی ای او کو ملزم نمبر 2 قرار دیا تھا۔ تحقیقات مکمل ہونے پر سنگاریڈی پولیس نے سگاچی انڈسٹریز کے سی ای او امیت راج سنہا کو کل رات گرفتار کرتے ہوئے انہیں مجسٹریٹ کے مکان پر پیش کیا اور کندی سنٹرل جیل منتقل کردیا گیا۔ب