چنگی چرلہ علاقہ میں ایک رات میں 12 مکانات میں سرقہ
حیدرآباد16 جنوری ( سیاست نیوز ) سنکرانتی تہوار کے موقع پر مکانات میں عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاکر پیشہ وار سارقین کی ٹولی نے میڈی پلی چنگی چرلہ میں سلسلہ وار واردات انجام دی اور ایک رات میں 12 مکانات میں سرقہ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق میڈی پلی کنکا درگا کالونی اور انوشکتی نگر میں سارقین کی ٹولی نے مقفل مکانات کو نشانہ بناکر قیمتی اشیاء اور نقد رقومات کا سرقہ کرلیا ۔ یہ واردات سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوئی ، جس کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ پولیس کے مطابق سارقین نے مقفل مکانات کی پہلے سے نشاندہی کی تھی اور کل رات دیر گئے مکانات میں قفل شکنی کے ذریعہ داخل ہوئے اور سرقہ کرلیا ۔ اس بات کا پتہ چلنے پر پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ کر علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا جس میں سارقین کی اس حرکت کا ویڈیو ریکارڈ ہوا ۔ سرقہ کے بعد چوروں کی ٹولی نے کار میں راہ فرار اختیار کرلی جس پر پولیس میڈی پلی نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ واضح رہے کہ سنکرانتی کے پیش نظر پولیس نے شہریان کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے آبائی مقامات کو جانے سے قبل مقفل مکانات کی اطلاع پولیس کو دیں یا پھر قیمتی اشیاء بشمول طلائی زیوارت اور رقومات گھروں میں نہ رکھیں یا پھر اُن کی عدم موجودگی کی اطلاع پولیس کو دے ۔ پولیس میڈی پلی تحقیقات کررہی ہے ۔ ب
کنیا کماری میں سڑک حادثے میں تلنگانہ کے جوڑے کی موت
منچیریال 16 جنوری (یو این آئی) منچیریال کے ساکن جوڑے کی سڑک حادثے میں جان چلی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرین ‘مکر جیوتی’ دیکھنے سبری مالا گئے تھے اور بعد ازاں کنیا کماری چلے گئے ۔ مرنے والوں کی شناخت پالاکورتی ستینارائن (63) اور ان کی اہلیہ راما(59) کے طور پر ہوئی ہے ۔
ٹریڈنگ دھوکہ ۔ 25 افراد گرفتار ۔ کئی مقدمات حل
حیدرآباد : 16 جنوری ( سیاست نیوز) سائبرآباد سائبر کرائم پولیس نے ٹریڈنگ دھوکہ دیہی میں گرفتاری کی ہے ۔ ایک کروڑ 34 لاکھ اور 2کروڑ 13لاکھ دھوکہ دہی کے معاملات کو حل کرلیا ۔ پولیس نے اندرون 15 یوم 13 مقدمات کی یکسوئی کرکے 25 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں ٹریڈنگ دھوکہ کے 7مقدمہ اور 12 جاب دھوکہ کا ایک مقدمہ اور 5 افراد اسمیشنگ فراڈ کے 2 مقدمہ ، 2 افراد سائبر فراڈ ، بزنس فراڈ اور پارٹائم جاب فراڈ کے ایک معاملہ میں 6 افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ سائبر کرائم پولیس کے مطابق 50 مقدمات میں 182 ریفنڈ آرڈر حاصل کرکے 78,77,130 روپئے متاثرین کے حوالے کئے گئے ۔ پولیس نے ان کارروائیوں میں کے سرینو اور جی اشوک کو بھی گرفتار کرلیا ۔ ان دونوں نے دھوکہ کے منصوبہ سے شل کمپنی قائم کی اور بینک اکاؤنٹس کو سائبر دھوکہ بازوں کے استعمال میں دیا جس کے ذریعہ سائبر دھوکہ باز دھوکہ دہی کی رقم کو ان بینک اکاؤنٹس کے ذریعہ حاصل کرتے تھے اورانہیں کمیشن دیا جاتا تھا ۔ ع