جرائم و حادثات

   

الوال کے ہاسٹل میں اچانک آگ، چھ طالبات متاثر
حیدرآباد ۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ الوال میں واقع ایک ہاسٹل میں اچانک آگ لگنے سے طلبہ متاثر ہوئے۔ یہ واقعہ الوال سٹیزن کالونی میں واقع 9 ایجوکیشن ہاسٹل میں پیش آیا۔ بتایا جاتا ہیکہ ہاسٹل کی چوتھی منزل میں واقع اے سی یونٹ میں اچانک دھماکہ ہوا اور جس کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا اور آگ نے پانچویں منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثہ کے وقت ہاسٹل میں جملہ 20 طلبہ موجود تھے جس میں 6 طالبات دھویں کی شدت سے متاثر ہوگئے۔ الوال پولیس نے انہیں فوری بذریعہ ایمبولنس دواخانہ منتقل کیا جہاں پر وہ زیرعلاج ہیں۔ اس حادثہ کی اطلاع ملنے پر شہر کے مختلف فائر انجن جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور اندرون ایک گھنٹہ آگ پر قابو پالیا۔ اس ہاسٹل میں جملہ 120 طلباء و طالبات مقیم ہیں اور اتوار ہونے کے نتیجہ میں ہاسٹل میں کئی طلبہ موجود تھے۔ ب

بلنکٹ ڈیلیوری بوائے سکیورٹی گارڈ پر حملہ کے الزام میں گرفتار
حیدرآباد ۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) کوکٹ پلی علاقہ میں بلنکٹ ڈیلیوری بوائے نے گیٹیڈ کمیونٹی کے ایک سیکورٹی گارڈ پر حملہ کرکے اسے زخمی کردیا۔ بتایا جاتا ہیکہ رینبو وسٹاس آر وی آر جی گیٹیڈ کمیونٹی واقع کوکٹ پلی میں مقیم افراد نے بلنکٹ کے ذریعہ اشیاء خریدنے کا آرڈر دیا تھا اور اس کی ڈیلیوری کیلئے بلنکٹ ڈیلیوری بوائے وہاں پہنچے تھے چونکہ یہ احاطہ گیٹیڈ کمیونٹی کا ہے اور انتہائی سخت سیکورٹی کے درمیان واقع ہے۔ بلنکٹ ڈیلیوری بوائے نے اشیاء کی ڈیلیوری کیلئے وہاں داخل ہونے کا اقرار کیا جس پر سیکورٹی گارڈ نے انہیں روک دیا۔ کچھ ہی دیر میں بلنکٹ ڈیلیوری بوائز کے ایک گروپ نے وہاں کے سیکورٹی گارڈ پر اچانک حملہ کردیا اور یہ منظر سی سی ٹی وی میں قید ہوا۔ کوکٹ پلی پولیس کو اطلاع ملنے پر رینبووسٹاس پہنچ کر بلنکٹ ڈیلیوری بوائے کو حراست میں لے لیا اور اس معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ب

آئی ایس سدن میں گانجہ ضبط، تین افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساوتھ ایسٹ زون ٹیم نے آئی ایس سدن پولیس کے ساتھ ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 11 کیلو گانجہ برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق 31 سالہ سید فردوس ساکن قلندر نگر سنتوش نگر اپنے ساتھی 40 سالہ محمد قادر ساکن اسلام پورہ ایچوڑہ منڈل عادل آباد گانجہ کی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سید فردوس جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے، اپنے سوتیلے باپ محمد قادر اور سوتیلے بھائی جو کم عمر ہے اور عادل آباد کے متوطن ہے۔ سابق میں بھی سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ فردوس بری عادتوں کا شکار ہے اور وہ اکثر گانجہ فروخت کرکے اپنی زندگی بسر کررہا ہے۔ محمد قادر اور اس کے کم عمر بیٹے نے مہاراشٹرا کے شہر ناگپور پہنچ کر وہاں سے 13 کیلو گانجہ معراج نامی شخص سے حاصل کیا اور شہر میں اس منشیات کو فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ سید فردوس نے خواہشمند گاہکوں سے 2 کیلو گانجہ کا آرڈر لیا اور اپنے ساتھی مادناپیٹ کے سجو کی مدد سے گانجہ فروخت کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ اس ممنوعہ منشیات کو جل پلی کے یوسف کو حوالے کرنے جارہا تھا کہ آئی ایس سدن پولیس نے ٹاسک فورس پولیس کی مدد سے انہیں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 5 لاکھ 50 ہزار مالیتی 11 کیلو گانجہ برآمد کرلیا۔ ب