کوٹھی میں تاجر پر فائرنگ اور رقم لوٹنے والے مشتبہ افراد کی شناخت، خصوصی ٹیم اترپردیش روانہ
حیدرآباد : یکم / فبروری (سیاست نیوز) شہر کی پولیس نے ہفتہ کو کوٹھی میں ایک تاجر پر فائرنگ کرکے 6 لاکھ روپے لوٹنے والے دو مشتبہ افراد کی شناخت کا سراغ لگا لیا ہے۔ کیرالا کے رہائشی تاجر عبدالرشاد ہفتہ کی صبح تقریباً 7 بجے بینک اسٹریٹ روڈ پر واقع ایک اے ٹی ایم مرکز پر نقد رقم جمع کرانے آئے۔ اس دوران دو ڈاکوؤں نے انہیں دھمکی دی اور پستول سے دو گولیاں چلائیں۔ گولی تاجر کے پیر میں لگ گئی جس سے شدید خون بہنا شروع ہو گیا۔ ملزمین نے تاجر کے اسکوٹر کی چابی چھین لی اور اسی گاڑی پر کاچیگوڑہ کی طرف بھاگ نکلے۔ وہاں پہنچ کر انہوں نے کپڑے بدلے اور ریلوے اسٹیشن کی جانب پیدل نکل گئے۔ حیدرآباد پولیس نے ملزمین کو پکڑنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں ۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس کمشنر حیدرآباد وی سی سجنار کی زیرنگرانی قائم کی گئی اسپیشل کرائم ٹیم کو کچھ اہم سراغ دستیاب ہوئے ہیں اور یہ پتہ لگایا ہے کہ ڈاکوؤں کا تعلق اترپردیش سے ہے ۔ خاطیوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم ہتھیاروں کے ساتھ اترپردیش روانہ ہوگئی ہے اور وہاں پر تلاش جاری ہے ۔ پولیس نے واقعہ کے بعد یہ پتہ لگایا ہے کہ ملزمین شہر بھر میں گھومتے رہے اور 7 مرتبہ آٹو کو تبدیل کیا اور پھر غائب ہو گئے۔ سینئر پولیس افسران کا خدشہ ہے کہ یہ گینگ نے ڈکیتی کی پیشگی منصوبہ بندی کی تھی اور موقع کا انتظار کیا تھا۔ زخمی تاجر عبدالرشاد کا ہاسپٹل میں بیان ریکارڈ کرلیا گیا ہے۔ ہفتہ کو ان کے پیر سے گولی نکالنے کی سرجری ہو گئی۔ پولیس اس زاویہ سے بھی تحقیقات کررہی ہے کیا اس واقعہ میں حوالہ کا کاروبار کرنے والے ٹولی کا منصوبہ تو نہیں ۔ ب
شرابی شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل
حیدرآباد ۔ یکم فروری (سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ فلم نگر میں ہفتے کی رات کو خاتون فارماسسٹ کو اُس کے شرابی شوہر نے قتل کردیا۔ کے ارونا اپنے شوہر کو شراب کی عادت سے باز آنے کے لئے مسلسل زور دیا کرتی تھی۔ ہفتہ کی شب ارونا نے اپنے شوہر کو دوبارہ نشہ میں دھت دیکھ کر برہم ہوگئی اور ساڑی سے پھانسی لینے کیلئے دھمکی دینے لگی اور گلے میں پھندا ڈال کر کرسی پر کھڑی ہوگئی۔ شوہر نے اُسے دیکھ کر کرسی کو اپنے پیر سے گرادیا، مدد کے لئے چیخ و پکار کرنے پر بھی شوہر نے اُسے نہیں بچایا۔ یہ منظر ارونا کے دو بیٹوں اور دیگر افراد خاندان کے سامنے ہوا۔ پولیس نے شوہر کے خلاف قتل کا ایک مقدمہ درج کرلیا۔ب
شمس آباد ایئرپورٹ پر گانجہ ضبط، مسافر گرفتار
حیدرآباد ۔ یکم فروری (سیاست نیوز) شمس آباد ایرپورٹ میں سی آئی ایس ایف عہدیداروں نے ایک مسافر کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 3.5 کیلو گانجہ ضبط کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کوالالمپور سے شمس آباد ایرپورٹ آنے والی فلائٹ نمبر MH-198 کے ایک مسافر باریہ ہیمنگ کمار کو مشکوک حالت میں دیکھتے ہوئے سی آئی ایس ایف عہدیداروں نے اس کے لگیج کی تلاشی لی۔ اس کے لگیج سے 3.5 کیلو گانجہ برآمد ہوا جس کی مالیت 3.5 کروڑ روپئے بتائی گئی۔ سی آئی ایس ایف عہدیداروں نے مسافر کے قبضہ سے گانجہ ضبط کرلیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ (ش)