کاچیگوڑہ میں مکان میں سلینڈر دھماکہ ‘ علاقہ میں سنسنی
حیدرآباد /22 فبروری (سیاست نیوز ) شہر کے علاقہ کاچی گوڑہ میں اتوار کی شب ایک مکان میں ایل پی جی گیاس سیلنڈر کا دھماکہ ہوا جس کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کرشنا نگر علاقہ میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب رہائشی مکان میں مقیم افراد موجود نہیں تھے ۔ دھماکہ کی آواز اور آگ لگنے پر مقامی عوام نے فوری پولیس کو اطلاع دی جس پر فوری جائے حادثہ پر فائرانجن عملہ کو طلب کرلیا گیا ۔ پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ عملہ نے متاثرہ مکان پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں پتہ لگایا کہ ایل پی جی گیاس کے اخراج کے سبب یہ دھماکہ ہوا ہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ ب
تلنگانہ اسپورٹس اسکول حکیم پیٹ میں طالب علم کا اقدام خودکشی
حیدرآباد : /22 فبروری (سیاست نیوز ) حکیم پیٹ میں واقع تلنگانہ اسپورٹس اسکول میں ایک طالب علم نے اقدام خودکشی کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ساتویں جماعت کے طالب علم نے خودکشی کی ناکام کوشش پر وہاں کے وارڈن نے اسے فوری دواخانہ منتقل کیا جہاںپر اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ پیٹ بشیر آباد پولیس حدود میں واقع ویلنیس ہاسپٹل میں پہونچ کر ریاستی وزیر وی سری ہری نے طالب علم کی عیادت کی اور ڈاکٹروں کو طالب علم کو موثر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ طالب علم کو حالیہ دنوں عادل آباد اسپورٹس اسکول سے حکیم پیٹ اسپورٹس اسکول تبادلہ کیا گیا تھا اور سمجھا جاتا ہے کہ وہ سے دلبرداشتہ تھا ۔ پولیس اس کیس کی تحقیقات کررہی ہے ۔ ب
حمایت ساگر کے قریب نوجوان وک قتل کرکے نعش کو نذر آتش کردیا گیا
حیدرآباد : /22 فبروری (سیاست نیوز ) شہر کے مضافاتی علاقہ حمایت ساگر میں ایک نوجوان کے قتل کے بعد نعش کو جزوی طور پر نذر آتش کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق 27 سالہ محمد عامر ساکن شیخ پیٹ ٹولی چوکی ہفتہ کی شب اپنے مکان سے روانہ ہوا تھا اور اتوار کی صبح حمایت ساگر کے کنارے بعض مقامی افراد نے نوجوان کی نعش کو انتہائی زخمی حالت اور جھلسی حالت میں پائے جانے پر پولیس راجندر نگر کو اطلاع دی ۔ اس کی اطلاع پر انسپکٹر راجندر نگر پولیس ایم موتو یادو اپنی ٹیم کے ہمراہ وہاں پہنچ کر معائنہ کیا اور مقام واردات پر کلوز ٹیم کو طلب کرکے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ فارنسک ماہرین کی یہ رائے ہے کہ یہ واقعہ قتل کا نہیں بلکہ خودکشی کا بھی ہوسکتا ہے چونکہ مقتول کے جسم پر گہرے زخم نہیں ہے اور نہ مقام واردات پر کسی دوسرے شخص کی نقل و حرکت کا ثبوت ہے ۔ پولیس معاملہ کی ہر زاویہ سے تحقیقات کررہی ہے ۔ ب
تیز رفتار آٹو کی ٹکر سے ایک شخص ہلاک
حیدرآباد /22 فبروری (سیاست نیوز ) پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن حدود میں ایک زراعت پیشہ شخص ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اے یادیا ساکن سردار نگر پہاڑی شریف ہفتہ کی شب کام ختم کرکے اپنے مکان واپس لوٹ رہا تھا کہ مخالف سمت سے ایک تیز رفتار آٹو نے اسے ٹکر دیدی ۔ اس حادثہ میں یادیا شدید زخمی ہوگیا تھا اور برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس پہاڑی شریف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ب
غلط انجکشن دینے سے چھ ماہ کا کمسن بچہ فوت
حیدرآباد /22 فبروری (سیاست نیوز ) دواخانہ کی مبینہ لاپرواہی کے نتیجہ میں 6 ماہ کا کمسن بچہ غلط انجکشن دینے کے نتیجہ میں فوت ہوگیا ۔ یہ واقعہ ہفتہ کی شب پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بنڈلہ گوڑہ جاگیر سن سٹی میں واقع کیرے آن ہاسپٹل میں 6 ماہ کے کمسن رامو کو اس کے والدین مسلسل بخار کی شکایت پر دواخانہ لے گئے جہاں پر وہ ٹھیک ہوگیا تھا لیکن دوبارہ بخار پر اسے دوسری مرتبہ اسی دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا اس مرتبہ ڈاکٹروں نے کمسن کو انجکشن لگایا اور اندرون چند گھنٹے رامو فوت ہوگیا ۔ راجندر نگر پولیس نے بتایا کہ کمسن کی موت کا پتہ لگانے پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور نعش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد پولیس نتیجہ میں پہنچے گی ۔ دواخانہ کے خلاف لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ ب
جوبلی ہلز میں لگژری کار کا بریک فیل ہونے سے حادثہ ‘ ٹریفک متاثر
حیدرآباد : /22 فبروری (سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ جوبلی ہلز روڈ نمبر 45 پر ایک لگژری کار کابریک فیل ہونے سے خطرناک حادثہ پیش آیا۔ یہ حادثہ اداکار نندموری بالاکرشنا کی رہائش گاہ کے قریب پیش آیا۔ پولیس کے مطابق صبح 10.30 بجے ایک فراری کار نے برقی پول کو ٹکر ماردی اور پھر سڑک کے دوسرے رخ پر جاکر تین دیگر گاڑیوں سے ٹکرا گئی جس سے ان گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ فراری میں سوار افراد کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ کار کو بھی شدید نقصان پہونچا۔ اس حادثے پر علاقہ میں کچھ دیر ٹریفک متاثر ہوگئی۔ ٹریفک پولیس نے سوشل میڈیا پر الرٹ جاری کردیا اور مسافروں کو ٹریفک جام پر خبردار کیا۔ روڈ نمبر 45 سے کیبل برج کی طرف اور کیبل برج سے روڈ نمبر 45 کی طرف ٹریفک کا رخ موڑاگیا۔ یہ حادثہ سی سی ٹی وی میں قید ہوا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ۔ جوبلی ہلز پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ب
حالت نشہ میں گاڑیاں چلاتے ہوئے 243افراد پکڑے گئے
حیدرآباد، 22 فروری (یواین آئی) تلنگانہ کی سائبر آباد ٹریفک پولیس نے گذشتہ روزحالت نشہ میں گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف ایک خصوصی مہم چلائی جس کے دوران مجموعی طور پر 243 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ سائبر آباد ڈی سی پی ٹریفک (I) رنجن رتن کمار کے مطابق پکڑے گئے افراد میں 189 موٹر سائیکل سوار، 13 تری وہیلر ڈرائیور، 40 کار سوار اور ایک ہیوی وہیکل ڈرائیور شامل ہے ۔ طبی معائنہ کے دوران 207 افراد کے خون میں الکحل کی مقدار 36 سے 200 ملی گرام کے درمیان پائی گئی جبکہ 24 افراد میں یہ سطح 201 سے 300 ملی گرام اور 12 انتہائی نشہ میں دھت افراد میں 301 سے 550 ملی گرام تک ریکارڈ کی گئی۔ ڈی سی پی نے واضح کیا کہ ان تمام ملزمین کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس نے انتباہ دیا ہے کہ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانا ایک سنگین جرم ہے ۔ اگر کوئی شخص نشہ میں گاڑی چلاتے ہوئے کسی مہلک حادثہ کا سبب بنتا ہے تو اس کے خلاف بی این ایس کی دفعہ 105 (غیر ارادی قتل) کے تحت مقدمہ درج کیا جائیگا ۔