جرائم کی روک تھام کیلئے امیت شاہ کا جائزہ اجلاس

   

نئی دہلی : مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعرات کو یہاں ایک میٹنگ میں پولیس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ بیورو کے کام کاج کا جائزہ لیا اور بیورو سے کہا کہ وہ جیل حکام اور فارنسک ماہرین کے ساتھ مل کر جرائم کے طریقوں کا تجزیہ کرے ۔وزارت داخلہ نے آج یہاں بتایا کہ وزیر داخلہ نے بیورو کے چھ ڈویژنوں کے ساتھ ساتھ علاقائی دفاتر کی کامیابیوں، کام اور مستقبل کے روڈ میاپ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نئے فوجداری قوانین کے نفاذ میں بیورو کی کوششوں اور اقدامات کا بھی خصوصی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بیورو ہندوستانی پولیس فورسز کو ضروری فکری، جسمانی اور تنظیمی وسائل سے لیس کرکے پولیسنگ کے ساتھ ساتھ داخلی سلامتی کے چیلنجوں کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کے لیے ان کو اسمارٹ فورسز میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔
اجلاس میں گفتگو کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ بیورو کو جیل حکام اور فارنسک ماہرین کے ساتھ مل کر جرائم کے طریقون کا تجزیہ کرنا چاہیے تاکہ جرائم کی روک تھام میں مدد مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ بیورو کو زمینی سطح پر پولیسنگ میں درپیش مشکلات کی نشاندہی کرنی چاہیے اور ان کے حل کے لیے تحقیق کرنی چاہیے ۔امیت شاہ نے تحقیقی مطالعات اور منصوبوں میں بین الاقوامی شہرت یافتہ اداروں کے ساتھ تعاون سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پولیس فورس کو زیادہ سے زیادہ فوائد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس کے عوامی امیج کو بہتر بنانے کے لیے بیورو کے پروجیکٹس اور اسٹڈیز کے ساتھ ساتھ اشاعتوں اور ‘آؤٹ ریچ’ کا دائرہ کار عالمی سطح پر بڑھانے کی ہدایت دی۔مرکزی وزیر داخلہ نے پولیس فورسز کو جدید بنانے اور نئے فوجداری قوانین کی تربیت اور نفاذ کے ذریعے ، موجودہ پولیس اور جیل کے عمل اور طریقوں کو بہتر بنانے کے ذریعے نئے دور کے چیلنجوں سے نمٹنے میں بیورو کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے وزارت کو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے جوڑنے والی نوڈل ایجنسی کے طور پر بیورو کے کردار پر زور دیا۔