وزیر داخلہ محمود علی کا اعلیٰ سطحی اجلاس، قتل اور دیگر جرائم میں اضافہ پر اظہار تشویش، پولیس کو سخت کارروائی کی ہدایت
حیدرآباد /23 اگسٹ، ( سیاست نیوز) شہر میں جرائم کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کیلئے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ پرنسپل سکریٹری ہوم ڈاکٹر جتندر، ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار، اڈیشنل ڈی جی پی سی آئی ڈی مہیش بھاگوت ، اڈیشنل کمشنر وکرم سنگھ مان، جائنٹ کمشنر جی بھوپال، کمشنر پولیس سی وی آنند، کمشنر پولیس رچہ کنڈہ ڈی ایس چوہان، کمشنر پولیس سائبرآباد اسٹیفن رویندرا و پرانے شہر کے ڈپٹی کمشنرس ایس بھوپیش، کرن کھرے اور جہانگیر نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ پولیس کارکردگی اور جدید ٹکنالوجی کے استعمال کیلئے ملک بھر میں شہرت رکھتی ہے۔ حالیہ عرصہ میں شہر میں دن دھاڑے قتل اور دیگر جرائم واقعات کا رونما ہونا باعث تشویش ہے۔ وزیر داخلہ نے کمشنران پولیس سے ان کے علاقوں کی رپورٹ طلب کی۔ پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند نے کہا کہ شہر بالخصوص پرانے شہر کے بارکس، بنڈلہ گوڑہ، چندرائن گٹہ، پہاڑی شریف اور دیگر علاقوں میں قتل کے واقعات پیش آئے ہیں جس کی اہم وجہ اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ اراضی تنازعات میں قتل کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ پولیس جرائم پر قابو پانے متحرک ہے۔ کمشنر راچہ کنڈہ ڈی ایس چوہان نے بتایا کہ ان کے حدود میں جرائم میں کمی آئی ہے۔ روڈی شیٹرس پر نظر رکھی جارہی ہے اور پولیس اسٹیشن طلب کرکے پابند کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن جرائم کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ کمشنر سائبرآباد اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ سائبرآباد میں جاریہ سال تاحال قتل کا ایک بھی واقعہ پیش نہیں آیا۔ جرائم کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔ روڈی شیٹرس پر نظر رکھی جارہی ہے۔ سوشیل میڈیا پر بھی نگرانی ہے۔ اڈیشنل ڈی جی مہیش بھاگوت نے کہا کہ اراضی قیمتوں میں اضافہ سے لینڈ گرابنگ کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ انہوں نے لینڈ گرابنگ روکنے قانون سازی کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے روڈی شیٹرس کو شہر بدر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عہدیداروں کو کسی بھی واقعہ کی چارج شیٹ اندرون 90 دن داخل کرنا چاہیئے تاکہ سزا دلائی جاسکے۔ انہوں نے پولیس اسٹیشنوں میں روڈی شیٹرس کی تصاویر آویزاں کرنے، ایس او ٹی اور ٹاسک فورس کے ذریعہ روڈی شیٹرس پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا۔ ڈی جی پی انجنی کمار نے کہا کہ جرائم میں اضافہ تشویش کا باعث ہے تاہم حکومت نے حال میں پولیس کی تنظیم جدید کرکے نئے پولیس اسٹیشن کا اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا کے بیشتر سرورس ملک کے باہر ہیں لہذا کسی بھی مواد یا تقریر کو حذف کرنا مشکل ہے۔ وزیر داخلہ نے جرائم سے متاثرہ علاقوں میں سخت چوکسی کی ہدایت دی اور رات کے اوقات میں پٹرولنگ میں اضافہ کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ روڈی شیٹرس کے ٹھکانوں پر دھاوے کرکے کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ہوٹلوں، پان شاپس، شراب کی دکانوں، جِم اور دیگر کاروباری اداروں کی رات دیر گئے سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ نوجوانوں کو رات میں گھومنے سے روکیں ۔ پولیس چبوترا مہم سے ان سرگرمیوں پر نظر رکھے گی۔ انہوں نے قبرستانوں، ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹیشنوں پر نشہ آور اشیاء کی فروخت پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غیر سماجی عناصر سے سختی سے نمٹے گی اور ضرورت پر پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائیگی۔ تلنگانہ کی پرامن فضاء کی برقراری کیلئے حکومت سے عوام کو تعاون کرنا چاہیئے۔