برلن: سرکاری وکلاء کا کہنا ہے کہ عسکریت پسند تنظیم حماس کے تین ارکان کو برلن اور ایک کو نیدرلینڈز سے حراست میں لیا گیا ہے۔ انہیں یورپ میں یہودی اداروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔وفاقی جرمن پبلک پراسیکیوٹرز نے جمعرات کو بتایا کہ عسکریت پسند تنظیم حماس کے چار اراکین کو برلن اور نیدرلینڈز سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔استغاثہ کا کہنا تھا کہ انہیں یورپ میں یہودی اداروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کے شبہے اور بالخصوص برلن میں ہتھیاروں کو تلاش اور ذخیرہ کرنے کی کوششوں کے متعلق پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔ان افراد کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ حماس کے معروف رکن ہیں اور ان کا تنظیم کی فوجی شاخ سے گہرا تعلق ہے۔ ان میں سے ایک کے پاس ڈچ شہریت ہے، دو لبنان میں پیدا ہوئے تھے جب کہ ایک دیگر مصری شہری ہے۔وفاقی جرمن وزیر انصاف مارکو بش مین نے ان گرفتاریوں کے بعد کہا کہ اسرائیلی آبادی پر خوفنا ک حملوں کے بعد ہمارے ملک میں حالیہ ہفتوں میں یہودی اداروں میں یہودیوں پر حملوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ لہٰذا ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہرممکن کوشش کرنی چاہئے کہ ہمارے ملک میں اب یہودیوں کو اپنی حفاظت کے حوالے سے خوفزدہ نہ ہونا پڑے۔