برلن: (ایجنسیاں)جرمن حکومت نے بذریعہ ہوائی جہاز جرمنی پہنچنے والے تمام مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ اب تک صرف ریڈ زون سے آنے والے مسافروں کو جرمنی میں ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا پڑتی تھی۔کورونا کی تیسری لہر کے خطرات سے دوچار وسطی یورپی ملک جرمنی نے یہاں آنے والے تمام مسافروں کے لیے بلا تخصیص کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔ ان ضوابط پر آئندہ اتوار یعنی 28 مارچ سے ہی عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔اب تک کورونا وبا سے بہت زیادہ متاثرہ علاقوں اور کورونا بحران کا گڑھ سمجھے جانے والے‘ریڈ زون‘ سے سفر کر کے جرمنی آنے والے مسافروں کو کووڈ انیس منفی ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا پڑتی تھی۔ تاہم اب ہر شخص جو بذریعہ ہوائی جہاز جرمنی پہنچے گا اْسے کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہو گی۔کورونا ٹیسٹ کو جرمنی آنے والے مسافروں کے لیے ایک ایسے وقت میں لازمی قرار دیا گیا ہے، جب جرمنی کو کورونا وبا کی تیسری لہر کا سامنا ہے۔
