برلن۔ جرمنی سے ایک بار پھر درجنوں پاکستانی تارکین وطن کو اجتماعی طور پر ملک بدر کر دیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کی وبا کے باوجود میونخ سے 33 پاکستانی شہریوں کو لے کر جانے والی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے چہارشنبہ 19 اگست کے روز بتایا کہ جرمنی سے 33 پاکستانی شہریوں کو لے کر جانے والا طیارہ اسلام آباد میں اتر گیا ہے۔ ان پاکستانیوں کی وطن واپسی کی پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے بھی تصدیق کر دی ہے۔یہ طیارہ جنوبی جرمن صوبے باویریا کے دارالحکومت میونخ سے کل منگل کو اپنے سفر پر روانہ ہوا تھا اور آج بدھ کو صبح سویرے یہ پرواز پاکستانی دارالحکومت کے ہوائی اڈے پر لینڈ کر گئی۔