نئی دہلی۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مغربی ریلوے کی ایک خاتون عہدیدار کو معطل کردیا گیا جس نے کورونا وائرس سے متاثر اپنے بیٹے کو ریلوے گیسٹ ہائوز میں ٹھہرایا تھا۔ اس کا لڑکا جرمنی سے واپس پہنچا تھا۔ وہ کورونا وائرس سے متاثر تھا اور اس کا معائنہ مشتبہ پایا گیا تھا۔ لیکن یہ خاتون عہدیدار اپنے بیٹے کی جرمنی سے واپسی سے نہ صرف حکام کو واقف کروانے میں ناکام ہوگئی تھی بلکہ دوسروں کی زندگیوں کو خطرہ میں ڈالتے ہوئے اس بیٹے کو بنگلورو اسٹیشن کے قریب ریلوے گیسٹ ہائوز میں ٹھہرایا تھا۔ ریلوے کی خاتون ترجمان ای وجیا نے یہ اطلاع دی۔ ریلوے کی ترجمان نے کہا کہ 25 سالہ فرد جرمنی سے براہ اسپین پہونچا تھا۔ کیمھے گورا انٹرنیشنل ایرپورٹ پر 13 مارچ کو اترنے کے بعد گھر پر الگ تھلگ رہنے کے لیے کہا گیا تھا بعدازاں اس کا کوویڈ۔19 معائنہ مثبت پایا گیا تھا۔