جرمنی میں انتخابی مہم آخری مرحلہ میں

   

برلن : جرمنی میں وفاقی پارلیمانی انتخابات کے لیے انتخابی مہم اپنے آخری مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے۔ جرمنی میں عام انتخابات اتوار 26 ستمبر کو ہونے ہیں۔ گزشتہ شب ٹی وی پر نشر کیے گئے جرمن سیاسی جماعتوں کے سربراہان کے آخری مباحثے میں مختلف جماعتوں کے درمیان ممکنہ سیاسی اتحاد کے معاملے پر بات ہوئی۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ اولاف شولس نے اپنے سیاسی منشور کے تحت بائیں بازو کی جماعت سے فاصلہ اختیار کیا۔ تاہم ڈی لنکے پارٹی کی مشترکہ چیئرپرسن جانین وِسلر نے گرین پارٹی اور سوشل ڈیموکریٹس کے ساتھ مختلف امور پر مذاکرات کی حمایت کی۔ کرسچن ڈیموکریٹ یونین کے چانسلر امیدوار آرمین لاشیٹ اور ان کی اتحادی پارٹی سی ایس یو کے رہنما مارکس سؤڈر نے عوام کو بائیں بازو کے سیاسی اتحاد سے خبردار کیا۔
ایف ڈی پی کے رہنما کرسٹیان لنڈنر اور گرین پارٹی کی چانسلر امیدوار انیلینا بیئربوک نے تاہم انتخابی نتائج سے قبل کسی ممکنہ اتحاد کے بارے میں رائے دینے سے احتراز کیا۔